• Sun, 11 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گوری خان کیلئے شاہ رخ جیل پہنچ گئے تھے، نانا پاٹیکر نے باہر نکلوایا!

Updated: October 11, 2026, 11:31 AM IST | Mumbai

ایک وقت ایسا بھی آیا تھا جب شاہ رخ خان کو ایک صحافی سے جھگڑے کے بعد جیل جانا پڑا تھا۔ اس مشکل گھڑی میں نانا پاٹیکر ان کی مدد کیلئے آگے آئے اور انہیں جیل سے باہر نکلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان اور معروف اداکار نانا پاٹیکر کے درمیان تعلقات صرف فلموں تک محدود نہیں تھے، بلکہ دونوں کے درمیان گہری دوستی بھی تھی۔ ایک وقت ایسا بھی آیا تھا جب شاہ رخ خان کو ایک صحافی سے جھگڑے کے بعد جیل جانا پڑا تھا۔ اس مشکل گھڑی میں نانا پاٹیکر ان کی مدد کیلئے آگے آئے اور انہیں جیل سے باہر نکلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ واقعہ ۱۹۹۰ءکی دہائی کے ابتدائی برسوں کا ہے، جب شاہ رخ خان فلمی دنیا میں اپنی شناخت بنانے کی کوشش کررہے تھے اور گوری خان سے ان کی نئی نئی شادی ہوئی تھی۔ دراصل، شاہ رخ خان اس وقت فلم ’کبھی ہاں کبھی نا‘ میں کام کررہے تھے۔ اسی دوران ایک میگزین میں ان کا نام ایک ساتھی اداکارہ کے ساتھ جوڑ دیا گیا۔ اس خبر سے ان کی اہلیہ گوری خان کافی پریشان ہوگئی تھیں۔ شاہ رخ نے ایک تقریب میں اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اس خبر نے انہیں اس قدر ناراض کردیا تھا کہ انہوں نے متعلقہ صحافی سے براہِ راست بات کرنے کا فیصلہ کیا۔ شاہ رخ خان نے جب صحافی سے رابطہ کیا تو اس نے وضاحت کی کہ یہ خبر محض مذاق کے طور پر لکھی گئی تھی، لیکن اداکار کا غصہ ٹھنڈا نہیں ہوا۔ وہ اس معاملے کو اپنے طور پر حل کرنا چاہتے تھے۔ ان کے پاس ایک خاص ہتھیار بھی تھا جو انہیں ان کے سسر نے دیا تھا۔ شاہ رخ کے سسر فوج میں افسر تھے۔ اداکار نے خود اعتراف کیا تھا کہ اس واقعے کے دوران انہوں نے وہاں موجود لوگوں کو دھمکایا اور ایک نوجوان کو ’خُکری‘ سے زخمی بھی کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: ریکھا نے اپنی بے پناہ صلاحیتوں کے دم پر خوب نام کمایا

شاہ رخ خان نے اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے بہت برا برتاؤ کیا تھا اور اس کی وجہ سے انہیں جیل جانا پڑا۔ ان کے مطابق، ان کے سسر نے انہیں ایک تلوار تحفے میں دی تھی، جیسا کہ پنجابی شادیوں میں اکثر ہوتا ہے۔ وہ اسی تلوار کو لے کر صحافی کے گھر پہنچ گئے تھے۔ اس واقعے کے بعد پولیس نے شاہ رخ خان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس انہیں تھانے لے جانے سے پہلے فلم ’کبھی ہاں کبھی نا‘ کے سیٹ پر بھی پہنچی تھی۔ شام ۶؍بجے کے بعد کا وقت ہونے کی وجہ سے انہیں فوری طور پر ضمانت نہیں مل سکی اور انہیں حراست میں رہنا پڑا۔ شاہ رخ خان کو حراست کے دوران فون کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنے وکیل یا گھر والوں کو فون کرنے کے بجائے اسی شخص سے رابطہ کیا جس سے ان کا جھگڑا ہوا تھا۔ وہ فون پر بھی اسے دھمکاتے رہے۔ شاہ رخ نے صحافی سے کہا تھا کہ اب تو وہ اس معاملے میں جیل بھی جاچکے ہیں، اس لیے باہر آنے کے بعد اسے نہیں چھوڑیں گے۔ تاہم، آخرکار شاہ رخ خان نے اس معاملے کو مزید نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا، کیونکہ اس واقعے سے گوری خان بہت پریشان ہوگئی تھیں۔ اسی مشکل وقت میں نانا پاٹیکر ان کی مدد کے لیے آگے آئے اور شاہ رخ کو جیل سے باہر نکلوانے میں مدد کی۔ شاہ رخ خان اور نانا پاٹیکر نے ۱۹۹۲ء میں ریلیز ہونے والی عزیز مرزا کی فلم ’راجو بن گیا جنٹلمین‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔ فلمی دنیا میں ان کی اسی شناسائی نے آگے چل کر ایک مضبوط رشتے کی شکل اختیار کرلی۔ نانا پاٹیکر نے ایک انٹرویو میں شاہ رخ خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سپر اسٹار ہونے کے باوجود شاہ رخ ان سے ہمیشہ بڑی گرم جوشی اور محبت سے ملتے ہیں، حالانکہ دونوں کو ایک ساتھ کام کیے ہوئے کئی برس گزر چکے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK