• Fri, 20 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

عالمی کہانیوں کا اردو ترجمہ: خوش نصیب رِیا کار

Updated: November 20, 2026, 3:55 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

برطانیہ کے معروف مصنف میکس بیئربوم کی شہرہ آفاق کہانی ’’دی ہیپی ہیپوکریٹ‘‘ The Happy Hypocrite کا اردو ترجمہ۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

کہتے ہیں کہ شہزادہ ریجنٹ کی محفلوں میں شریک ہونے والوں میں لارڈ جارج ہیل سے بڑھ کر برا شخص کوئی نہ تھا۔ وہ لالچی، بد زبان، خودغرض اور دوسروں کو نقصان پہنچانے والا شخص تھا۔ اس کی عمر پینتیس برس ہو چکی تھی مگر اس کی عادتیں کسی بگڑے ہوئے نوجوان جیسی تھیں۔ وہ کارلٹن ہاؤس میں رات گئے تک کھیل تماشوں میں مصروف رہتا، ضرورت سے زیادہ کھاتا پیتا اور لباس پر بے دریغ پیسے خرچ کرتا۔ عام لوگ اتوار کو جس شان سے تیار ہوتے، جارج ہفتے کے عام دنوں میں بھی اس سے کہیں زیادہ اہتمام کرتا۔ اسے اپنی بدنامی پر شرمندگی نہیں بلکہ فخر تھا۔ وہ اپنی برائیوں کو چھپانے کی زحمت بھی گوارا نہیں کرتا تھا۔ بعض گھرانوں میں اس کا نام بچوں کو ڈرانے کیلئے لیا جاتا۔ جب وہ پکاڈلی کی سڑک پر نکلتا تو شریف لوگ سڑک پار کر کے دوسری طرف چلے جاتے۔ وہ ان کی ناگواری کو خاطر میں نہ لاتا۔ لندن اس کی دنیا تھی؛ اسے دیہات، پھولوں اور فطرت سے کوئی دلچسپی نہ تھی۔ وہ فخر سے کہتا کہ بیس برس سے اس نے کوئی جنگلی پھول نہیں دیکھا۔ اس نے سترہ برس کی عمر میں تاش کے ایک کھیل میں سر فولارڈ فولارڈ کی خاندانی جاگیر، فولارڈ چیز، جیت لی تھی۔

شکست خوردہ مالک کو اس نے جاگیر واپس لینے کا موقع بھی نہ دیا، البتہ اسے وہاں کے دربان کے گھر میں رہنے کی اجازت دے دی۔ جارج کبھی اس جاگیر میں نہیں گیا۔ وقت کے ساتھ اس کے دروازوں پر زنگ چڑھ گیا، باغات جھاڑیوں سے بھر گئے اور تالاب میں گری سنگ مرمر کی مورتی پانی کے پودوں کے نیچے چھپ گئی۔ جارج کو اس بربادی کی کوئی پروا نہ تھی۔ وہ جوا کھیلتے ہوئے دھوکا دینے کیلئے بھی مشہور تھا اور کئی مرتبہ ان لوگوں سے رقم جیتتا جو پہلےہی کنگال ہوتے۔ شام کو وہ گاربل کے تفریحی مقام پر جاتا، جہاں ناچ گانا اور تماشہ ہوتا تھا۔ اس کی محبوبہ لا گامبوگی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: عالمی کہانیوں کا اردو ترجمہ: ننھی گَوَرنَس

ایک رات مئی کے مہینے میں وہاں ایک بونا فنکار پہلی بار اپنے کرتب دکھانے آیا۔ اس نے تیر اندازی کا ایسا مظاہرہ کیا کہ حاضرین دنگ رہ گئے۔ اس نے موم کے انسانی مجسمہ کے دل کے مقام پر تیر مار کر اپنی مہارت ثابت کر دی۔ جارج نے اسے موٹی رقم دی۔ 

اسی دوران ایک نیا ڈراما شروع ہوا جس میں جینی نامی نوجوان اداکارہ نے ایک قیدی شہزادی کا کردار ادا کیا۔ اس کے چہرے پر خوف، آنکھوں میں بے بسی اور انداز میں ایسی معصومیت تھی کہ جارج اس پر نظریں جمائے بیٹھا رہ گیا۔ اچانک اسے یوں محسوس ہوا جیسے کسی نے اس کے دل میں تیر اُتار دیا ہو۔ 

ڈراما ختم ہوتے ہی وہ جینی سے ملنے پہنچا۔ اس نے اسے شادی کی پیشکش کی۔ جینی نے صاف انکار کر دیا،’’مَیں کسی ایسے شخص کی بیوی نہیں بن سکتی جس کا چہرہ پاکیزہ نہ ہو۔ چہرہ انسان کے باطن کا آئینہ ہوتا ہے۔ آپ کی آنکھوں میں میرے لئے محبت ہو سکتی ہے مگر آپ کا چہرہ دنیا کی خودغرضی اور برائیوں سے داغ دار آئینے کی طرح ہے۔ میں اپنی محبت صرف اس شخص کو دے سکتی ہوں جس کے چہرے میں کسی ولی جیسی پاکیزگی ہو۔‘‘ 

جارج کیلئے یہ انکار ناقابل برداشت تھا۔ وہ رات بھر لندن کی سڑکوں پر بھٹکتا رہا۔ کبھی اس کے دل میں خودکشی کا خیال آتا، کبھی وہ جینی کو حاصل کرنے کی کوئی تدبیر سوچتا۔

صبح ہوتے ہوتے وہ کینسنگٹن کے ایک چھوٹے سے جنگل میں جا پہنچا۔ شبنم سے تر گھاس، درختوں پر چہچہاتے پرندے اور تازہ ہوا اس کیلئے بالکل نئی دنیا تھے۔ اسے پہلی بار احساس ہوا کہ شہر کی مصنوعی زندگی سے باہر بھی حسن ہے۔ اس نے جنگلی پھولوں کا ایک گلدستہ بنایا اور لندن واپس آ گیا۔ اس کا ارادہ تھا کہ وہ اپنی صورت بدل کر جینی کے سامنے جائے۔ اولڈ بانڈ اسٹریٹ میں ایک مشہور نقاب ساز، مسٹر اینیاس، کی دکان تھی۔ وہاں بادشاہوں، امرا اور مشہور لوگوں کیلئے مختلف نقاب بنتے تھے۔ جارج دکان میں داخل ہوا اور کہا، ’’مجھے کسی ولی کا نقاب چاہئے، ایسا چہرہ جس میں سچی محبت کی جھلک ہو۔‘‘

نقاب ساز نے اسے ایک مومی نقاب دکھایا جو ایک شخص نے اپنی شادی کی سالگرہ پر پہننے کیلئے بنوایا تھا۔ اس کا چہرہ خوبصورت اور پُرسکون تھا، لیکن جارج کو اس میں محبت کی شدت کم محسوس ہوئی۔ اس نے درخواست کی کہ بھنوؤں اور ہونٹوں کے انداز میں ایسی تبدیلی کی جائے جس سے چہرہ محبت اور خلوص کا آئینہ بن جائے۔ نقاب ساز نے چند لمحوں میں اس کی خواہش پوری کر دی۔ جارج نے نقاب پہن لیا۔ موم اس کے چہرے پر اس طرح چپکایا گیا کہ کنارے گردن اور کانوں کے ساتھ چھپ گئے۔ آئینے میں اسے ایک بالکل نیا چہرہ دکھائی دیا جو نرم، پاکیزہ اور محبت سے بھرپور تھا۔ اس نے خود کو دیکھ کر محسوس کیا کہ گویا اس کی پرانی زندگی خواب تھی اور وہ واقعی ایک نیا انسان بن چکا ہے۔ اس نے نقاب ساز کو پچاس گنی ادا کئے اور دکان سے نکل آیا۔ دروازے کے باہر لا گامبوگی اس کی منتظر تھی۔ اس نے اسے پہچان لیا اور حیرت سے اس کا نام پکارا، مگر جارج نے اجنبی بن کر جواب دیا کہ وہ اسے جانتا ہی نہیں ہے۔ لا گامبوگی کی آنکھوں میں غصہ اتر آیا۔ اس نے جارج کی جاسوسی کرنے کا فیصلہ کیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: اسپیم فولڈر کی آپ بیتی

جارج اب جینی سے ملنے کیلئے بے تاب تھا۔ اس نے سوچا کہ نقاب اسے اس کی محبت دلانے کا ذریعہ بنے گا، لیکن جلد ہی جنگل کے ایک چشمے میں اپنا عکس دیکھ کر اسے شرمندگی ہوئی۔ کیا وہ جینی کو دھوکا دے رہا تھا؟ اس نقاب کے نیچے اس کا وہی پرانا چہرہ تھا جسے دیکھ کر جینی نے اسے رد کر دیا تھا۔ پھر اس نے خود کو سمجھایا کہ اس کا دل بدل چکا ہے؛ وہ واقعی توبہ کر چکا ہے، اور یہ نقاب اس کی نئی زندگی کی علامت ہے۔ اسی لمحے چشمے کے دوسری طرف جینی نمودار ہوئی۔ وہ بھی جنگل میں تنہائی سے بچنےآتی تھی۔ دونوں کی نگاہیں ملیں تو جینی شرما کر سر جھکا گئی۔ گویا محبت کے دیوتا نے ایک بار پھر اپنا تیر چلایا ہو۔ جینی نے اس کے پاکیزہ چہرے کو دیکھ کر کہا، ’’مَیں جانتی تھی کہ ایک دن مجھے ایسا شخص ضرور ملے گا جو تم جیسا نیک ہو۔‘‘ جارج اس کے سامنے بیٹھ گیا۔ اس نے جینی کو وہ گلدستہ دیا جو اس نے صبح چنا تھا۔

جینی نے حیرت سے پوچھا کہ جب اس نے اسے پہلے کبھی دیکھا ہی نہیں تھا تو یہ پھول اس کیلئے کیسے توڑے؟ جارج نے جواب دیا کہ وہ اسے دیکھنے سے پہلے ہی اس کے انتظار میں تھا۔ جینی نے مسکرا کر کہا کہ وہ بھی اسی طرح کسی ایسے شخص کی منتظر تھی۔ دونوں جنگل میں چلتے رہے۔ جینی نے اسے پھولوں کے نام، پرندوں کی آوازیں اور درختوں کی خوبصورتی کے بارے میں بتایا۔ جارج ان چیزوں سے ناواقف تھا، مگر اس نے سیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔ جینی نے بتایا کہ وہ غریب ہے اور روزی روٹی کیلئے تھیٹر میں ناچتی ہے حالانکہ اسے یہ کام پسند نہیں۔ جارج نے وعدہ کیا کہ وہ اسے اس زندگی سے آزاد کرا دے گا۔ راستے میں انہیں ایک بوڑھے لکڑہارے کی چھوٹی سی جھوپڑی دکھائی دی۔ جینی کو وہ جگہ بہت پسند آئی۔ جارج نے لکڑہارے سے اس کا گھر دو سو گنی میں خرید لیا تاکہ وہ دونوں وہاں سکون سے رہ سکیں۔ جینی نے پوچھا کہ کیا وہ واقعی اتنا امیر ہے اور کیا اس نے گھر کیلئے ضرورت سے زیادہ رقم نہیں دی؟ جارج نے پوچھا، ’’اگر میں بالکل غریب ہوتا تو کیا تم پھر بھی مجھ سے محبت کرتیں؟‘‘ جینی نے جواب دیا کہ جب اس نے اسے پہلی بار دیکھا تھا تو اسے اس کی دولت کا علم نہیں تھا۔ یہ سن کر جارج نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنی ناجائز دولت واپس کرے گا، ان لوگوں کو رقم لوٹائے گا جنہیں اس نے جوئے میں دھوکا دیا تھا، اور فولارڈ چیز بھی سر فولارڈ کو واپس کر دے گا۔ وہ اپنی پرانی زندگی سے مکمل طور پر ناتا توڑنا چاہتا تھا۔ اس نے جینی کو بتایا کہ وہ اب سادہ زندگی گزاریں گے۔ راستے میں ایک مٹھائی کی دکان پر جینی نے بریڈ کھانے کی خواہش ظاہر کی۔ جارج نے بھی برسوں بعد بریڈ کھایا اور اسے اس معمولی خوشی میں ایسی لذت محسوس ہوئی جو اس کی پُرتعیش زندگی میں کبھی نہ ملی تھی۔ 

اسی روز دونوں نے شادی کر لی۔ جارج نے نکاح کے کاغذات پر اپنا نام ’جارج ہیون‘ لکھا، کیونکہ اسے محسوس ہوا کہ جارج ہیل کی پرانی زندگی ختم ہو چکی ہے۔ وہ جینی کو حقیقت بتانے سے ڈرتا تھا، لیکن اس کا ارادہ تھا کہ وہ آئندہ اپنی زندگی نیکی اور محبت کیلئے وقف کر دے گا۔ ان کی ازدواجی زندگی نہایت خوشگوار تھی۔ وہ چھوٹی سی جھوپڑی میں رہتے، باغ میں پھول اگاتے، صبح شام روٹی شہد کھاتے۔ جارج اب اعتدال پسند بن چکا تھا۔ کبھی وہ بانسری بجاتا اور کبھی جینی کے ساتھ چاندنی میں بیٹھ کر پرندوں کی آوازیں سنتا۔ مومی نقاب کبھی کبھی اسے بوجھ محسوس ہوتا مگر رفتہ رفتہ وہ اس کا عادی ہو گیا۔ اسے لگنے لگا کہ اس کے چہرے پر موجود پاکیزگی اس کے دل کی سچی محبت کی ترجمان بن چکی ہے۔

ایک دن دونوں نے اپنی شادی کی ماہانہ سالگرہ منانے کیلئے بارہ بریڈ خریدے۔ جینی نے انہیں میز پر ایک مینار کی شکل میں سجایا، مگر ہنستے ہوئے میز سے ٹکرا گئی اور سارے بریڈ گھاس پر بکھر گئے۔ وہ ہنستی ہوئی انہیں سمیٹنے لگی، پھر جارج سے بولی، ’’تم میری اس حرکت پر مسکراتے کیوں نہیں؟ تمہارا سنجیدہ چہرہ مجھے ڈراتا ہے۔ ذرا مسکرا دو۔‘‘ 

مومی چہرہ اسے مسکرانے سے باز رکھتا تھا۔ اس نے جینی کوسمجھانے کی کوشش کی کہ وہ دل سے خوش ہے، مگر مومی نقاب کا چہرہ اپنی جگہ ساکت رہا۔ اسی وقت جینی کی نگاہ باغ کے دروازے پر پڑی۔ وہاں لا گامبوگی کھڑی تھی، ہاتھ میں گلابی چھتری لئے اور چہرے پر زہریلی مسکراہٹ سجائے۔ لا گامبوگی نے جارج کو پہچان لیا تھا۔ اس نے جینی سے کہا کہ اس کے شوہر کا چہرہ بھی نقاب ہے اور اس کا اپنا چہرہ بھی ایک نقاب۔ جارج نے اسے باغ سے نکل جانے کا حکم دیا مگر وہ ٹس سے مس نہ ہوئی۔ اس نے مطالبہ کیا کہ جارج ایک لمحے کیلئے اپنا نقاب اتار دے تاکہ وہ اس کا اصل چہرہ دیکھ سکے۔ جارج نے انکار کیا تو وہ غصے سے اس پر جھپٹی اور اس کے مومی گالوں کو نوچنے لگی۔ جینی خوف سے چیخ اٹھی اور اپنے شوہر کو بچانے کیلئے آگے بڑھی۔ دونوں عورتوں کی کشمکش کے دوران ایک زور دار آواز سنائی دی، جیسے بوتل کا ڈھکن کھل گیا ہو۔ لا گامبوگی کے ہاتھ میں مومی نقاب آ گیا۔ جارج کا چہرہ بے نقاب ہو چکا تھا۔ لا گامبوگی نے اس کی طرف دیکھا تو اس کے چہرے کا رنگ اُڑ گیا۔

وہ چہرہ اب جارج ہیل کا پرانا، بدکردار چہرہ نہیں تھا۔ اس کے خدوخال بالکل اسی پاکیزہ صورت کے مطابق تھے جو مومی نقاب پر تھے۔ جارج خود بھی حیران تھا۔ اس کی توبہ، محبت اور نئی زندگی نے اس کے باطن کو اس قدر بدل دیا تھا کہ نقاب کے ہٹتے ہی اس کا اصل چہرہ بھی ویسا ہی دکھائی دینے لگا۔ جارج نے لا گامبوگی سے کہا کہ’’ دیوتاؤں نے میری توبہ قبول کرلی ہے، اور اس حرکت کیلئے مَیں تمہیں معاف کرتا ہوں۔‘‘ پھر اس نے جینی سے نظریں چراتے ہوئے کہا، ’’مَیں تمہیں دھوکا دینے کا مجرم ہوں، مجھے جو چاہے سزا دو۔‘‘ مگر جینی نے اس کے ہاتھ تھام کر کہا، ’’تم نے نقاب کیوں پہنا تھا؟ اور تم یہ کیوں سمجھتے ہو کہ تمہارا اپنا چہرہ دیکھ کر میں تم سے کم محبت کروں گی؟ تمہارا اصل چہرہ تو اس نقاب سے بھی زیادہ خوبصورت ہے۔ مَیںتم سے ناراض نہیں ہوں۔‘‘ جارج نے اس کی آنکھوں میں دیکھا جن میں اسے اپنے نئے چہرے کا عکس دکھائی دیا۔ خوشی اور حیرت سے اس کا دل بھر آیا۔ باغ میں اب کوئی نقاب باقی نہیں تھا؛ دھوپ نے مومی نقاب کو پگھلا دیا تھا۔

یوں جارج ہیل، جو کبھی اپنی برائیوں پر فخر کرتا تھا، محبت اور توبہ کے ذریعے ایک نیا انسان بن گیا۔ اس نے اپنی زندگی میں پہلی بار جانا کہ کبھی کبھی انسان کسی اچھے چہرے کا نقاب پہن کر نیکی کی ابتدا کرتا ہے، اور پھر سچی محبت اسے اس قابل بنا دیتی ہے کہ وہ نقاب کے بغیر بھی ویسا ہی بن جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK