بالی ووڈکے مشہور اداکار عمران ہاشمی آج ۴۷؍برس کے ہو گئے ہیں۔۲۴؍مارچ ۱۹۷۹ءکوپیدا ہوئے عمران ہاشمی بالی ووڈ کےمشہور فلمسازمہیش بھٹ اور مکیش بھٹ کے بھانجے ہیں۔ عمران کے والد انور ہاشمی بھی ایک اداکار تھے۔ انہوں نے فلم ’بہاروں کی منزل‘میں بطور اداکار کام کیا۔
عمران ہاشمی۔تصویر:آئی این این
بالی ووڈکے مشہور اداکار عمران ہاشمی آج ۴۷؍برس کے ہو گئے ہیں۔۲۴؍مارچ ۱۹۷۹ءکوپیدا ہوئے عمران ہاشمی بالی ووڈ کےمشہور فلمسازمہیش بھٹ اور مکیش بھٹ کے بھانجے ہیں۔ عمران کے والد انور ہاشمی بھی ایک اداکار تھے۔ انہوں نے فلم ’بہاروں کی منزل‘میں بطور اداکار کام کیا۔ جبکہ عمران کی والدہ ماہرہ ہاشمی ملٹی نیشنل کمپنی میں ملازمت کرتی تھیں۔ عمران کی دادی پورنیما چالیس کی دہائی کی مقبول اداکارہ تھیں۔
عمران ہاشمی نے بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر وکرم بھٹ کی فلم رازسے اپنے کریر کا آغاز کیا، جو ۲۰۰۲ءمیںریلیز ہوئی تھی۔ بطور اداکار عمران ہاشمی نےاپنے کرئیر کا آغاز ۲۰۰۳ءمیںریلیز ہوئی فلم ’فٹ پاتھ‘ سے کیا۔ اگرچہ یہ فلم باکس آفس پر کوئی کمال نہیں دکھا سکی لیکن عمران ہاشمی کی سنجیدہ اداکاری کو شائقین نے بےحد پسند کیا۔۲۰۰۴ءمیںعمران ہاشمی کو ایک بار پھر وشیش فلمزکےبینر تلے بننے والی فلم’مرڈر‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں عمران کی ملیکا شیراوت کے ساتھ جوڑی کو کافی پسند کیا گیا تھا۔
عمران نےفلم مرڈر میں اپنی بولڈ اداکاری سے شائقین کے دل جیت لیے۔یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔’مرڈر‘کی کامیابی کے بعد عمران ہاشمی کی تصویر فلم انڈسٹری میں’کسنگ کنگ‘ کےطور پر قائم ہوگئی اورفلمسازوں نے اپنی فلموں میں اس امیج کا فائدہ اٹھاناشروع کردیا۔ اسی سلسلے میں ۲۰۰۵ءمیںریلیز ہوئی سپر ہٹ فلم ’عاشق بنایا آپ نے‘میں عمران ہاشمی اورتنوشری دتہ کے درمیان انتہائی بولڈ اور کسنگ سین شوٹ کیے گئے تھے۔
۲۰۰۶ءمیںریلیز ہونے والی فلم ’گینگسٹر‘ عمران کے کریئر کی ایک اور اہم فلم ثابت ہوئی۔ انہوں نےاس فلم میں سنجیدہ کردار ادا کر کے ناظرین کے دل جیت لیے۔۲۰۰۸ءکی فلم’جنت‘کاشمار ان کے کریئر کی اہم فلموں میںہوتا ہے۔ اس فلم کے ذریعے عمران نے کرکٹ میں ہونے والی سٹے بازی کو دکھانے کی کوشش کی تھی۔
۲۰۰۸ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ’ونس اپان اے ٹائم ان ممبئی‘سے قبل عمران پر یہ الزام لگایا جاتا تھا کہ وہ صرف بولڈ کردار اور کسنگ سین والے کردار ہی نبھا سکتے ہیں، لیکن اس فلم میں اپنی بہترین اداکاری سے انہوں نےاپنے ناقدین کے منہ بند کردیے۔ اس فلم میں عمران نےشعیب خان کا کردار ادا کیا تھا جو انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم سےمتاثر تھا اس کے بعد عمران ہاشمی نے’دی ڈرٹی پکچر‘،’جنت۲‘،’مرڈر۲‘ اور’راز۳‘جیسی سپرہٹ فلموں میں بھی کام کیا۔۲۰۲۱ءمیں عمران ہاشمی نے میگا اسٹار امیتابھ بچن کےساتھ فلم ’چہرے‘ میں کام کیا۔۲۰۲۳ءمیں عمران ہاشمی نے سلمان خان کے ساتھ ’ٹائیگر۳‘میں کام کیا۔ اس فلم میں عمران ہاشمی نے ولن کا کردار ادا کیا تھا جسے بے حدپسند کیا گیا۔ اس کے بعد عمران نے کرن جوہر کی سیریز ’شو ٹائم‘میں کام کیا، جسے لوگوں نے بہت پسند کیا۔ عمران ہاشمی ان دنوں فلموں ویب سیریز میں کام کر رہے ہیں۔