نیٹ فلکس کی پاکستانی سیریز’ ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ کا ٹریلر جاری
Updated: November 25, 2026, 7:34 PM IST
| Karachi
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے مقبول اداکار فواد خان اور ماہرہ خان ایک بار پھر اپنی شاندار آن اسکرین جوڑی کے ساتھ ناظرین کے سامنے آنے کے لیے تیار ہیں۔ عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے اپنی پہلی پاکستانی اوریجنل سیریز ’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ کا باضابطہ ٹریلر جاری کردیا ہے، جس میں محبت، جدائی، رشتوں کی پیچیدگیوں، خاندانی روایات اور زندگی کے تلخ تجربات کی مختلف کہانیاں دکھائی گئی ہیں۔
صنم اور فواد۔ تصویر:آئی این این
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے مقبول اداکار فواد خان اور ماہرہ خان ایک بار پھر اپنی شاندار آن اسکرین جوڑی کے ساتھ ناظرین کے سامنے آنے کے لیے تیار ہیں۔ عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے اپنی پہلی پاکستانی اوریجنل سیریز ’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ کا باضابطہ ٹریلر جاری کردیا ہے، جس میں محبت، جدائی، رشتوں کی پیچیدگیوں، خاندانی روایات اور زندگی کے تلخ تجربات کی مختلف کہانیاں دکھائی گئی ہیں۔ سیریز کا ٹریلر ۲۴ ؍نومبر کو جاری کیا گیا، جبکہ اس کی عالمی ریلیز ۴ ؍ دسمبر ۲۰۲۶ کو طے ہے۔ اس سیریز میں فواد خان، ماہرہ خان، ہانیہ عامر، صنم سعید، احد رضا میر، اقرا عزیز اور حمزہ علی عباسی سمیت پاکستان کے کئی معروف فنکار اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی کہانی صرف ایک جوڑے کی محبت تک محدود نہیں بلکہ تین نسلوں سے تعلق رکھنے والی چھ مختلف محبت کی کہانیوں کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہے۔ ٹریلر میں محبت کے خوبصورت لمحات کے ساتھ رشتوں میں پیدا ہونے والی غلط فہمیوں، دھوکے، خاندانی دباؤ، جذباتی تکلیف اور ماضی کے زخموں کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے۔ٹریلر کی ابتدا ایک معنی خیز جملے سے ہوتی ہے، جس کا مفہوم ہے کہ ہر محبت کی کہانی شروع ہونے سے پہلے ہی اس کا ایک پس منظر ہوتا ہے۔ اس کے بعد ناظرین کو مختلف کرداروں اور ان کی زندگیوں سے متعارف کرایا جاتا ہے، جہاں ہر شخص محبت، اعتماد اور اپنے ماضی کے ساتھ ایک الگ جدوجہد کرتا دکھائی دیتا ہے۔ سیریز میں پاکستان کے روایتی ماحول کے ساتھ یورپ کے خوبصورت مقامات، خصوصاً روم کے مناظر بھی شامل کیے گئے ہیں۔ فواد خان سیریز میں محمود نامی کردار ادا کررہے ہیں، جس کی زندگی اس وقت ایک نیا موڑ لیتی ہے جب حالات اسے اپنے گاؤں واپس آنے پر مجبور کردیتے ہیں۔ ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ محمود کو اپنے خاندان اور برادری کی ذمہ داریاں سنبھالنی پڑتی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اس کی زندگی میں صنم سعید کے کردار وٹوریا کے ساتھ ایک پیچیدہ رومانوی تعلق بھی دکھائی دیتا ہے۔فواد خان نے اپنے کردار اور وٹوریا کے تعلق کو دو مختلف دنیاؤں کے جذباتی اور مزاجی امتزاج کے طور پر بیان کیا ہے۔ ان کے مطابق وٹوریا ایک پرجوش، تیز مزاج اور مضبوط شخصیت کی حامل خاتون ہے، جس کے ساتھ محمود کا تعلق کہانی میں اہم موڑ پیدا کرتا ہے۔
ماہرہ خان سیریز میں راحت نامی خاتون کا کردار ادا کررہی ہیں۔ ٹریلر میں ان کے کردار کی زندگی میں محبت اور ماضی کے تعلقات سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کو نمایاں کیا گیا ہے۔ راحت کا تعلق احمد علی اکبر کے کردار سے دکھائی دیتا ہے، تاہم بلال اشرف کے کردار وقار خان کے ساتھ اس کے ماضی کا ایک نامکمل رشتہ بھی کہانی میں اہمیت رکھتا ہے۔فواد خان اور ماہرہ خان کی جوڑی کو ایک بار پھر ایک بڑے پروجیکٹ میں دیکھنے کے لیے مداح خاصے پرجوش ہیں۔ دونوں فنکار ماضی میں مقبول ڈرامہ ’’ہمسفر‘‘ کے ذریعے ناظرین کے دلوں میں جگہ بنا چکے ہیں، جبکہ ۲۰۲۵ ءکی رومانوی فلم ’’نیلوفر‘‘ میں بھی دونوں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ نئی سیریز میں ان کی موجودگی کو اس پروجیکٹ کی بڑی کشش قرار دیا جارہا ہے۔ سیریز میں احد رضا میر سکندر نامی پاکستانی وکیل کا کردار ادا کررہے ہیں، جو اٹلی کے شہر روم میں مقیم ہے۔ سکندر ایک تعلیم یافتہ اور کامیاب وکیل ہونے کے باوجود اپنی زندگی میں ایک تکلیف دہ تجربے کے اثرات سے باہر نہیں نکل سکا۔ وہ بے خوابی اور خوفناک خوابوں کا شکار رہتا ہے۔اس کی زندگی اس وقت بدلنا شروع ہوتی ہے جب اس کی ملاقات اقرا عزیز کے کردار لیزا سے ہوتی ہے، جو پیشے کے اعتبار سے ایک آرٹسٹ ہے۔ لیزا کا اپنا خاندانی پس منظر بھی پیچیدہ ہے اور دونوں کرداروں کی قربت انہیں اپنے جذبات، ماضی اور رشتوں سے متعلق مشکل فیصلوں کا سامنا کرنے پر مجبور کرتی ہے۔
ہانیہ عامر سیریز میں کلثوم کا کردار ادا کررہی ہیں، جو ایک زندہ دل اور پرجوش نوجوان خاتون ہے۔ اس کا تعلق خوشحال خان کے کردار زین سے دکھایا گیا ہے، تاہم ٹریلر میں دونوں کے رشتے کے اندر تشدد اور بدسلوکی کے اشارے بھی ملتے ہیں۔دوسری جانب حمزہ علی عباسی شہریار کے کردار میں نظر آئیں گے، جو اپنی اہلیہ آمنہ، جس کا کردار مایا علی ادا کررہی ہیں، کے ساتھ ایک پیچیدہ ازدواجی زندگی گزارتا ہے۔ ٹریلر میں شہریار کی جانب سے اپنی بیوی پر اختیار جتانے، اس کے فیصلوں کو کنٹرول کرنے اور جذباتی دباؤ ڈالنے کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔اس کے علاوہ آمنہ شیخ، بلال اشرف، نادیہ جمیل، عمیر رانا، سمینہ احمد اور دیگر فنکار بھی سیریز کا حصہ ہیں۔ اس بڑے فنکارانہ مجموعے سے اندازہ ہوتا ہے کہ کہانی میں کئی کرداروں کے ذریعے محبت اور خاندانی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو پیش کیا جائے گا۔ ’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ معروف پاکستانی مصنفہ فرحت اشتیاق کے اسی نام کے مقبول اردو ناول پر مبنی ہے۔ یہ ناول ابتدا میں ۲۰۰۹ ءمیں ’خواتین ڈائجسٹ‘ میں قسط وار شائع ہوا تھا، جبکہ ۲۰۱۳ ءمیں اسے کتابی شکل میں پیش کیا گیا۔ سیریز کی ہدایت کاری اور پروڈکشن کے فرائض مومنہ درید نے انجام دیے ہیں، جبکہ اسے مومنہ درید فلمز کے بینر تلے تیار کیا گیا ہے۔ اس کی شوٹنگ پاکستان، اٹلی اور برطانیہ میں کی گئی ہے۔سیریز کے ٹریلر کے ساتھ چھ گانوں پر مشتمل اصل ساؤنڈ ٹریک بھی ڈجیٹل میوزک پلیٹ فارمز پر جاری کیا گیا ہے، جو اس کی رومانوی اور جذباتی فضا کو مزید نمایاں کرتا ہے۔
This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience
and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree
to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK