• Thu, 26 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

منموہن دیسائی نے مسالا فلموں کا سلسلہ شروع کیا تھا

Updated: February 26, 2026, 10:56 AM IST | Agency | Mumbai

آج بالی ووڈکے معروف فلم سازمنموہن دیسائی کی ۸۹؍ویںسالگرہ منائی جا رہی ہے۔ہندستانی فلم پروڈیوسر اور ہدایتکارمنموہن دیسائی ۱۹۷۰ء اور ۱۹۸۰ءکی دہائی کے سب سے کامیاب فلم سازوں میں شمار کیےجاتے ہیں۔

Manmohan Desai.Photo:INN
منموہن دیسائی۔ تصویر:آئی این این
آج بالی ووڈکے معروف فلم سازمنموہن دیسائی کی ۸۹؍ویںسالگرہ منائی جا رہی ہے۔ہندستانی فلم پروڈیوسر اور ہدایتکارمنموہن دیسائی  ۱۹۷۰ء اور ۱۹۸۰ءکی دہائی کے سب سے کامیاب فلم سازوں میں شمار کیےجاتے ہیں۔ بالی ووڈ میں وہ ایک بااثر اور انتہائی مقبول ہدایتکار تھے اور مسالہ فلموں کے بانیوںمیں ان کا نام نمایاں ہے۔وہ واحد ہدایت کار تھےجنہوںنےمسلسل ۷؍سلور جوبلی اور۴؍گولڈن جوبلی فلمیں دیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر۲۳؍فلمیں بنائیں جن میں سے ۱۵؍سپر ہٹ ثابت ہوئیں۔
منموہن دیسائی کی پیدائش۲۶؍فروری۱۹۳۷ءکو ممبئی میںہوئی تھی۔ ان کے والد کیکوبھائی فلم ساز تھے۔ ۱۹۳۱ءمیںانہوں نے پیراماؤنٹ فلم اسٹوڈیو کی بنیاد رکھی، جہاں زیادہ تر ایکشن فلمیں بنائی جاتی تھیں۔
 
 
منموہن شروع سے ہی ہدایت کار بننا چاہتے تھے اور اپنی پہلی فلم میں راج کپور اور نوتن کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے۔ جب یہ بات راج کپور تک پہنچی تو انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ منموہن تو ابھی بچےہیں، یہ کیسے ممکن ہے؟ اس پر سبھاش گھئی نے جواب دیا کہ جب راج کپورنےاپنی پہلی فلم بنائی تھی تو وہ بھی تقریباً اسی عمر کے تھے۔ بعد ازاں منموہن دیسائی نے راج کپور کو فلم چھلیا کی پیشکش کی۔ نوتن بھی اس فلم میں کام کرنا چاہتی تھیں، لیکن راج کپور نے واضح طور پر کہا کہ اگر گانے صحیح انداز میں فلمائے نہ گئے تو وہ فلم ادھوری چھوڑ دیں گے۔فلم کی شوٹنگ شروع ہوئی اور پہلا گانا تھا ڈم ڈم ڈیگا ڈیگا ۔ فلم مکمل ہونےپر راج کپور نے خوشی کا اظہار کیا۔ ریلیز کے بعد گانے بے حد مقبول ہوئے اور منموہن دیسائی کو اپنی پہلی ہی فلم سے خوب پذیرائی ملی۔ اس کے بعد انہوں نے کئی سپر ہٹ فلمیں بنائیں، جن میں بلف ماسٹر، جھوٹا، سچا جھوٹا، روٹی، رام پور کا لکشمن، بھائی ہو تو ایسا، شامل ہیں۔ تاہم جس فلم نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا وہ تھی امر اکبر انتھونی، جس میں امیتابھ، ونود کھنہ، رشی کپور نے مرکزی کردار ادا کیے۔ منموہن دیسائی نے راج کپور، شمی کپور، ششی کپور جیسے بڑے اداکاروں کے ساتھ بھی کام کیا۔ وہیںانہوں نے راجیش کھنہ کے ساتھ فلمیں بنائیں، جن میں سچا جھوٹا اور روٹی جیسی بہترین فلمیںشامل ہیں۔ان کے پسندیدہ اداکار امیتاب بچن تھے، جن کے ساتھ انہوں نے۷؍ سپرہٹ فلمیں بنائیں۔ان میںامر اکبر انتھونی، قلی، پرورش، سہاگ، نصیب، مرد اور گنگا جمنا سروسوتی شامل ہیں۔ ان فلموں میں کام کرکے امیتابھ بچن کو زبردست شہرت ملی۔ 
 
 
ان کی شادی جیون پربھا گاندھی سے ہوئی تھی۔ لیکن ان کی اہلیہ کا ۱۹۷۹ءمیں انتقال ہو گیا ۔ ان کا ا ایک بیٹاکیتن دیسائی ہے جو فلم انڈسٹری سےوابستہ ہے۔ یکم مارچ۱۹۹۴ءکومنموہن دیسائی ۵۷؍ سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق فلمساز کی موت بالکونی سے گرنے سے ہوئی۔ تاہم ان کی موت کے بعدبہت سی باتیں سامنے آئیں۔ لوگوںنےکہا کہ انہوں نے خودکشی کی ہے۔ ان کی موت کیسے ہوئی اس بارے میں ابھی تک کوئی انکشاف نہیں ہو سکا ہے۔ آج بھی ان کی موت لوگوں کے لیے ایک معمہ بنی ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK