Inquilab Logo

دپیکا پڈوکون:ہندی فلم انڈسٹری کی کامیاب اداکارہ جن کی کئی فلمیں ۱۰۰-۱۰۰؍ کروڑ روپے کماچکی ہیں

Updated: January 05, 2023, 11:17 AM IST | Mumbai

بالی وڈ میں دپیکا پڈوکون ایک ایسی اداکارہ کے طور پر شمار کی جاتی ہیں جنہوں نے فلم انڈسٹری میں اپنی زبردست اداکاری سے ناظرین کے دلوں میں خصوصی شناخت بنائی ہے۔ فلم اوم شانتی اوم سے ہندی فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے والی اداکارہ دپیکاپڈوکون کی پیدائش۵ ؍ جنوری ۱۹۸۶ء کو ڈنمارک میں ہوئی ہے۔

Deepika has also made an `entry` in Hollywood
دپیکا ، ہالی ووڈ میں بھی ’انٹری‘ کرچکی ہیں

بالی وڈ میں دپیکا پڈوکون ایک ایسی اداکارہ کے طور پر شمار کی جاتی ہیں جنہوں نے  فلم انڈسٹری میں اپنی زبردست اداکاری سے ناظرین کے دلوں میں خصوصی شناخت بنائی ہے۔ فلم   اوم شانتی اوم سے ہندی فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے والی اداکارہ دپیکاپڈوکون کی پیدائش۵ ؍ جنوری ۱۹۸۶ء کو ڈنمارک میں ہوئی  ہے۔  ان کےوالد پرکاش پڈوکون بیڈمنٹن کے مشہورکھلاڑی رہ چکے ہیں۔   چاند سا  چہرہ،   ر وشن آنکھیں  اور کونکنی زبان بولنے والی دپیکا نے اپنے کریئر کا آغاز  ماڈلنگ سے کیا۔۲۰۰۶ءمیں ریلیز کنڑ  زبان میں بنی فلم ایشوریا سے اداکاری  کے میدان میں آئیں لیکن ان کی پہچان سپرہٹ فلم اوم شانتی اوم  سے بنی جس نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
 فرح خان کی ہدایت میں بنی اس فلم میں دپیکا نے دوہرا کردار نبھاکر شائقین کو محظوظ کردیا ۔ فلم میں ان کے مقابل کردار میں شاہ رخ خان تھے ، ان کی فلمی جوڑی کو سامعین نے بے حد پسند کیا اور یہ فلم سپرہٹ ثابت ہوئی۔ اس فلمکیلئے  انہیں فلم فیئر کا  بہترین ڈیبو اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔ دپیکا مختصر عرصے میں کئی فلمی ایوارڈ اپنے نام کر چکی ہیں۔ ۲۰۰۸ء میں دیپیکاکی ’بچنا اے حسینو‘ ریلیز ہوئی ۔ رنبیر کپور  کے ساتھ یہ فلم باکس آفس پر کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔ اس کے بعد چاندنی چوک ٹو چائنا اور کارتک کالنگ  کارتک جیسی فلمیں آئیں لیکن کوئی بھی فلم کامیاب نہیں ہوسکی۔۲۰۱۰ء  میں پاڈوکون کے کریئرکی ایک اور سپرہٹ فلم ’ہاؤس فل‘ جلوہ گر ہوئی۔ ساجد خان کی ہدایت والی اس فلم کی کامیابی کے بعد وہ ایک مرتبہ پھر فلم انڈسٹری میں اپنی شناخت بنانے میں کامیاب رہی  حالانکہ اسی برس  ریلیز فلمیں ’کھیلیں ہم جی جان سے، لفنگے پرندے اور بریک کے بعد باکس آفس پر کوئی کمال نہیں دکھاسکی۔
 ۲۰۱۱ء میں آئی فلم دم مارو دم میں دیپکا پاڈوکون نے آئٹم نمبر ’دم مارو دم مٹ جائے غم‘  كے ذریعے ناظرین کو مسحور کر دیا۔۲۰۱۲ء میں فلم کاک  ٹیل  ان کے کریئر کی اہم فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔اس فلم میں دیپکا کی جوڑی سیف علی خان کے ساتھ کافی پسند کی گئی۔ اس فلم میں  بااثر اداکاری کیلئے انہیں بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ کے لئے نامزد بھی کیا گیا۔ دیپکا کے کریئر کے لئے۲۰۱۳ء بہترین سال ثابت  ہوا۔ اس برس ان  کی ریس۲، یہ جوانی ہے ديواني، چنئی  ایکسپریس اور رام لیلا جیسی فلمیں منظر عام پر آئیں اور سبھی فلموں نے باکس آفس  پر۱۰۰؍کروڑ روپے سے زائد  کی  آمدنی  کی۔۲۰۱۴ء میں ’ہیپی نیو ایئر اورفائڈنگ فینی ریلیز ہوئیں۔ ہیپی نیو ایئر نے۲۰۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ کمائے ۔۲۰۱۵ء   میں پيكو، تماشا اور باجی راؤ مستانی آئی جس نے ٹکٹ  کھڑکی  پر۱۸۴؍ کروڑ روپے  کمائے ۔ دیپکا نے۲۰۱۷ء میں ہالی وڈ فلم ’ٹرپل ایکس: ریٹرن آف جینڈر کیج ‘ میں بھی کام کیا ہے۔ دیپیکا سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت میں بنی  فلم پدماوتي  میں  میواڑ کی ملکہ کے کردار میں نظر آئیں۔ رانی پدماوتی اپنی خوبصورتی، عقل اور جرات کے لئے مشہور تھیں۔  یہ فلم  بھی ہٹ ثابت  ہوئی۔  دپیکا  مختصر عرصے میں کئی فلمی ایوارڈ اپنے نام کر چکی ہیں۔ اُن کی کامیابیوں کا یہ سفر ابھی جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK