Inquilab Logo

راجکمار ہیرانی ایک ’’بہادر‘‘ فلمساز ہیں: فلم شائقین

Updated: December 29, 2023, 8:36 PM IST | Mumbai

راجکمار ہیرانی سماجی موضوعات پر فلمیں بنانے کیلئے مشہور ہیں۔ انہوں نے فلم شائقین کو ہمیشہ بہترین فلمیں دی ہیں۔ ان کی تمام ۵؍ فلمیں (منا بھائی ایم بی بی ایس، تھری ایڈیٹس، لگے رہو منا بھائی، پی کے اور سنجو) باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی ہیں، اور اب ’’ڈنکی‘‘ بھی کامیابی سے کاروبار کررہی ہے۔ ایکشن فلموں کے دور میں شاہ رخ خان کی اداکاری سے سجی فلم’’ڈنکی‘‘ کا کامیاب ہونا غیر معمولی ہے۔

Shah Rukh Khan and Rajkumar Hirani. Photo: INN
شاہ رخ خان اور راجکمار ہیرانی۔ تصویر: آئی این این

فلم ’’سنجو‘‘ کے ۵؍ سال بعد راجکمار ہیرانی بطور ہدایتکار اپنی چھٹی فلم ’’ڈنکی‘‘ کے ساتھ پردۂ سیمیں پر لوٹے جس میں شاہ رخ خان نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ سماجی مزاحیہ ڈرامے کو فلم شائقین اور ناظرین کی جانب سے اچھا رسپانس مل رہا ہے۔ پربھاس کی ’’سالار‘‘ شاہ رخ خان کی ’’ڈنکی‘‘ کو زبردست ٹکر دے رہی ہے، اس کے باوجود ’’ڈنکی‘‘ باکس آفس پر قدم جمائے ہوئے ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ یہ کامیڈی ڈراما فلم ہے، یعنی فلم کا وہ زمرہ جو وبائی حالات کے بعد مردہ ہوچکا تھا مگر راجکمار ہیرانی اور شاہ رخ خان کی جادوئی جوڑی نے اسے دوبارہ زندہ کردیا ہے۔ 
ایکشن فلموں کے دور میں ’’ڈنکی‘‘ باکس آفس پر مستحکم بزنس کر رہی ہے اور ریلیز کے ۸؍ دنوں میں عالمی باکس آفس پر ۳۲۵؍ کروڑ روپے سے زائد کا کاروبار کرچکی ہے۔ راجکمار ہیرانی اپنی فلم کو ملنے والے رسپانس سے بہت خوش ہیں اور انہوں نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ لوگ انہیں ایک ’’بہادر‘‘ فلمساز کہہ رہے ہیں۔

انہوں نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’امیدیں ہمیشہ رہتی ہیں، اور بعض اوقات میں ان توقعات سے ڈر جاتا ہوں کیونکہ لوگ مجھ سے وہی کرنے کی توقع کریں گے جو میں نے پہلے کیا تھا۔ لیکن ہر فلم کے ساتھ، میں زمرے تبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہوں۔ ’’منا بھائی‘‘، ’’تھری ایڈیٹس‘‘ سے لے کر ’’پی کے‘‘ تک مَیں نے کچھ مختلف کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس کے بعد ’’سنجو‘‘ کی جو ایک بایوپک (سوانح) ہے اور ’’ڈنکی‘‘۔ مَیں ہمیشہ خوفزدہ رہتا ہوں لیکن میں فلم شائقین کے جواب سے کافی خوش ہوں کیونکہ مجھے جو کچھ مل رہا ہے، وہ بہت زیادہ ہے۔ لوگ کہہ رہے ہیں کہ ایکشن فلموں کے زمانے میں آپ نے ایک اچھے موضوع اور کہانی پر فلم بنائی ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ آپ دیگر ہدایتکاروں کی طرح ایکشن کے زمرے میں نہیں بہہ رہے ہیں بلکہ اپنی کہانی کے ساتھ بہادری کے ساتھ دیگر تمام کا مقابلہ کررہے ہیں۔ ‘‘
خیال رہے کہ راجکمار ہیرانی کا کامیابی کا فیصد ۱۰۰؍ فیصد ہے۔ ’’ڈنکی‘‘ سمیت ان کی تمام ۶؍ فلمیں باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی ہیں البتہ ’’ڈنکی‘‘ ان کے کریئر کی پہلی بلاک بسٹر فلم ثابت ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK