Inquilab Logo

باکس آفس پر ناکام لیکن ’او ٹی ٹی‘ پر کامیاب چند اہم فلمیں

Updated: January 14, 2024, 12:24 PM IST | Inquilab Desk | Mumbai

ان فلموں میں عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ سرفہرست ہے، باکس آفس پر اسے فلاپ قرار دیا گیا تھا لیکن او ٹی ٹی پر یہ ۱۳؍ ملکوں میں ٹاپ ٹین میں رہی۔

Laal Singh Chaddha. Photo: INN
’لال سنگھ چڈھا‘۔ تصویر : آئی این این

بالی ووڈ میں ہر سال سیکڑوں فلمیں ریلیز ہوتی ہیں جن میں سے کچھ کامیاب ہوتی ہیں تو کچھ ناکام بھی ہوتی ہیں ۔ ان فلموں کی کامیابی اور ناکامی کا پیمانہ باکس آفس ہوتا ہے جہاں سے یہ معلومات ملتی ہے کہ کس فلم نے ٹکٹ کھڑکی پر کتنا کاروبار کیا۔کسی بھی فلم کو اسی وقت کامیاب سمجھا جاتا ہے جب اس کا باکس آفس کلیکشن مضبوط ہو اور ناظرین اس فلم کو دیکھنے کیلئے تھیٹر پہنچ جائیں ۔اس طرح باکس آفس پر اگر کوئی فلم اپنے بجٹ سے زیادہ کا کاروبار کرلیتی ہے تو اسے کامیاب قرار دیا جاتا ہے بصورت دیگر اس پر ناکامی کا ٹھپہ لگ جاتا ہے۔ حالانکہ بیشتر فلمیں ریلیز سے قبل ہی اپنے بجٹ سے زیادہ کما لیتی ہیں ۔اسی طرح کچھ ’فلاپ‘ فلمیں ایسی بھی ہوتی ہیں جو باکس آفس پر ناکامی کی مہر لگنے کے بعد’ او ٹی ٹی‘ پلیٹ فارم پرکامیابی کا پرچم لہرادیتی ہیں ۔ اب اِس طرح کی فلموں کو بھی کامیاب سمجھا جانے لگا۔ اس کا پیمانہ یہ ہے کہ ’او ٹی ٹی ‘ پلیٹ فارم پر کس فلم کو کتنی بار اسٹریم کیا گیا اور کسے کتنے گھنٹوں تک ناظرین ملے۔ 
زیر نظر کالموں میں ہم اسی طرح کی ۵؍ بالی ووڈ فلموں کے بارے میں بات کریں گے، جو باکس آفس پر توناکام قرار دی گئیں لیکن جب انہیں او ٹی ٹی پر ریلیز کیا گیا تو فلم شائقین کی جانب سے بہت زیادہ پیار ملا اور وہ کامیابی کی دہلیز پر پہنچ گئیں ۔ اس قبیل کی فلموں میں عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ سرفہرست ہے۔ ویسے اگر باکس آفس کے کاروبار کی بات کی جائے تو اس محاذ پر بھی عامر خان کی فلم ’دنگل ‘ سب سے اوپر ہے۔ 
لال سنگھ چڈھا
عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ ہالی ووڈ کی کامیاب ترین فلم ’فاریسٹ گمپ‘ کا آفیشیل ہندی ری میک ہے۔عامر خان پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی اس فلم کے ہدایت کار ادوِت چندن ہیں ۔ یہ فلم ۱۱؍ اگست ۲۰۲۲ء کو ریلیز ہوئی تھی۔ ۱۸۰؍ کروڑ کی بجٹ والی اس فلم کا باکس آفس کلیکشن صرف ۱۳۰؍ کروڑ روپے ہی تھا۔اس طرح اس پر فلاپ کی مہر لگ گئی۔ فلمی نقادوں نے حالانکہ فلم کی خوب تعریف کی تھی اور اس پر بیشتر مبصرین نے تبصرہ بھی مثبت ہی لکھا تھا، لیکن یہ فلم فرقہ پرستی کا شکار ہوگئی۔ فرقہ پرست طاقتوں کی ’بائیکاٹ مہم‘ کا اس فلم پر بہت بر ا اثر پڑا تھا۔ اس کی وجہ سے بالی ووڈ بھی ایک طرح سے مایوس ہوگئی تھی۔ فلم ’فلاپ‘ ہوجانے کے بعد بائیکاٹ مہم میں شامل یا پھراس کی حمایت کرنے والے یہ تک کہنے لگے تھے کہ عامر ہی نہیں بلکہ خان صاحبان کا دور اب ختم ہوا.... لیکن جب یہ فلم سال کے آخر میں نیٹ فلکس پر دکھائی گئی تو اس فلم کو ناظرین نے بے حد سراہا اور یہ فلم ’او ٹی ٹی‘ پر سب سے زیادہ بار دیکھی گئی اور بھرپور کلیکشن کیا۔ ایک رپورٹ کے مطابق اوٹی ٹی پر ریلیز کے پہلے ہی ہفتے میں اس فلم کو۶۶؍ لاکھ گھنٹے کیلئے ناظرین ملے جو اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے۔ صرف اتنا ہی نہیں ریلیز کے پہلے ہفتے میں یہ فلم عالمی سطح پر ۱۳؍ ملکوں میں ’ٹاپ ٹین‘ پوزیشن پر رہی۔ ان میں ماریشش، بنگلہ دیش، سنگاپور، سری لنکا، بحرین، ملائیشیا اور متحدہ عرب امارات جیسے ممالک شامل ہیں۔ 
این ایکشن ہیرو
’این ایکشن ہیرو‘ کا شمار بھی انہی فلموں کی قبیل میں ہوتا ہے جو باکس آفس پر تو ناکام قرار دی گئی لیکن ’او ٹی ٹی‘ پلیٹ فارم پر کامیاب رہی۔ فلم ناقدین نے اس فلم کو بھی کافی سراہا تھا۔۲؍ دسمبر ۲۰۲۲ء کو ریلیز ہونے والی یہ ایک ایکشن کامیڈی تھریلر فلم ہے جس کے ہدایت کار اور کہانی نویس انیرودھ ایّر ہیں جبکہ اسکرپٹ نیرج یادو نے لکھی ہے۔ فلم میں آیوشمان کھرانا، جے دیپ اہلاوت اور محمد طالب مرکزی کردار میں ہیں۔ ۴۵؍ کروڑ کے بجٹ والی اس فلم کا باکس آفس کاروبار صرف۱۶؍ کروڑ ہی رہا۔ لیکن ۲۷؍ جنوری ۲۰۲۳ء کو جب یہ فلم نیٹ فلکس پر ریلیز ہوئی تو اسے ناظرین نے بے حد پسند کیا۔
سندیپ اور پنکی فرار
 اس فہرست میں شامل یہ ایک ایسی فلم ہے جو دونوں ہی شعبوں میں کامیاب رہی۔ ۲۰؍ کروڑ کے بجٹ والی یہ فلم باکس آفس پر ۵۸؍ کروڑ کا کلیکشن کرنے میں کامیاب رہی اور جب او ٹی ٹی پرریلیز ہوئی تو ناظرین نے اسے سر آنکھوں پر بٹھایا۔ارجن کپور اور پرینیتی چوپڑا کی فلم سندیپ اور پنکی فرار ۱۹؍ مارچ ۲۰۲۱ء کو ریلیز ہوئی تھی۔ یہ وہ دور تھا جب ملک کووڈ کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے بحران سے دوچار تھا۔سنیما گھر بہت سارے شرائط کے ساتھ کھل تو گئے تھے لیکن لوگ ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھتے ہوئے ڈر رہے تھے۔ ایسے میں سنیما گھروں میں فلم کو وہ پزیرائی نہیں مل سکی جس کی امید فلمسازوں نے لگا رکھی تھی۔ پہلے یہ فلم ۲۰؍ مارچ ۲۰۲۰ء میں ریلیز ہونے والی تھی لیکن اسی دوران ملک میں لاک ڈاؤن لگ گیا۔ پھر مئی ۲۰۲۰ء کی تاریخ مقرر کی گئی لیکن تب تک ملک لاک ڈاؤن سےآزاد نہیں ہوسکا تھا۔ اس طرح فلم کی ریلیز میں ایک سال کی تاخیر ہوئی۔ بہرحال جب یہ فلم امیزون پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوئی تو اسے ناظرین نے اسے بہت پسند کیا۔
سون چڑیا 
 یہ فلم یکم مارچ ۲۰۱۹ء کو ریلیز ہوئی تھی۔ابھیشیک چوبے کی ہدایت میں بننے والی اس فلم میں منوج واجپئی، سشانت سنگھ راجپوت، بھومی پیڈنیکر اور اشوتوش رانا جیسے اہم اداکاروں نے کام کیا تھا ،اس کے باوجود باکس آفس پر یہ فلم خاطر خواہ کاروبار نہیں کرسکی۔۲۲؍ کروڑ کی بجٹ والی یہ فلم صرف۱۰؍ کروڑ روپے ہی کما سکی۔ ڈاکوؤں کی زندگی پر مبنی یہ فلم ’زی فائیو‘ پر ریلیز ہوئی تو فلم ناظرین نے اسے خوب سراہا۔
دل بے چارہ
مکیش چھابڑہ کی ہدایت میں بننے والی اس فلم کے مرکزی کردار سوشانت سنگھ راجپوت، سنجنا سانگھی اورساحل وید تھے۔ راجپوت کی یہ آخری فلم ثابت ہوئی جو اُن کی موت کے بعد ریلیز ہوئی تھی۔ یہ فلم بھی بڑی اسکرین پر کوئی کمال نہیں دکھا سکی تھی لیکن جب اسے ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار پر نشر کیا گیا تو اس کو محض۲۴؍ گھنٹوں میں کروڑوں ناظر مل گئے تھے۔
 اس کے علاوہ بھی کئی ایسی فلمیں ہیں جو باکس آفس کے پیمانے پر پوری نہیں اُتر سکیں لیکن او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر کافی سراہی گئیں ۔ان میں دھک دھک، جے یش بھائی،زوردار ، پرتھوی راج اور شمشیرا کے نام قابل ذکر ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK