Inquilab Logo Happiest Places to Work

ورلڈ کپ فائنل سے قبل اسپین کو جمال اور پورو کی فٹنیس کی فکر

Updated: July 17, 2026, 7:22 PM IST | New York

اسپین نے اتوار کو ارجنٹائنا کے خلاف ہونے والے فیفا ورلڈ کپ فائنل کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے، تاہم الامین جمال اور پیڈرو پورو کی فٹنیس ٹیم انتظامیہ کے لیے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔

lamine yamal.Photo:Video Image
الامین جمال۔ تصویر:ویڈیو امیج

اسپین نے اتوار کو ارجنٹائنا کے خلاف ہونے والے فیفا ورلڈ کپ فائنل کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے، تاہم الامین جمال اور پیڈرو پورو کی فٹنیس ٹیم انتظامیہ کے لیے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔ جمعرات کو نیو جرسی میں نیو یارک ریڈ بلز کے تربیتی مرکز میں ہونے والے سیشن کے دوران جہاں دیگر کھلاڑی معمول کے مطابق پریکٹس میں مصروف رہے، وہیں الامین  اور پورو نے ٹیم سے الگ رہتے ہوئے میدان کے کنارے صرف اسٹریچنگ کی۔

یہ بھی پڑھئے:ڈونالڈ ٹرمپ فیفا ورلڈ کپ ٹرافی فاتح ٹیم کے کپتان کو پیش کریں گے،یہ تاریخی لمحہ کیوں ہوگا


ورلڈ کپ سے قبل ہیم اسٹرنگ کی تکلیف کا شکار رہنے والے یامال کی بائیں ران پر پٹی بندھی ہوئی تھی، تاہم ان کی انجری کی نوعیت اور شدت کے بارے میں فی الحال کوئی واضح معلومات سامنے نہیں آئیں۔ فرانس کے خلاف سیمی فائنل میں کامیابی کے بعد اسپین کے ہیڈ کوچ لوئس دے لا فوئنٹے نے بتایا تھا کہ پیڈرو پورو کو پٹھوں میں کھنچاؤ کی شکایت ہے اور فائنل سے قبل ان کی فٹنیس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
اتوار کو ہونے والا مقابلہ ۲۰۱۰ء میں عالمی چمپئن بننے کے بعد اسپین کا پہلا ورلڈ کپ فائنل ہوگا، جبکہ دفاعی چمپئن ارجنٹائنا مسلسل دوسری اور مجموعی طور پر چوتھی بار عالمی خطاب جیتنے کی کوشش کرے گا۔ ارجنٹائنا اس سے قبل ۱۹۷۸ء، ۱۹۸۶ء اور ۲۰۲۲ء میں ورلڈ کپ اپنے نام کر چکا ہے۔
الزامات کی پروا نہیں، ہمارا جواب میدان میں نظر آتا ہے: میسی
ارجنٹائنا کے کپتان اور عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں اپنی ٹیم کے حق میں مبینہ جانبداری اور فکسنگ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارجنٹائنا کی کامیابیاں مسلسل محنت، نظم و ضبط اور عمدہ کھیل کا نتیجہ ہیں، کسی کی مہربانی کا نہیں۔
انگلینڈ کو سیمی فائنل میں ۱۔۲؍گول سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میسی نے فیفا کی مبینہ جانبداری سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ارجنٹائنا گزشتہ چار برس سے دنیا کی بہترین ٹیموں میں شامل ہے اور یہ حقیقت کسی کو پسند آئے یا نہ آئے۔

یہ بھی پڑھئے:فیفا ورلڈکپ : لیونل میسی کافو کے خصوصی کلب میں شامل ہونے کے قریب


انہوں نے کہا’’ہم نے جو کچھ حاصل کیا ہے وہ مسلسل محنت اور بہترین کارکردگی کا نتیجہ ہے۔ کسی نے ہمیں کچھ نہیں دیا اور نہ ہی ہمیں کوئی کامیابی مفت میں ملی ہے۔‘‘لیونل میسی نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف فتح کو ارجنٹائنا کے عظیم فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کے نام کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ آج موجود ہوتے تو یقیناً بہت خوش ہوتے۔ ان کے بقول یہ کامیابی میراڈونا کے لیے ایک خراج نہیں بلکہ ان کی یاد میں پیش کیا گیا ایک خاص تحفہ ہے۔
میسی نے  ۱۹۸۶ء کے فیفا ورلڈ کپ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میراڈونا نے انگلینڈ کے خلاف تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ارجنٹائنا کو ناقابل فراموش فتح دلائی تھی اور موجودہ کامیابی بھی اسی عزم اور جذبے کا تسلسل ہے۔واضح رہے کہ ارجنٹائنا نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو ۱۔۲؍گول  سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے فائنل میں جگہ بنائی ہے، جہاں اس کا مقابلہ اسپین سے ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK