فلم، ویب شو اور ٹی وی اداکارہ اور پروڈیوسر انوپما پرکاش جو مختلف شوز پروڈیوس کر رہی ہیں، کا کہنا ہے کہ وہ نئی صلاحیتوں کو موقع دینے میں یقین رکھتی ہیں اور اسی لئے پروڈکشن ہاؤس شروع کیا ہے۔
EPAPER
Updated: June 07, 2026, 2:57 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai
فلم، ویب شو اور ٹی وی اداکارہ اور پروڈیوسر انوپما پرکاش جو مختلف شوز پروڈیوس کر رہی ہیں، کا کہنا ہے کہ وہ نئی صلاحیتوں کو موقع دینے میں یقین رکھتی ہیں اور اسی لئے پروڈکشن ہاؤس شروع کیا ہے۔
ٹی وی انڈسٹری میں کچھ نام ایسے ہوتے ہیں جو اپنے ساتھ ساتھ دیگر اداکاروں کے بارے میں بھی سوچتے ہیں۔ ایسا ہی ایک نام انوپما پرکاش کا ہے جنہو ںنے ٹی وی انڈسٹری میں کامیابی کے بعد اپنا پروڈکشن ہاؤس بھی شروع کیا ہے۔ اترپردیش کے ہمیر پور میں پیدا ہونے والی انوپما پرکاش نے یوپی میں ہی اداکاری کے گُر سیکھے ، ممبئی کا رخ کیا اور یہاں کامیابی حاصل کی ۔ ٹی وی شوز میں کام کرنے کے ساتھ ہی انہوں نے ویب سیریز اور فلموں میں بھی کام کیاہے۔ اب اپنے پروڈکشن ہاؤس کے ذریعہ وہ نئی صلاحیتوں کو موقع دے رہی ہیں اور اس وقت ایک بڑے پروجیکٹ پربھی کام کررہی ہیں۔ نمائندہ انقلاب نے ان سے گفتگو کی:
اس وقت آپ کس شو میں مصروف ہیں ؟
میں ایک ویب سیریز کی شوٹنگ میں مصروف ہوں۔ یہ ویب سیریز ہندی زبان کی ہے۔ اس کے تعلق سے میں آپ کو ابھی اور زیادہ کچھ نہیں بتا سکتی۔ ہمیں پروڈکشن ہاؤس کی طرف سے ہدایت ہوتی ہے کہ پروجیکٹ مکمل ہونے تک ہم کسی سے کوئی بات نہیں کرسکتے۔ اس لئے میں آپ کو صرف اتنی ہی معلومات فراہم کرسکتی ہوں۔ بہرحال شوٹنگ بہت اچھی چل رہی ہے اور کوشش ہے کہ جلد سے جلد مکمل ہوجائے۔
یہ بھی پڑھئے: مادھوری دکشت نے شوہر ڈاکٹر شری رام نینے کے ساتھ ہندوستان واپسی کی وجہ بتائی
آ پ کی توجہ اداکاری کی طرف کس طرح ہوئی؟
تعلیم مکمل کرنے کے بعد میرے دوستوں نے مشورہ دیا کہ میں خوبصورت نظرآتی ہوں تو مجھے اداکاری کے شعبے میں کوشش کرنی چاہئے۔ ان کی بات سن کر میں نے ماڈلنگ شروع کی اور مس یوپی کا خطاب جیتا۔ اس کے بعد ایک فوٹوجینک ایوارڈ جیتا۔ اس طرح میں جس کسی ایونٹ میں شرکت کرتی اس میں مجھے اعزاز سے نوازا جاتا تھا۔ اس سے مجھے حوصلہ ملا اور میں نے ایکٹنگ کی طرف توجہ دینی شروع کردی۔ شوز میں کام کیلئے کوشش کی تھی اور اس میں بھی کامیاب رہی۔ اس طرح مجھے کام ملتا گیا اور میں اسی شعبے میں مصروف کار ہو گئی۔
کیا آپ کا جدوجہد کا دور جاری ہے یا آپ نے شہرت حاصل کرلی ہے؟
جتنی شہرت مجھے حاصل کرنی تھی میں نے وہ حاصل کرلی ہے اورکوشش ہے کہ اسے برقرار رکھوں۔ دوسری طرف کسی بھی شعبے میں جدوجہد کا دور ہمیشہ جاری رہتا ہے اور یہ کبھی ختم نہیں ہوتا۔ میرا بھی جدوجہد کا دورجاری ہے اور میری کوشش ہے کہ میں اس دور سے سیکھتی رہوں۔ آپ کا اسٹرگل کا دور آپ کو بہت کچھ سیکھا کر ہی جاتاہے اس لئے اس دور سے کبھی بھی خوفزدہ نہیں ہونا چاہئے۔
آپ نے پروڈکشن ہاؤس کھولنے کا فیصلہ کس طرح کیا ؟
میں نے انڈسٹری میں دیکھا ہے کہ کس طرح نوجوانوں کو آڈیشن کے نام پر بلایا جاتاہے اور انہیں گھنٹوں انتظار کروایا جاتاتھا ۔اس دور سے میں بھی گزر چکی ہوں۔یہ پورا طریقہ صرف ڈیٹا جمع کرنے کا ہوتا تھا اور اس کے ذریعہ دکھاوا کیا جاتا تھا کہ ہمارے شو کیلئے اتنے لوگوں کا آڈیشن لیا گیاہے۔ یہ سبھی چیزیں دیکھ کر میں نے سوچا کہ مجھے مستقبل کیلئے کچھ کرنا چاہئے تاکہ نئی صلاحیتوں کو آسانی سے موقع مل سکے اور وہ کسی بھی آڈیشن کی بھینٹ نہ چڑھیں۔ یہ سب سوچ کر میں نے اپنا پروڈکشن ہاؤس شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھئے: ’’دوستانہ ۲‘‘ کو ایک اور جھٹکا، ہدایت کار ادویت چندن نے فلم چھوڑ دی
کیا آپ نے سوچا تھا کہ پروڈکشن ہاؤس شروع کرنا ایک جوکھم ہوگا؟
ہر کام میں کچھ نہ کچھ جوکھم ہوتاہے اوراس کے بغیر کامیابی حاصل نہیں ہوتی ہے۔ مجھے اندازہ تھا کہ اس میں بھی جوکھم ہے لیکن میرے دل میں نئی صلاحیتوں کو کام دینے کا جذبہ تھا اس لئے میں نےاس جوکھم کو اٹھانے کا فیصلہ کیا ۔ اتار چڑھاؤ کے بعد بالآخر میں اپنے مقصد میں کامیاب ہوگئی ہوں۔
کیا آپ نے اداکاری کی باقاعدہ تعلیم حاصل کی ہے؟
ماڈلنگ کے بعد جب مجھے کام ملنا شروع ہوا تو میں نے اداکاری کی باقاعدہ تعلیم لینی شروع کردی۔ میں نے اپنے شہر کے تھیٹر گروپ ’جوش ‘میں شمولیت اختیار کی اور اس کے ساتھ شوز میں شرکت کیلئے جگہ جگہ جانے لگی۔ اس سے میری اداکاری اِسکل بھی بہتر ہوگئی۔ وقتاًفوقتاً میں اس طرح کے تھیٹر میں شرکت کرتی رہتی ہوں۔
انڈسٹری میں اب تک کا تجربہ کیسا رہا؟
انڈسٹری میں اب تک کا تجربہ بہت اچھا رہا ہے لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ملے ہیں جو صرف وقت گزاری کے لئے نئے لوگوں کو بلاتے ہیں اور ان کے ساتھ صرف باتیں کرتے ہیں۔ اب مجھے انڈسٹری میں اتنا تجربہ ہوگیا ہے کہ میں ایسے لوگوں کو ان کے چہرے سے پہچان لیتی ہوں۔ جب مجھے ایسے افراد ملتے ہیں تومیں انہیں کھری کھری سناتی ہوں۔ میں تھوڑی منہ پھٹ ہوں اور کسی کی زیادہ سنتی نہیں ہوں۔ اب ایسے افراد بھی سمجھ گئے ہیں کہ میں کس طرح کی لڑکی ہوں۔
ورٹیکلز میں کام کرنے کے تعلق سے آپ کا کیا کہنا ہے ؟
میں ورٹیکلز میں دلچسپی نہیں رکھتی ہوں اس لئے ان میں کام کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ورٹیکلز نئے اداکاروں کے لئے بہت اچھا پلیٹ فارم ہے ۔ اس سے ان اداکاروں کو کام مل رہا ہے اورپیسہ بھی مل رہا ہے۔ یہ بہت ہی چھوٹا ہے کیونکہ بڑے اسٹار اس سے اب تک وابستہ نہیں ہوئے ہیں۔یہ اب بھی چھوٹا پردہ ہے اور اس میں میری دلچسپی نہیں ہے ۔
انڈسٹری میں کس اداکارہ یا اداکارکے کام سے متاثر ہیں ؟
میں انڈسٹری کے سبھی اداکارراؤں کے کام کو پسند کرتی ہوں۔خصوصی طورپر کرینہ کپور اور دپیکا پڈوکون کی اداکاری مجھے متوجہ کرتی ہے۔ مرد اداکاروں میں مجھے رنبیر کپور اور ابھیشیک بچن کی اداکاری بہت اچھی لگتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’جن نائیگن ‘‘ بنانے والوں نے بڑا قدم اٹھایا، رقم واپس کرنے کا فیصلہ
ایکٹنگ اور پروڈکشن ہاؤس کے کام میں کس طرح توازن برقرار رکھتی ہیں؟
پرڈوکشن ہاؤس کیلئے میں نے ایک ٹیم کو مقرر کیا ہے اور وہ ٹیم سبھی کام دیکھتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی میں اپنی اداکاری میں مصروف رہتی ہوں۔ جب بھی میں کسی پروجیکٹ سے فارغ ہوتی ہوں تو میں پروڈکشن ہاؤس کے کام بھی دیکھ ریکھ کرتی ہوں۔ اس طرح دونوں کاموں کو سنبھال لیتی ہوں۔
کریئر کا کوئی خاص شو یا کوئی مشہور کیریکٹر کون سا ہے ؟
میں نے اب تک جو بھی شوز میں کام کیا ہے اور جو بھی کیریکٹر نبھائے ہیں وہ سبھی بہت اچھے ہیں۔ میں کسی بھی کردار کو بہتر انداز میں نبھانے میں یقین رکھتی ہوں۔ میں کیریکٹر کی روح کو پردہ پر اتارنے میں یقین رکھتی ہوں۔ کوشش یہی ہوتی ہےکہ اپنے کردار کے ساتھ انصاف کروں۔