رائل چیلنجرز پوائنٹس ٹیبل میںپہلا مقام برقرار رکھنے جبکہ سن رائزرز کی ٹیم دھماکہ دار جیت کے ساتھ ٹیبل میںاول نمبر پر پہنچنے کیلئے میدان میں اترے گی۔
EPAPER
Updated: May 22, 2026, 2:55 PM IST | Hyderabad
رائل چیلنجرز پوائنٹس ٹیبل میںپہلا مقام برقرار رکھنے جبکہ سن رائزرز کی ٹیم دھماکہ دار جیت کے ساتھ ٹیبل میںاول نمبر پر پہنچنے کیلئے میدان میں اترے گی۔
آئی پی ایل ۲۰۲۶ءکے ۶۷؍ویں مقابلے میں سن رائزرز حیدرآباد کا مقابلہ جمعہ کو رائل چیلنجرز بنگلور سے ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ مقابلہ راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔حیدر آباد اور بنگلور کے درمیان اس مقابلے میں پہلے نمبر کے لئے جنگ ہوگی۔ بنگلور نمبر ایک کی پوزیشن پر برقرار رہنے کے ارادے سے اترے گی تو حیدرآباد کی کوشش دھماکے دار جیت کے ساتھ ٹاپ پر پہنچنے کی ہوگی۔
رجت پاٹیدار کی کپتانی میں بنگلور پلے آف کا ٹکٹ کٹا چکی ہے۔ ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں ۱۸؍ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ حیدرآباد کے خلاف اگر آر سی بی جیت درج کرنے میں کامیاب رہتی ہے تو ٹیم کا پہلا کوالیفائر کھیلنا پکا ہو جائے گا۔ بلے بازی میں وراٹ کوہلی اور دیودت پڈیکل اس سیزن میں شاندار فارم میں نظر آئے ہیں۔ وہیں وینکٹیش ایر نے بھی آخری مقابلے میں ۷۳؍ رنوں کی جاندار اننگز کھیلی تھی۔ گیند بازی میں بھونیشور کمار کا جادو خوب چل رہا ہے جبکہ راسخ سلام اور ہیزل ووڈ نے ان کا بھرپور ساتھ نبھایا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کیا آئی پی ایل میں خراب فارم پنت کی تنزلی کی وجہ تھی؟
دوسری طرف سن رائزرز حیدرآباد ۱۳؍ مقابلوں میں ۱۶؍ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر ہے۔ تاہم بنگلور کے خلاف ملنے والی بڑی جیت سے حیدرآباد نمبر ایک کی پوزیشن تک پہنچ سکتی ہے۔ ٹیم کا بلے بازی کا شعبہ زبردست فارم میں نظر آ رہا ہے۔ ابھیشیک شرما کے ساتھ ساتھ ایشان کشن اور ہینرک کلاسن لگاتار اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ نتیش کمار ریڈی نے بلے اور گیند دونوں سے اہم تعاون دیا ہے۔ وہیں گیند بازی میں پیٹ کمنز نے پچھلے مقابلے میں ۳؍وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ ایشان ملنگا اور ثاقب حسین کی کارکردگی بھی جاندار رہی ہے۔
راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم کی پچ بلے بازی کےلئے سازگار مانی جاتی ہے۔ پچ میں اچھا باؤنس ہونے کی وجہ سے گیند بلے پر کافی آسانی سے آتی ہے۔ تاہم اس میدان پر اسپن گیند باز بھی اثر دار ثابت ہوتے ہیں۔ رائل چیلنجرز بنگلور اور سن رائزرز حیدرآباد کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کُل ۲۷؍مقابلے کھیلے گئے ہیں جن میں سے ۱۴؍ میں جیت حیدرآباد نے درج کی ہے تو ۱۲؍ میچ میں بنگلور نے کامیابی حاصل کی ہے۔ اس سیزن میں ہونے والے آمنے سامنے کے مقابلے میں آر سی بی نے سن رائزرز حیدرآباد کو ۶؍ وکٹوں سے ہرایا تھا۔موسم کی بات کریں تو جمعہ کو حیدرآباد میں موسم پوری طرح سے صاف رہنے کی امید ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت ۴۰؍ ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجۂ حرارت ۲۸؍ ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ورلڈ کپ سے قبل نیمار ایک بار پھر انجری کا شکار
دریں اثناء جیت کی لہر، ٹیم کا وقار اور ٹاپ ۔۲؍ میں جگہ بنانے کا موقع، یہ سب داؤ پر لگے ہونے کے باعث، شائقین رائل چیلنجرزبنگلور اور سن رائزر حیدرآباد کے درمیان ناک آؤٹ مرحلہ شروع ہونے سے پہلے ہی اس میچ میں پلے آف جیسا ماحول دیکھ سکتے ہیں۔