فلمسازایس ایس راجہ مولی چاہتے ہیں کہ ہندوستانی سنیما کے لیے عالمی سطح پر ایسا ہی مضبوط مداحوں کا حلقہ قائم ہو جیسا کے پاپ اور اینیمی کے لیے موجود ہے۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں یہ با ت کہی ہے۔
EPAPER
Updated: February 20, 2026, 5:07 PM IST | Mumbai
فلمسازایس ایس راجہ مولی چاہتے ہیں کہ ہندوستانی سنیما کے لیے عالمی سطح پر ایسا ہی مضبوط مداحوں کا حلقہ قائم ہو جیسا کے پاپ اور اینیمی کے لیے موجود ہے۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں یہ با ت کہی ہے۔
فینڈینگو سے گفتگو کرتے ہوئے ۵۲؍ سالہ ہدایتکار نے ہندوستانی فلموں کے لیے زیادہ پرجوش اور وفادار ’’فین بیس‘‘ بنانے کے اپنے منصوبوں پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ میں چاہتا ہوں کہ ہندوستانی سنیما کے لیے بھی اچھا خاصا فین بیس ہو، بالکل ویسا ہی جیسے کے پاپ یا جاپانی اینیمی کے لیے ہے، جس کا مضبوط مداحوں کا حلقہ صرف کوریا اور جاپان تک محدود نہیں بلکہ پوری دنیا میں پھیلا ہوا ہے۔‘‘
راجہ مولی نے ہندوستان میں ’ڈیمن سلیئر‘ کی فلم ’’انفینٹی کیسل‘‘ آرک ٹرائیلوجی کے پہلے حصے کی کامیابی کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ جب ڈیمن سلیئر کی فلم ہندوستان میں ریلیز ہوئی تو میں بہت خوش تھا۔ فلم نے ہاؤس فل شوز کے ساتھ آغاز کیا۔ ہندوستان میں اینیمیشن فلمیں عام طور پر زیادہ کامیاب نہیں ہوتیں، اس لیے یہ اس بات کی علامت ہے کہ دنیا کس طرح کھل رہی ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ ہندوستانی سنیما کے لیے بھی دنیا اسی طرح کھلے۔‘‘
اس اینیمی فلم نے ملکی باکس آفس پر ۶۶؍ کروڑ روپے سے زائد کمائے اور۲۰۲۵ء میں ہندوستان میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی غیر ملکی فلموں میں پانچویں نمبر پر رہی۔
اپنی ۲۰۲۲ء کی فلم ’’آر آر آر‘‘ پر نظر ڈالتے ہوئے، جس نے ۲۰۲۳ء میں بہترین اوریجنل سانگ کا آسکر جیتا تھا، راجہ مولی نے کہا کہ ’’ اگر کہانی کو آفاقی بنایا جائے اور اسے سچے جذبات پر مبنی رکھا جائے تو وہ سب کو متاثر کرتی ہے۔ یہ میرا یقین ہے۔ لیکن یقین رکھنا ایک بات ہے اور اسے حقیقت بنتے دیکھنا دوسری بات۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:سری لنکا اے کو ہرا کر ہندوستان اے خاتون ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے فائنل میں
راجہ مولی چند مقبول فرنچائزز جیسے’’ڈیمن سلیئر‘‘اور ’’اٹیک آن ٹائٹن‘‘دیکھنے کے بعد اینیمی کے مداح بن گئے۔ وہ نیٹ فلکس کی اینیمیٹڈ سیریز’’ آرکین’‘ کے بھی مداح ہیں ۔ ’’آر آر آر‘‘ کا اینیمی ورژن بنانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ گیمنگ اور انٹرٹینمنٹ نیوز پورٹل پولیگون کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ’’ہم جاپان کے چند اسٹوڈیوز کے ساتھ ’’آر آر آر‘‘ کو اینیمی کی صورت میں بنانے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ میں معاملات کے طے پانے کا انتظار کر رہا ہوں۔ امید ہے کہ یہ منصوبہ مکمل ہوگا اور ہم’’آر آر آر‘‘اینیمی کے ایک دلچسپ تسلسل کا اعلان کر سکیں گے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:۱۹؍ سال بعد شکیرا کی ہندوستان واپسی، ممبئی اور دہلی میں کنسرٹ
۲۰۲۴ء میں، راجہ مولی نے جاپان میں’آر آر آر‘ کی خصوصی اسکریننگ کے دوران اینیمی ڈائریکٹر کازوتو ناکازاوا اور ویژول ایفیکٹس ماہر روئی کوروکی سے جاپانی اینیمیشن کی تخلیقی تیاری کے عمل پر تبادلہ خیال کیا۔ راجہ مولی کی آنے والی فلم ’’وارانسی ‘‘ میں مہیش بابو، پرتھوی راج سوکما رن اور پرینکا چوپڑہ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ فلم ۷؍ اپریل ۲۰۲۷ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔