اترپردیش کے سینئر سماج وادی پارٹی لیڈر اعظم خان کو رام پور جیل سے رہائی کے فوراً بعد انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے اپنی تحویل میں لے لیا۔
EPAPER
Updated: November 01, 2026, 9:53 AM IST | Rampur
اترپردیش کے سینئر سماج وادی پارٹی لیڈر اعظم خان کو رام پور جیل سے رہائی کے فوراً بعد انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے اپنی تحویل میں لے لیا۔
اترپردیش کے سینئر سماج وادی پارٹی لیڈر اعظم خان کو رام پور جیل سے رہائی کے فوراً بعد انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ اعظم خان اپنے بیٹے عبداللہ اعظم کے ساتھ جیل سے باہر آئے ہی تھے کہ ای ڈی کی ٹیم نے انہیں گرفتار کرلیا۔ بتایا جارہا ہے کہ ای ڈی اعظم خان کو غازی آباد کی عدالت میں پیش کرے گی۔ دوسری جانب عبداللہ اعظم جیل سے رہائی کے بعد براہ راست اپنے گھر روانہ ہوگئے۔ اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم کو دو پین کارڈ معاملے میں الہ آباد ہائی کورٹ سے جمعرات کو ضمانت مل گئی تھی۔ ضمانت منظور ہونے کے بعد دونوں کی جانب سے ایم پی-ایم ایل اے سیشن کورٹ اور مجسٹریٹ کورٹ میں زیر التوا مختلف مقدمات میں ضمانتی دستاویزات جمع کرائی گئی تھیں لیکن دونوں کی رہائی مؤخر ہوگئی تھی۔ بعد ازاں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعدسنیچرکو اعظم خان اور عبداللہ اعظم کو رام پور جیل سے رہا کیا گیا۔ اعظم خان کی رہائی کی خبر ملنے کے بعد سے ہی انکے حامیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی اور ان کے استقبال کی تیاریاں شروع کردی گئی تھیں۔ تاہم جیل سے باہر آتے ہی ای ڈی کی جانب سے گرفتاری کے بعد حامیوں کی خوشی مایوسی میں تبدیل ہوگئی۔ اس دوران اعظم خان کے حامیوں نے جیل کے باہر جم کر نعرے بازی کی۔ اعظم خان کی گرفتاری جوہر ٹرسٹ اور یونیورسٹی میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق معاملے میں کی گئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ای ڈی اس معاملے میں ان سے پوچھ گچھ کے لئے انہیں غازی آباد کی عدالت میں پیش کرے گی۔ دریں اثنا، جیل سے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبداللہ اعظم نے کہا کہ ’’ہمارا سب سے بڑا دشمن ہمارا نام ہے، جس کی سزا ہمیں دی جارہی ہے۔ ہمیں جیل میں سڑایا جارہا ہے۔ بڑی مشکل سے جب ہم ضمانت پر باہر آتے ہیں توچند لمحوں میں دوبارہ اندر کردیا جاتا ہے۔ ‘‘