• Tue, 06 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دپیکا پڈوکون کا فلمی سفر انتہائی کامیاب اور شاندار رہا ہے

Updated: January 05, 2026, 3:01 PM IST | Agency | Mumbai

بالی ووڈ میں دپیکا پڈوکون ایک ایسی اداکارہ کے طور پر شمار کی جاتی ہیں جنہوں نے اپنی زبردست اداکاری سے ناظرین کے دلوں میں خصوصی شناخت بنائی ہے۔

Deepika Padukone. Picture: INN
دیپیکا پڈوکون۔ تصویر: آئی این این
بالی ووڈ میں دپیکا پڈوکون ایک ایسی اداکارہ کے طور پر شمار کی جاتی ہیں جنہوں نے اپنی زبردست اداکاری سے ناظرین کے دلوں میں خصوصی شناخت بنائی ہے۔ پڈوکون، بیڈمنٹن کے مشہور کھلاڑی پرکاش پڈوکون کی بیٹی ہیں۔ ان کی پیدائش ۵؍ جنوری ۱۹۸۶ءکوکوپن ہیگن میں ہوئی اور پرورش بنگلورمیں ہوئی۔ پڈوکون کے ایک سال کی عمر میں ہی ان کا خاندان ہندوستان منتقل ہو کر بنگلورمیں آباد ہو گیا۔ انہوںنے بنگلورکے صوفیہ ہائی اسکول سےتعلیم حاصل کی اور ماؤنٹ کارمل کالج سے پری یونیورسٹی کی تعلیم مکمل کی۔بعد ازاں انہوں نے اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی میں سماجیات میںبیچلر آف آرٹس کی ڈگری کے لیے داخلہ لیا، تاہم ماڈلنگ کےکریئرکی مصروفیات کے باعث وہ تعلیم مکمل نہ کر سکیں۔ نوعمری میں انہوں نے قومی سطح کی بیڈمنٹن چمپئن شپ میں حصہ لیا، تاہم بعد میں کھیل کے کریئر کوچھوڑ کرماڈلنگ اختیار کر لی۔ جلد ہی انہیں فلمی کرداروں کی پیشکش ملنے لگیں اور انہوں نے ۲۰۰۶ء میںکنڑ فلم ایشوریہ میں مرکزی کردار کے ذریعے اداکاری کا آغاز کیا۔
اپنےکریئرکے ابتدائی دور میں پڈوکون نے صابن لیرل کے ایک ٹیلی ویژن اشتہار کے ذریعے پہچان حاصل کی اور بعد ازاں دیگر مختلف برانڈز اور مصنوعات کے لیے ماڈلنگ کی۔ ۲۰۰۵ءمیں انہوںنےڈیزائنر سُنیت ورما کے لیے لیکمے فیشن ویک میں ریمپ واک کے ذریعے ڈیبیو کیا اور کنگ فشرفیشن ایوارڈز میں ماڈل آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کیا۔ ۲۰۰۶ءکے کنگ فشر کیلنڈر کی مقبول پرنٹ مہم میں نظر آنے کے بعد ان کی شہرت میں مزید اضافہ ہوا۔ 
انہیں پہچان سپرہٹ فلم اوم شانتی اوم سے ملی جس نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ فرح خان کی ہدایت میں بنی اس فلم میں دپیکا نے دوہراکردار نبھاکر شائقین کو محظوظ کردیا ۔ فلم میں ان کے اپوزٹ شاہ رخ خان تھے۔ ا ن کی فلمی جوڑی کو سامعین نے بے حد پسند کیا اور یہ فلم سپرہٹ ثابت ہوئی۔ اس فلم کے لیے انہیں فلم فیئر کا بہترین ڈیبو اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔ 
۲۰۱۰ءمیںپڈوکون کے کریئرکی ایک اور سپرہٹ فلم ’ہاؤس فل‘جلوہ گرہوئی۔ساجد خان کی ہدایت کاری والی اس فلم کی کامیابی کے بعد وہ ایک مرتبہ پھر فلم انڈسٹری میں اپنی شناخت بنانے میں کامیاب رہی حالانکہ اسی برس ریلیز فلمیں’کھیلیں ہم جی جان سے، لفنگے پرندے اور بریک کے بعد باکس آفس پر کوئی کمال نہیں دکھا سکی۔ دپیکا کے کریئرکیلئے ۲۰۱۳ءبہترین سال ثابت ہوا۔ اس برس ان کی ریس۔۲؍،یہ جوانی ہے دیوانی، چنئی ایکسپریس اور رام لیلا جیسی فلمیں منظر عام پر آئیں اور سبھی فلموں نے باکس آفس پر ۱۰۰؍ کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی۔ دپیکا مختصر عرصے میں کئی فلمی ایوارڈاپنے نام کر چکی ہیں۔ اُن کی کامیابیوں کا یہ سفر ابھی جاری ہے۔ انہیں۳؍فلم فیئر ایوارڈز مل چکے ہیں۔ ٹائم میگزین نے ۲۰۱۸ء میں انہیں دنیا کے ۱۰۰؍بااثر ترین افراد میں شامل کیا، جبکہ ۲۰۲۲ء میں انہیں ٹائم ۱۰۰؍امپیکٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK