ممبئی کے نیشنل گیلری آف ماڈرن آرٹ (این جی ایم اے) میں منعقدہ یونیسکو کریئیٹو سٹی فلم ایونٹ میں اداکارہ شریا پلگاؤنکر نے فلم انڈسٹری، شہرِ ممبئی اور اپنے کیریئر کے بارے میں گفتگو کی۔
EPAPER
Updated: May 24, 2026, 10:09 PM IST | Mumbai
ممبئی کے نیشنل گیلری آف ماڈرن آرٹ (این جی ایم اے) میں منعقدہ یونیسکو کریئیٹو سٹی فلم ایونٹ میں اداکارہ شریا پلگاؤنکر نے فلم انڈسٹری، شہرِ ممبئی اور اپنے کیریئر کے بارے میں گفتگو کی۔
ممبئی کے نیشنل گیلری آف ماڈرن آرٹ (این جی ایم اے) میں منعقدہ یونیسکو کریئیٹو سٹی فلم ایونٹ میں اداکارہ شریا پلگاؤنکر نے فلم انڈسٹری، شہرِ ممبئی اور اپنے کیریئر کے بارے میں گفتگو کی۔ اس دوران انہوں نے مراٹھی اور ہندی سنیما کے بدلتے دور، او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے بڑھتے اثرات اور فنکاروں کو ملنے والے نئے مواقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ شریا نے کہا کہ ممبئی ان کے لیے صرف ایک شہر نہیں بلکہ ایک جذبہ ہے، جس نے لاکھوں لوگوں کو خواب دیکھنے اور انہیں پورا کرنے کا حوصلہ دیا ہے۔
ایک انٹر ویو کے دوران شریا پلگاؤنکر نے کہا ’’ممبئی میری جنم بھومی اور کرم بھومی دونوں ہے۔ این جی ایم اے جیسے باوقار پلیٹ فارم پر ممبئی کو یونیسکو سٹی آف فلم کے طور پر منانا میرے لیے بے حد فخر کی بات ہے۔ لوگ اکثر ممبئی کو خوابوں کا شہر کہتے ہیں، لیکن یہ شہر صرف خواب نہیں دکھاتا بلکہ انہیں پورا کرنے کی طاقت بھی دیتا ہے۔ اس شہر نے بے شمار فنکاروں کو اپنی پہچان بنانے کا موقع فراہم کیا ہے۔‘‘
شریا نے اپنے والد کا ذکر کرتے ہوئے کہا ’’میرے والد گزشتہ ۶۰؍ برس سے سنیما سے وابستہ ہیں اور انہوں نے مراٹھی فلم انڈسٹری میں بڑا تعاون دیا ہے۔ میں اپنے والدین سے مسلسل متاثر ہوتی ہوں۔ لوگ اکثر سوچتے ہیں کہ فنکاروں کا کیریئر صرف چند برسوں تک ہوتا ہے، لیکن میرے والدین آج بھی پوری توانائی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ میں بھی ساری زندگی اداکاری اور فن سے جڑی رہنا چاہتی ہوں۔‘‘
انہوں نے کہا ’’صرف فلمیں دیکھنا ہی ضروری نہیں بلکہ تھیٹر اور اسٹیج آرٹسٹس کی حمایت کرنا بھی بہت ضروری ہے۔ آج او ٹی ٹی اور ویب سیریز کے آنے کے بعد فنکاروں کے لیے نئے راستے کھلے ہیں۔ پہلے جہاں فنکاروں کے پاس محدود مواقع ہوتے تھے، وہیں اب مختلف پلیٹ فارمز کی وجہ سے انہیں اپنی صلاحیت دکھانے کے زیادہ مواقع مل رہے ہیں۔ گزشتہ چند برسوں میں میں نے خود بھی او ٹی ٹی پر زیادہ توجہ دی ہے اور وہاں ناظرین سے مجھے بہت محبت ملی ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:بھوپال میں’’ پیڈی‘‘ کی آواز کنسرٹ میں اے آر رحمان اور رام چرن کی شرکت
اپنے فلمی پس منظر کے بارے میں بھی شریا نے مختلف نقطۂ نظر پیش کیا۔ انہوں نے کہا ’’میں فلمی بیک گراؤنڈ جیسے لفظ کا استعمال نہیں کرنا چاہتی، کیونکہ میں کہانیوں کے درمیان پلی بڑھی ہوں۔ بچپن سے ہی گھر میں سنیما کا ماحول تھا اور یہی وجہ ہے کہ مجھے کہانیوں اور اداکاری سے گہرا لگاؤ ہو گیا۔ میں خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ میری پیدائش ایسے خاندان میں ہوئی جہاں فن اور سنیما پہلے سے موجود تھا۔‘‘
سوشل میڈیا اور ناظرین کی سوچ پر بھی شریا نے اپنی رائے دی۔ انہوں نے کہا ’’آج کل سوشل میڈیا پر اکثر منفی چیزوں کی زیادہ بات ہوتی ہے جبکہ لوگوں کو ان فنکاروں اور کہانیوں کے بارے میں بھی گفتگو کرنی چاہیے جنہیں وہ پسند کرتے ہیں۔ اگر ناظرین اچھی کہانیوں اور اچھے کانٹینٹ کی حمایت کریں گے، تبھی مزید بہتر فلمیں اور سیریز بنیں گی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:گُروِیندر ویر سنگھ سب سے تیز ہندوستانی اسپرنٹر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا
ورک فرنٹ کی بات کریں تو شریا پلگاؤنکر آنے والے مہینوں میں دو بڑے پروجیکٹس میں نظر آنے والی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مشہور ویب سیریز ’مرزاپور‘ پر مبنی فلم اب تھیٹر میں ریلیز ہونے والی ہے، جس کے لیے وہ بے حد پرجوش ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ہدایت کار پریہ درشن کی فلم ’’حیوان‘‘ میں بھی دکھائی دیں گی۔ شریا نے کہا کہ آنے والا وقت ان کے لیے بہت خاص ہونے والا ہے اور وہ نئے پروجیکٹس کے حوالے سے کافی پُرجوش ہیں۔