Inquilab Logo Happiest Places to Work

سیاستداں اتحاد کا ہنر ان سے سیکھیں:شیکھر سمن کا عامر خان کی تیسری شادی پر طنز

Updated: July 13, 2026, 4:02 PM IST | Mumbai

اداکار اور میزبان شیکھر سمن نے اپنے یوٹیوب شو میں بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کی گوری اسپریٹ سے شادی پر اپنے مخصوص طنزیہ انداز میں تبصرہ کیا۔ انہوں نے عامر کی شادیوں کو سیاسی اتحادوں سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاست دانوں کو بھی اتحاد قائم رکھنے کا ہنر ان سے سیکھنا چاہیے۔ شیکھر سمن نے مزاحیہ انداز میں عامر کی تیسری شادی کو ’’مہاگٹھ بندھن‘‘ قرار دیا اور مختلف سیاسی حوالوں سے دلچسپ جملے کہے۔ عامر خان نے رواں ماہ ممبئی میں گوری اسپریٹ کے ساتھ سادہ رجسٹریشن تقریب میں شادی کی تھی۔ خیال رہے کہ یہ عامر کی تیسری شادی ہے۔

Aamir Khan with his third wife Gauri Spirit and Shekhar Suman in the second picture. Photo: INN
عامر خان اپنی تیسری بیوی گوری اسپریٹ کے ساتھ اور دوسری تصویر میں شیکھر سمن۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ کے معروف اداکار اور میزبان شیکھر سمن نے سپر اسٹار عامر خان کی گوری اسپریٹ سے حالیہ شادی پر اپنے مخصوص طنزیہ اور مزاحیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست دانوں کو بھی اتحاد بنانے اور نبھانے کا فن عامر خان سے سیکھنا چاہیے۔ اپنے مقبول یوٹیوب ٹاک شو ’’شیکھر ٹونائٹ‘‘ کے تازہ ترین ایپی سوڈ میں شیکھر سمن نے عامر خان کی تیسری شادی کو موضوع بناتے ہوئے متعدد سیاسی اور سماجی حوالوں کے ساتھ دلچسپ جملے کہے، جنہیں سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ مل رہی ہے۔ شیکھر سمن نے کہا، ’’اس شخص نے آنے والی کئی نسلوں کو ایک نیا وژن دیا ہے، اور وہ وژن یہ ہے کہ جب تک مقصد حاصل نہ ہو، اس کا پیچھا کرتے رہو۔‘‘ انہوں نے مزاحیہ انداز میں مزید کہا کہ ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو عامر خان سے کچھ نہ کچھ ضرور سیکھنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھئے: فلم ’’جراسک پارک‘‘ کے اداکار سیم نیل کا ۷۸؍ سال کی عمر میں انتقال

انہوں نے کہا، ’’خاص طور پر سیاست دانوں کو عامر خان سے اتحاد کا فن سیکھنا چاہیے۔ اکثر کہا جاتا ہے کہ سیاست دان اتحاد کرنا جانتے ہیں، لیکن انہیں اصل سبق عامر خان سے لینا چاہیے۔‘‘ شیکھر سمن نے عامر خان کی پہلی دو شادیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رینا دتہ اور کرن راؤ کے ساتھ ان کے ’’اتحاد‘‘ ختم ہونے کے بعد اب گوری اسپریٹ کے ساتھ ان کا نیا رشتہ ایک ’’مہاگٹھ بندھن‘‘ بن گیا ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا، ’’ہماری حکومت ڈبل انجن بھی مشکل سے چلا پاتی ہے، جبکہ عامر خان اب ٹرپل انجن چلا رہے ہیں۔‘‘

مزید مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے شیکھر سمن نے عامر خان کی ذاتی زندگی کو ایک انجن ڈرائیور سے تشبیہ دی، جو ہر اسٹیشن پر ایک نئی بوگی جوڑتا اور پرانی الگ کرتا رہتا ہے تاکہ آخرکار ایک مکمل ٹرین تیار ہو جائے۔ انہوں نے کہا، ’’ان کا ٹیلنٹ ناقابلِ یقین ہے۔ وہ ایسے انجن کی طرح ہیں جس میں پیٹرول، ایتھنول اور آئسو بیوٹانول سب ایک ساتھ چل رہے ہوں، لیکن اس کے باوجود ان کا انجن ابھی تک پوری روانی سے نئی منزل کی طرف بڑھ رہا ہے۔‘‘ شیکھر سمن نے سیاسی طنز جاری رکھتے ہوئے کہا، ’’اگر کوئی اپنے ’’اچھے دن‘‘ واپس نہیں لا سکا تو عامر خان ضرور تیسری بار اس میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے تیسری مرتبہ مکمل اکثریت کے ساتھ حکومت بنا لی ہے۔ اب شاید وزیر اعظم نریندر مودی بھی سوچ رہے ہوں گے کہ ان کے سامنے ایک نیا مقابلہ آ گیا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ’’راکھ‘‘ کی کامیابی کے بعد، رمندیپ یادو نے ہارر کامیڈی سیریز کی شوٹنگ شروع کردی

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن اتحاد INDIA کو بھی عامر خان سے یہ سیکھنا چاہیے کہ مختلف لوگوں کو ایک ساتھ لے کر کیسے چلا جاتا ہے۔ شیکھر سمن نے عامر خان کے خاندان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شادی کی تقریب میں پہلی دو شادیوں سے ہونے والے بچوں کے ساتھ ساتھ گوری اسپریٹ کے پہلے رشتے سے بیٹا بھی موجود تھا، جس سے تقریب مکمل طور پر ایک خاندانی ماحول میں منعقد ہوئی۔ انہوں نے کہا، ’’اسے ہی تو ‘وسودھیو کٹمبکم’ کہتے ہیں، یعنی پوری دنیا ایک خاندان ہے۔‘‘ آخر میں انہوں نے عامر خان کے مشہور لقب ’’مسٹر پرفیکشنسٹ‘‘ پر بھی دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’’اب مجھے سمجھ آیا کہ انہیں پرفیکشنسٹ کیوں کہا جاتا ہے، کیونکہ وہ کسی کام کو اس وقت تک کرتے رہتے ہیں جب تک اس میں مکمل مہارت حاصل نہ کر لیں۔ ویسے بھی پرفیکشن کی کوئی حد نہیں ہوتی… وہاں نہ کوئی سیما ہوتی ہے، نہ کوئی رینا اور نہ کوئی کرن۔‘‘

واضح رہے کہ عامر خان نے ۵؍ جولائی کو ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر انتہائی سادہ رجسٹریشن تقریب میں گوری اسپریٹ سے شادی کی تھی، جس میں صرف خاندان کے افراد اور قریبی دوست شریک ہوئے تھے۔ اس موقع پر عامر خان کے بچوں جنید خان، ایرا خان اور آزاد راؤ خان کے علاوہ گوری اسپریٹ کے پہلے رشتے سے بیٹے نے بھی شرکت کی۔ عامر خان کی پہلی شادی ۱۹۸۶ء میں رینا دتہ سے ہوئی تھی، جو ۲۰۰ء میں ختم ہوئی، جبکہ انہوں نے۲۰۰۵ء میں فلم ساز کرن راؤ سے شادی کی، تاہم دونوں نے ۲۰۲۱ء میں علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK