Inquilab Logo Happiest Places to Work

سشمتا مکھرجی کو ایک کروڑ کا قرض چکانے کیلئے ’سی گریڈ‘ فلموں میں کام کرنا پڑا تھا

Updated: August 08, 2026, 11:58 AM IST | Mumbai

سشمتا نے انکشاف کیا کہ ان کا پروڈکشن ہاؤس ڈوبنے کی وجہ سے ان پرایک کروڑ روپے کا بھاری قرض چڑھ گیا تھا۔

Sushmita Mukherjee. Photo: INN
سشمتا مکھرجی۔ تصویر: آئی این این

 معروف اداکارہ سشمتا مکھرجی کئی فلموں میں اپنا ہنر دکھا چکی ہیں۔ انہوں نے’کنگ انکل‘، ’گول مال‘، ’کھلنائک‘ اور’دوستانہ‘جیسی متعدد بلاک بسٹر فلموں میںاپنی اداکاری کی چھاپ چھوڑی ہے۔ حال ہی میں انہوں نے اس دور کی تلخ حقیقت بیان کی، جب انہیں مجبوری میں کئی سی-گریڈ فلموں میں کام کرنا پڑا۔ سشمتا نے انکشاف کیا کہ ان کا پروڈکشن ہاؤس ڈوبنے کی وجہ سے ان پرایک کروڑ روپے کا بھاری قرض چڑھ گیا تھا، جسے چکانے کے لیے انہیں یہ قدم اٹھانا پڑا۔سشمتا نے انسٹاگرام ہینڈل پر ایک جذباتی ویڈیو شیئر کر کے اپنی زندگی کے اس مشکل دور کا درد بیان کیا۔ ویڈیو میں اپنے اس فیصلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے سشمتا نے کہا،’’مجھ سے کسی نے پوچھا کہ میڈم، آپ نے اتنی بری فلموں میں کام کیوں کیا؟ یہ سوال سنتے ہی مجھے دھچکا لگا۔ اپنی زندگی کے اس دور میں واپس جا کر یہ سوچنا انتہائی تکلیف دہ ہے کہ آخر میں نے ایسی سی-گریڈ اور خواتین کو نیچا دکھانے والی فلموں میں کام ہی کیوں کیا؟ ہاں، میں نے بری فلموں کا انتخاب کیا، لیکن خدا کا شکر ہے کہ وہ فحش فلمیں نہیں تھیں۔ پھر بھی وہ انتہائی خراب فلمیں تھیں۔‘‘انہوں نے آگے اپنا درد بیان کرتے ہوئے کہا،’لوگ پوچھتے ہیں کہ کیا میں نے اپنی روح بیچ دی؟ تو ہاں، میں نے اپنی روح بیچی۔ کیا مجھے ایسا کر کے اچھا لگا؟ مجھے اس وقت بھی اچھا نہیں لگا تھا اور آج بھی اس بات کا افسوس ہے۔ لیکن اس وقت مجبوری ایسی تھی کہ میرے پاس اس کے سوا کوئی دوسرا راستہ ہی نہیں بچا تھا۔‘‘انہوں نے کہا،’’گھر کے دروازے پر قرض خواہ اور ریکوری ایجنٹ آنے لگے تھے۔ وہ گالی گلوچ کرتے تھے، وہ بہت ہی خوفناک دور تھا۔ میرے بچے اس وقت بہت چھوٹے تھے۔ ایسے حالات میں مجھے دوبارہ کام کی تلاش میں نکلنا ہی پڑا۔ جو بھی پیسہ کماتی، اس سے بس وہ ایک کروڑ کا قرض چکاتی تھی۔ میرے شوہر اورمیں نے۳؍ -۴؍سال تک دن رات ایک کر کے وہ قرض اتارا۔ یہی وجہ تھی کہ مجھے خراب فلمیں چننی پڑیں، میرے پاس اور کوئی چارہ ہی نہیں تھا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK