• Wed, 14 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سری لنکا نے ٹی۲۰؍ سیریز کا آخری میچ جیتا، فرحان نے ابھیشیک کا ریکارڈ توڑ دیا

Updated: October 14, 2026, 7:01 PM IST | Dubai

پاکستان کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے دو فل ممبر ممالک کے درمیان تین میچوں کی ٹی۲۰؍ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کردیا، تاہم راولپنڈی میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی۲۰؍ میچ میں پاکستان کو سری لنکا کے ہاتھوں آٹھ وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

Pakistani Team.Photo:X
پاکستانی ٹیم۔ تصویر:ایکس

پاکستان کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے دو فل ممبر  ممالک کے درمیان تین میچوں کی ٹی۲۰؍ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کردیا، تاہم راولپنڈی میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی۲۰؍ میچ میں پاکستان کو سری لنکا کے ہاتھوں آٹھ وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان نے سیریز ۱۔۲؍ سے اپنے نام کی۔ فرحان نے مسلسل تیسری نصف سنچری بناتے ہوئے سیریز میں اپنے رنز کی تعداد  ۲۳۸؍رن  تک پہنچائی۔ اس کے بعد سری لنکا نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان کے آٹھ وکٹ پر ۱۶۸؍ رنز کے اسکور کو۱۷؍ گیندیں باقی رہتے حاصل کرلیا۔ پاکستان کے لیے اس شکست سے زیادہ فرق نہیں پڑا، کیونکہ وہ پہلے ہی ابتدائی دونوں میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرچکا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:آسٹریلیا کی خواتین ٹیم نے بنگلہ دیش کو ۸؍ وکٹ سے ہرایا، سیریز بھی جیتی

یہ فرحان کے لیے بھی بڑی کامیابی رہی۔ انہوں نے تینوں میچوں میں پاکستان کی عمدہ قیادت کرتے ہوئے دو فل ممبر  ممالک کے درمیان مردوں کی تین میچوں کی ٹی۲۰؍ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ہندوستانی اوپنر ابھیشیک شرما کے نام تھا، جنہوں نے اسی سال افغانستان کے خلاف  ۲۲۹؍رنز بنائے تھے۔ فرحان نے بدھ کو سری لنکا کے خلاف میچ کے دوران یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔
سیریز کے آخری میچ میں شکست کے باوجود فرحان اپنی ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے مطمئن نظر آئے۔ میچ کے بعد انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستان نے پہلے دو میچوں میں بہترین ہدف مقرر کیا تھا، آج بھی منصوبہ وہی تھا، لیکن کرکٹ میں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل اچھی کارکردگی کی کوشش رہتی ہے اور جب وہ اچھا کھیلتے ہیں تو اگلے میچ میں بھی بہتر کارکردگی کے لیے مزید توجہ مرکوز کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:’’کھوسلہ کا گھونسلہ ۲‘‘ کی نئی ریلیز تاریخ کا اعلان، سلمان کی ’’مونسٹر‘‘ سے ٹکراؤ کا امکان

سری لنکا کے لیے آخری میچ میں صرف ۴۷؍ گیندوں پر ۸۷؍ رنز کی تیز اننگز کھیلنے والے کسل مینڈس کو پلیئر آف دی میچ  قرار دیا گیا۔ سری لنکا کے کپتان نے کہا کہ ٹیم نے درمیانی اوورز میں بہت اچھی گیندبازی کی، فیلڈنگ بھی بہتر رہی اور بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاور پلے کے بعد کامندو مینڈس نے بہت اچھی بلے بازی کی اور دونوں نے اپنا فطری کھیل کھیلا، جس کی بدولت ٹیم نے تینوں شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK