Inquilab Logo Happiest Places to Work

مختصرکہانی: کلاکار اور شیر

Updated: June 06, 2026, 1:14 PM IST | Atiq Siddiqui | Mumbai

شیر گھوم کر چپ چاپ کھڑا ہوگیا۔ کلاکار کبھی شیر کی طرف دیکھتا، کبھی تصویر بناتا۔ ایک دفعہ وہ نظر بچا کر چپکے چپکے سَر پر پاؤں رکھ کر بھاگ گیا۔ کافی دیر گزر گئی تو شیر سے نہیں رہا گیا اور اُس نے چپکے سے تصویر کی طرف دیکھا۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

ایک کلاکار جنگل میں کھڑا تصویریں بنا رہا تھا۔ اتنے میں ایک جھاڑی سے شیر نکل آیا اور اس کے سامنے آکر غرانے لگا۔ مصور کا ڈر کے مارے بُرا حال ہوگیا کچھ نہ سوجھا۔ اس نے شیر کی بہت منت سماجت کی، مگر شیر نہ مانا، وہ یہی کہتا رہا ’’مَیں مجبور ہوں مَیں تم کو کھا کر ہی رہوں گا۔ مجھے اس وقت زور کی بھوک لگی ہے۔ ‘‘
آخر کلاکار کو ایک ترکیب سوجھی۔ اُس نے گڑگڑا کر کہا ’’اے جنگل کے بادشاہ! سارے جنگل کے جانور تیری رعایا ہیں۔ اگر تُو مجھے کھانا ہی چاہتا ہے تو کھا جا۔ مگر مَیں چاہتا ہوں کہ مرنے سے پہلے مَیں تیری تصویر بنا دوں، خواہ وہ میری زندگی کی آخری ہی تصویر ہو۔ اگر تجھے پسند آجائے تو میری جان بخشی کر دینا۔ اس طرح تیری رعایا تیری تصویر ہی دیکھ کر دل بہلا لیا کریگی، ورنہ تجھے تو حکومت کے کاموں سے ہی اتنی فرصت نہیں ملتی کہ رعایا تیری زیارت کرسکے۔ ‘‘
شیر جو کلاکار کی تصویر کو بڑے غور سے پسندیدہ نگاہوں سے دیکھ رہا تھا، اپنی تعریف سن کر خوشی سے پھول گیا۔ اُسے بھی اپنی تصویر بنوانے کا شوق ہوا۔ اس نے کہا ’’اچھا بناؤ.... اگر تصویر پسند آئی تو تمہاری جان بخش دی جائیگی۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: مختصر کہانی: شرط

کلاکار نے تصویر بنانا شروع کی، تھوڑی دیر میں شیر کا منہ اور سامنے کا حصہ تیار ہوگیا جسے دیکھ کر شیر بہت خوش ہوا۔ پھر کلاکار نے کہا ’’اب ذرا میری طرف پیٹھ کرکے کھڑے ہوجائیے تاکہ مَیں تصویر کا پچھلا حصہ مکمل کرسکوں۔ مگر آپ گھوم کر نہ دیکھئے گا، نہ ہلئے گا، ورنہ تصویر بگڑ جائیگی۔ ‘‘
شیر گھوم کر چپ چاپ کھڑا ہوگیا۔ کلاکار کبھی شیر کی طرف دیکھتا، کبھی تصویر بناتا۔ ایک دفعہ وہ نظر بچا کر چپکے چپکے سَر پر پاؤں رکھ کر بھاگ گیا۔ کافی دیر گزر گئی تو شیر سے نہیں رہا گیا اور اُس نے چپکے سے تصویر کی طرف دیکھا.... مصور غائب تھا۔ شیر نے گھوم کر دیکھا تو کلاکار بہت آگے نکل چکا تھا۔ شیر نے آواز دی: ’’اب تم جا رہے ہو تو اپنے رنگ اور برش وغیرہ تو لیتے جاؤ۔ ‘‘
کلاکار نے بھاگتے ہوئے جواب دیا ’’وہ مَیں آپ کیلئے چھوڑے جا رہا ہوں، تاکہ آپ باقی تصویر کسی دوسرے کلاکار سے بنوا لیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK