Updated: November 18, 2026, 9:56 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کی فلم ’’رامائن‘‘ ریلیز کے بعد ایک نئے تنازع میں گھر گئی ہے۔ ہندو تنظیم ہندو جن جاگرتی سمیتی نے فلم سازوں پر مہارشی والمیکی کی اصل ’’رامائن‘‘ کے واقعات اور کرداروں کو تبدیل کرنے، راون کو مثبت انداز میں پیش کرنے اور بھگوان رام، لکشمن اور سیتا کے کرداروں کی روایتی شبیہ سے مختلف عکاسی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
رامائن۔ تصویر:آئی این این
بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کی فلم ’’رامائن‘‘ ریلیز کے بعد ایک نئے تنازع میں گھر گئی ہے۔ ہندو تنظیم ہندو جن جاگرتی سمیتی نے فلم سازوں پر مہارشی والمیکی کی اصل ’’رامائن‘‘ کے واقعات اور کرداروں کو تبدیل کرنے، راون کو مثبت انداز میں پیش کرنے اور بھگوان رام، لکشمن اور سیتا کے کرداروں کی روایتی شبیہ سے مختلف عکاسی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ تنظیم نے ہندوؤں سے فلم نہ دیکھنے کی اپیل کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر فلم کے دوسرے حصے میں بھی اسی نوعیت کی تبدیلیاں پائی گئیں تو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔
ہندو جن جاگرتی سمیتی کے مطابق فلم میں راون کو ایک ایسے حکمراں کے طور پر پیش کیا گیا ہے جو مظلوموں کی حفاظت کرتا ہے اور غریبوں کو سونے کے گھر فراہم کرتا ہے۔ تنظیم نے اس عکاسی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ روایتی رامائن میں راون کو ایک ایسے راکشس راجا کے طور پر بیان کیا گیا ہے جس نے رشی منیوں کو پریشان کیا اور ان کے آشرموں کو نقصان پہنچایا۔تنظیم کا الزام ہے کہ فلم میں راون کو سماجی انصاف کے علمبردار اور خواتین کے احترام کا محافظ دکھانے کی کوشش کی گئی ہے، جو اس کے مطابق روایتی مذہبی بیانیے سے مطابقت نہیں رکھتا۔ تنظیم نے خاص طور پر سیتا کے اغوا کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ راون کی ایسی مثبت تصویر پیش کرنا اصل کہانی کے بنیادی تصور کو متاثر کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:علی فضل نصیرالدین شاہ کے ساتھ بی بی سی کی نئی سیریز میں مرکزی کردار ادا کریں گے
تنظیم نے فلم میں سورپنکھا کے واقعہ کی پیش کش پر بھی اعتراض کیا ہے۔ اس کا دعویٰ ہے کہ فلم میں سورپنکھا کو صرف شادی کی پیش کش کرنے والی خاتون کے طور پر دکھایا گیا ہے، جس کے بعد لکشمن اس کی ناک کاٹ دیتے ہیں۔ہندو تنظیم کو اس کے بعد دکھائے گئے ایک منظر پر بھی اعتراض ہے، جس میں سیتا مبینہ طور پر لکشمن کو ٹوکتے ہوئے کہتی ہیں کہ انہیں کسی عورت کا چہرہ بگاڑنے کا حق نہیں تھا۔ تنظیم کے مطابق یہ مکالمہ اور واقعہ کی یہ پیش کش والمیکی رامائن کے بیان سے مختلف ہے۔اس کے علاوہ فلم میں رام کو راکشسوں کھرا اور دُوشن سے معذرت کرتے ہوئے دکھائے جانے کے منظر پر بھی سوال اٹھائے گئے ہیں۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اضافی واقعات اصل رزمیہ داستان میں موجود نہیں اور انہیں شامل کرکے کہانی کو جدید نظریاتی زاویے سے پیش کیا گیا ہے۔
ہندو جن جاگرتی سمیتی نے فلم میں بھگوان رام اور لکشمن کی جنگی صلاحیتوں اور بہادری کی عکاسی پر بھی اعتراض کیا ہے۔ تنظیم کا دعویٰ ہے کہ بعض مناظر میں دونوں کو کھرا، دُوشن اور ان کی راکشس فوج کے مقابلے میں پیچھے ہٹتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جبکہ تڑکا کے خلاف جنگ سے متعلق منظر پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔تنظیم کے مطابق رام اور لکشمن کو روایتی طور پر غیر معمولی بہادری، حوصلے اور جنگی مہارت کے حامل کرداروں کے طور پر پیش کیا جاتا ہے، اس لیے فلم میں ان کی ایسی عکاسی مذہبی عقیدے سے وابستہ افراد کے لیے باعث تشویش ہے۔لکشمن کے کردار کے بارے میں تنظیم نے الزام لگایا ہے کہ انہیں مغرور، جلد غصہ ہونے والا اور طنزیہ انداز میں بات کرنے والا دکھایا گیا ہے۔ تنظیم کے مطابق لکشمن کی روایتی شبیہ قربانی، عاجزی، وفاداری اور بھائی رام سے غیر معمولی محبت کی علامت کی ہے۔ فلم میں وشوامتر اور اگستیہ جیسے رشیوں کے ساتھ ان کے رویے پر بھی اعتراض کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:انگلینڈ نے آسٹریلیا کو ۹۷؍ رن سے شکست دے کر سیریزجیت لی
فلم میں سیتا کے کردار کو لے کر بھی تنازع سامنے آیا ہے۔ تنظیم نے الزام لگایا ہے کہ ایک طرف سیتا کو راکشسوں سے لڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے، لیکن جب راون انہیں اغوا کرتا ہے تو وہ مزاحمت کرتی نظر نہیں آتیں۔ تنظیم نے اسے کردار کی پیش کش میں تضاد قرار دیا ہے۔اس کے علاوہ سیتا کے سویم ور کے منظر میں راون کی عدم موجودگی پر بھی سوال اٹھایا گیا ہے۔ تنظیم کے مطابق اس کی تشریح میں اصل رامائن کے اس واقعہ کو نظرانداز کیا گیا ہے جس میں راون سیتا کے سویم ور میں موجود تھا، لیکن بھگوان شیو کا دھنش اٹھانے میں ناکام رہا تھا۔
دوسری جانب فلم کے پروڈیوسر نمیت ملہوترا کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ فلم کی کہانی والمیکی رامائن پر مبنی ہے، تاہم اس میں رامائن کے دیگر معروف نسخوں اور روایات سے بھی کچھ عناصر شامل کیے گئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق نمیت ملہوترا نے کہا ہے کہ رامائن کے تقریباً ۳۰۰ ؍مختلف ورژن موجود ہیں اور فلم سازوں نے مختلف روایات سے منتخب عناصر کو شامل کرکے ایک مربوط سینما کی کہانی تیار کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس مؤقف کے باعث فلم کی تخلیقی آزادی اور مذہبی داستان کی روایتی تشریح کے درمیان بحث مزید نمایاں ہوگئی ہے۔