• Fri, 27 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسٹیفن کووی امریکی ماہر تعلیم، مصنف، تاجر اور ترغیبی مقرر تھے

Updated: February 27, 2026, 11:34 AM IST | Mumbai

Stephen Covey کی زندگی اس بات کا عملی نمونہ تھی کہ اصولی قیادت، مثبت سوچ اور مسلسل خود احتسابی انسان کو کامیاب اورباوقار بناتی ہے۔

Stephen Covey gave lectures in various countries around the world. Photo: X
اسٹیفن کووی دنیا کے مختلف ممالک میں لیکچرز دیئے۔ تصویر: ایکس

اسٹیفن کووی بیسویں صدی کے ممتاز امریکی مصنف، ماہرِ تعلیم، کاروباری مشیر اور قیادت و ذاتی ترقی کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ مفکر تھے۔ وہ خصوصاً اپنی شہرۂ آفاق کتاب ’’The 7 Habits of Highly Effective People‘‘کے باعث دنیا بھر میں معروف ہوئے، جس نے قیادت، نظم و نسق اور شخصیت سازی کے میدان میں ایک فکری انقلاب برپا کیا۔ ان کی تحریروں اور تربیتی پروگراموں نے لاکھوں افراد، اداروں اور حکومتوں کو مؤثر قیادت اور اصولی زندگی کی طرف متوجہ کیا۔

یہ بھی پڑھئے: ڈاکٹر بیبھا چودھری ماہر طبیعیات اور کائناتی شعاعوں کی محقق تھیں

اسٹیفن کووی۲۴؍ اکتوبر۱۹۳۲ء کو امریکی ریاست یوٹاہ کے شہر سالٹ لیک سٹی میں پیدا ہوئے تھے۔ بچپن ہی سے وہ مطالعہ اور علمی سرگرمیوں کے شوقین تھے۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیم برگھم ینگ یونیورسٹی سے حاصل کی، جہاں سے انہوں نے بزنس ایڈمنسٹریشن میں بیچلر کی ڈگری لی۔ بعد ازاں انہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی سے ایم بی اے کیا اور پھر برگھم ینگ یونیورسٹی ہی سے مذہبی تعلیم میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ ان کی تعلیم نے ان کی فکر میں مذہبی و اخلاقی اقدار اور عملی زندگی کے تقاضوں کو یکجا کر دیا جو بعد میں ان کی تحریروں کا مرکزی موضوع بنا۔اپنے کریئر کے آغاز میں کووی نے تدریس کا پیشہ اختیار کیا اور برگھم ینگ یونیورسٹی میں پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ وہ قیادت اور تنظیمی رویّوں پر تحقیق کرتے رہے۔ ۱۹۸۰ءکی دہائی میں انہوں نے قیادت اور تربیت کے میدان میں عملی کام کا آغاز کیا اور ایک تربیتی ادارہ قائم کیا جو بعد میں فرینکلن کووی کے نام سے عالمی شہرت اختیار کر گیا۔ یہ ادارہ آج بھی دنیا بھر میں قیادت، ٹائم مینجمنٹ اور تنظیمی ترقی کے حوالے سے تربیتی خدمات فراہم کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ولیم جے مرتاگ: تاریخی عمارتوں اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے علمبردار

۱۹۸۹ءمیں شائع ہونے والی ان کی کتاب’’The 7 Habits of Highly Effective People ‘‘ نے انہیں عالمی شہرت دی۔ اس کتاب میں انہوں نے مؤثر اور بااصول زندگی کے سات بنیادی اصول بیان کئے، جن میں’پیش قدمی اختیار کرنا،انجام کو ذہن میں رکھ کر آغاز کرنا،اہم کام پہلے کرنا،دو طرفہ فائدے کی سوچ،پہلے سمجھنا پھر سمجھانا،اشتراک و تعاون سے کام لینا اورمسلسل خود احتسابی و تجدید‘ شامل ہیں۔ یہ کتاب دنیا کی درجنوں زبانوں میں ترجمہ ہوئی اور کروڑوں کی تعداد میں فروخت ہوئی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ’’فرسٹ تھنگز فرسٹ‘‘ اور’’ دی ایٹ ہیبٹ‘‘ جیسی اہم تصانیف بھی تحریر کیں جن میں انہوں نے قیادت کو محض مہارت نہیں بلکہ اصولوں پر مبنی کردار سازی قرار دیا۔عالمی سطح پر کووی کو بے شمار اعزازات ملے۔ ان کی کتابیں کاروباری اداروں، تعلیمی اداروں اور حکومتی تنظیموں میں بطور نصاب اور تربیتی مواد استعمال ہوئیں۔ انہوں نے دنیا کے مختلف ممالک میں لیکچرز دیئے اور بین الاقوامی کانفرنسوں میں شرکت کی۔ ان کی فکر نے کارپوریٹ کلچر، لیڈرشپ ٹریننگ اور سیلف ہیلپ انڈسٹری پر گہرا اثر ڈالا۔اسٹیفن کووی کا انتقال۱۶؍جولائی۲۰۱۲ءکو ہوا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK