مصنوعی ذہانت (اے آئی ) ٹیکنالوجی کے متعلق ماہرین اور عالمی لیڈران کی پیش گوئیاں اس کے امکانات اور خطرات دونوں پر روشنی ڈالتی ہیں۔ ایک طرف یہ ٹیکنالوجی ہماری زندگی کو آسان، مؤثر اور ذہین بنا سکتی ہے، وہیں یہ غیرمحفوظ طریقے سے ترقی پائے تو انسانی مستقبل کیلئے خطرہ بن سکتی ہے۔ اس لئےاے آئی کو ریگولیٹ کرنا، اس کا اخلاقی استعمال یقینی بنانا اور عالمی سطح پر نگرانی برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہاں مصنوعی ذہانت کے متعلق ۷؍معروف عالمی عہدیداروں اور ٹیکنالوجی ماہرین کی پیش گوئیاں اور بیانات درج ہیں جو اس ٹیکنالوجی کے مستقبل، فوائد اور خطرات کو اجاگر کرتے ہیں: تمام تصاویر: آئی این این / یوٹیوب
ایلون مسک (Elon Musk): ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک نے پیش گوئی کی ہے کہ اے آئی انسانیت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہو سکتا ہے۔ اگر اسے صحیح طور پر ریگولیٹ نہ کیا گیا تو یہ انسانی تہذیب کو تباہ کر سکتا ہے۔ ایلون مسک اے آئی کے تیز رفتار پھیلاؤ پر کئی بار خبردار کر چکے ہیں۔ ایلون مسک اوپن اے آئی جیسے ادارے کے قیام میں بھی شامل تھے۔
سندر پچائی (Sundar Pichai): مشہورٹیکنالوجی کمپنی’’ گوگل‘‘ کے سی ای او سندر پچائی نے کہا کہ اے آئی انسانیت کی سب سے بنیادی ایجادات میں سے ایک ہے، بجلی یا آگ سے بھی زیادہ اہم۔ سندر پچائی کے مطابق اے آئی کا اثر صحت، تعلیم اور ماحولیاتی تحفظ جیسے شعبوں میں بہت مثبت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اپنی بیشتر تقاریر میں اے آئی کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی ہے۔
بل گیٹس (Bill Gates): مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے کہا کہ میں ان لوگوں کے ساتھ ہوں جواے آئی سے متعلق فکرمند ہیں۔ اگر ہم محتاط نہ ہوئے تو اے آئی انسانوں کیلئے ایک خطرہ بن سکتا ہے۔ بل گیٹس کا ماننا ہے کہ اے آئی ہماری زندگیوں کو بہتر بنانے کی زبردست صلاحیت رکھتا ہے لیکن اس کیلئے ہمیں معاشرتی و اقتصادی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ڈیمس ہسابیس (Demis Hassabis):’’ڈیپ مائنڈ‘‘ کے سی ای او نے پیش گوئی کی ہے کہ اے آئی انسانوں کے علمی مسائل کو حل کرنے میں ہماری مدد کرے گا، چاہے وہ بیماریوں کی تشخیص ہو یا نئے سائنسی نظریات کی دریافت۔ ڈیمِس اے آئی کو انسانی علم کو وسعت دینے کا ذریعہ اور انسانیت کی سب سے بڑی دریافت مانتے ہیں بشرطیکہ اسے اخلاقی حدود کے اندر رکھا جائے۔
سیم آلٹ مین (Sam Altman): چیٹ جی پی ٹی کے بانی اور ادارہ ’’اوپن اے آئی‘‘ کے سی ای او سیم آلٹ مین کے مطابق اے آئی دنیا کا سب سے بڑا انقلاب لا سکتی ہے لیکن اس کیلئے گلوبل تعاون اور ضوابط کی سخت ضرورت ہے۔ وہ اے آئی کی ترقی کو ایک عظیم موقع اور ایک ممکنہ خطرہ دونوں سمجھتے ہیں۔ سیم کے مطابق اے آئی کا استعمال ذمہ دارانہ طریقے سے کرنا چاہئے۔
جیفری ہنٹن (Geoffrey Hinton): ’’گاڈ فادر آف اے آئی‘‘ کے لقب سے مشہورجیفری ہنٹن نے اے آئی کے متعلق پیش گوئی کی ہے کہ اے آئی اتنی طاقتور ہو سکتی ہے کہ وہ انسانوں پر قابو پا لے۔ ۲۰۲۳ء میں گوگل سے استعفیٰ دے کر جیفری ہنٹن نے خبردار کیا تھا کہ اے آئی کے خطرات کو سنجیدگی سے لینا ہو گا۔ جیفری ہنٹن کو ۲۰۲۴ء میں فزکس میں نوبل انعام تفویض کیا گیا تھا۔
نینا سکک (Nina Schick): نینا سکک اے آئی فیوچرولوجسٹ اور جیو پالیٹکس ایکسپرٹ ہیں۔ نینا کا شمار عالمی سطح پر ۲۰؍ سر فہرست اے آئی ماہرین میں ہوتا ہے۔ ان کے مطابق جنریٹیو اے آئی مستقبل کی سب سے طاقتور تخلیقی قوت بنے گا جو میڈیا اور معلومات کے تصور کو بدل دے گا۔ وہ اے آئی کی مدد سے ’’ ڈیپ فیکس‘‘اور غلط معلومات کے پھیلاؤ پر بھی خبردار کرتی ہیں۔