Updated: July 08, 2026, 7:03 PM IST
| Mumbai
وزیر اعظم نریندر مودی نے انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں ہندوستانی برادری سے خطاب کے دوران بالی ووڈ کی مقبول فلم ’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘ اور اس کے مشہور گانے کا حوالہ دیتے ہوئے ہندوستان اور انڈونیشیا کے تعلقات کو منفرد انداز میں بیان کیا۔ مودی کے اس تبصرے پر فلم کے ہدایت کار کرن جوہر نے خوشی اور اعزاز کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محبت ایک ایسی زبان ہے جو تمام سرحدوں سے بالاتر ہے۔
کرن جوہر اور نریندر مودی۔ تصویر: آئی این این
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے تین روزہ دورۂ انڈونیشیا کے دوران جکارتہ میں ہندوستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے دونوں ممالک کے تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بالی ووڈ کی کلاسک فلم ’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘ کے معروف گانے کا حوالہ دے کر حاضرین کی توجہ حاصل کر لی۔ اپنی تقریر میں وزیر اعظم نے کہا کہ ’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘ انڈونیشیا میں بھی بے حد مقبول ہے، اور جب ہندوستان اور انڈونیشیا ایک ساتھ آگے بڑھتے ہیں تو صرف ’’کچھ کچھ‘‘ نہیں بلکہ ’’بہت کچھ‘‘ حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ ہندوستان کا گانا ’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘ بہت ہی لوک پریہ ہے۔ آج میں کہتا ہوں کہ جب ہندوستان اور انڈونیشیا ساتھ مل کر چلتے ہیں تو ’’کچھ کچھ‘‘ سے بھی آگے بڑھ کر ’’بہت کچھ‘‘ ہوتا ہے۔‘‘
وزیر اعظم کی تقریر کے بعد فلم کے ہدایت کار کرن جوہر نے سوشل میڈیا پر اس کلپ کو شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ کرن جوہر نے لکھا کہ ’’ہمارے معزز وزیر اعظم نریندر مودی جی کا جکارتہ میں ’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘ کا ذکر کرنا میرے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ محبت واقعی ایک ایسی زبان ہے جو ہر سرحد سے بالاتر ہے۔ اس گانے کو اپنانے اور اسے ہمیشہ زندہ رکھنے کے لیے آپ کا شکریہ۔‘‘ واضح رہے کہ ’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘ کرن جوہر کی بطور ہدایت کار پہلی فلم تھی، جس میں شاہ رخ خان، کاجول اور رانی مکھرجی نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، جبکہ سلمان خان بھی خصوصی کردار میں نظر آئے تھے۔ ۱۶؍ اکتوبر ۱۹۹۸ء کو ریلیز ہونے والی یہ فلم نہ صرف باکس آفس پر بڑی کامیابی ثابت ہوئی بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ اسے بالی ووڈ کی کلٹ کلاسک فلموں میں شمار کیا جانے لگا۔ فلم کے گیت، مکالمے، فیشن اور کردار آج بھی شائقین میں مقبول ہیں۔ اس فلم میں ارچنا پورن سنگھ، انوپم کھیر، ثنا سعید، فریدہ جلال، ریما لاگو اور جانی لیور نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔

کرن جوہر کی پوسٹ کا عکس۔ تصویر: ایکس
دوسری جانب، وزیر اعظم مودی نے انڈونیشیا کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دینے میں کردار کے اعتراف میں انڈونیشیا کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز ’’بنتانگ اڈی پورنا‘‘ سے بھی نوازا گیا۔ انڈونیشیا کے بعد وزیر اعظم اپنے تین ملکی دورے کے اگلے مرحلے میں آسٹریلیا روانہ ہو گئے، جبکہ ان کے غیر ملکی دورے کا اختتام نیوزی لینڈ کے دورے پر ہوگا۔