• Mon, 19 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گھریلو کرکٹ سے مجھے فائدہ ہوا، سنچری بنانے کے بعد سلمان آغا کا بیان

Updated: October 19, 2026, 6:06 PM IST | New Delhi

پاکستان کے آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے سری لنکا کے خلاف شاندار سنچری بنا کر اپنی فارم میں واپسی کا اعلان کردیا۔ پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جارہی سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے سری لنکا کو ۳۷؍رنز سے شکست دی۔

Salman Agha.Photo:INN
سلمان آغا۔ تصویر:آئی این این

پاکستان کے آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے سری لنکا کے خلاف شاندار سنچری بنا کر اپنی فارم میں واپسی کا اعلان کردیا۔ پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جارہی سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے سری لنکا کو ۳۷؍رنز سے شکست دی۔ راولپنڈی میں اتوار کو کھیلے گئے اس میچ میں سلمان علی آغا پاکستان کی جیت کے اہم ہیرو رہے اور اپنی شاندار سنچری کے لیے انہیں بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا۔


سلمان علی آغا گزشتہ کچھ عرصے سے خراب فارم کا سامنا کررہے تھے، لیکن سری لنکا کے خلاف ان کی ذمہ دارانہ اور جارحانہ بلے بازی نے ایک بار پھر ان کی صلاحیتوں کو ثابت کردیا۔ انہوں نے اپنی فارم میں واپسی کا سہرا گھریلو کرکٹ کو دیتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں مقامی کرکٹ کھیلنے سے انہیں اپنی خامیوں پر کام کرنے اور اعتماد بحال کرنے میں مدد ملی۔

یہ بھی پڑھئے:عمرخالد اور شرجیل امام کو بہت پہلے ضمانت مل جانی چاہیے تھی: جسٹس سُدھانشو دھولیا

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف سیریز میں انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان کے مطابق گزشتہ چار سال ان کے کرکٹ کریئر کا سب سے مشکل دور تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک کرکٹر کی زندگی میں ایسے مراحل آتے ہیں جب کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہتی۔ اس وقت ان کے پاس گھریلو کرکٹ کھیلنے اور اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا۔
سلمان علی آغا نے مزید کہا کہ انہوں نے گھریلو کرکٹ میں واپس جاکر کھیلنے اور اپنی خامیوں کو دور کرنے کا فیصلہ کیا، جس کا انہیں فائدہ ہوا۔ انہوں نے گھریلو کرکٹ میں تین سو رنز سے زائد کی انفرادی اننگز کھیل کر بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا تھا اور اسی کارکردگی نے انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں اعتماد کے ساتھ واپسی کا موقع فراہم کیا۔میچ کی بات کریں تو سلمان علی آغا پانچویں نمبر پر بلے بازی کے لیے میدان میں اترے اور انہوں نے ۹۰؍ گیندوں پر ۱۰؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۱۰۷؍ رنز بنائے۔ ان کی اس شاندار اننگز کی بدولت پاکستان کی ٹیم۵ء۴۹؍  اوورز میں ۳۰۵؍ رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

یہ بھی پڑھئے:ٹائیگر شروف فائرنگ معاملہ: کوٹا سے ۳؍ مشتبہ افراد گرفتار

۳۰۶؍ رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم  ۱ء۴۸؍اوورز میں ۲۶۸؍ رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی اور اسے ۳۷؍ رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سری لنکا کی جانب سے پون رتناایک نے ۷۹؍ رنز اور جنتھ لیانگے نے ۶۰؍رنز کی اہم اننگز کھیلیں، لیکن وہ اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے میں ناکام رہے۔ سری لنکا نے آخری پانچ وکٹیں صرف ۱۵؍رنز کے اندر گنوادیں، جس کے نتیجے میں اس کے جیتنے کے امکانات ختم ہوگئے۔
سلمان علی آغا کی سنچری نہ صرف پاکستان کی جیت میں فیصلہ کن ثابت ہوئی بلکہ اس نے یہ بھی ظاہر کیا کہ خراب فارم سے گزرنے والے کھلاڑیوں کے لیے گھریلو کرکٹ اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے، اعتماد بحال کرنے اور بین الاقوامی سطح پر مضبوط واپسی کرنے کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہوسکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK