• Tue, 17 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٓآسام: وزیراعلیٰ خود نفرت کی قیادت کر رہے ہیں: طلبہ تنظیم کا الزام

Updated: November 17, 2026, 9:55 PM IST | New Delhi

آل آسام مائنارٹیز اسٹوڈنٹس یونین (آمسو ) کی جانب سے دہلی کے پریس کلب آف انڈیا میں حال ہی میں ایک پریس کانفرنس کی گئی، جس میں آسام حکومت کی جانب سے بالخصوص مسلمانوں کے خلاف کی جانے والی بلڈوزر کارروائیوں کو اجاگر کیا گیا۔ تاہم اس پریس کانفرنس میں ریاست میں بنیادی سہولیات جیسے پینے کا صاف پانی، سڑکیں، صفائی کے انتظامات، بچوں کی تعلیم وغیرہ سے متعلق کئی مطالبات کئےگئے۔

Office bearers of the All Assam Minority Students` Union (AAMSU) during a press conference at the Press Club of India in Delhi. Photo: ٖMeta.
آل آسام مائنارٹیزاسٹوڈنٹس یونین (آمسو) کے ذمہ داران دہلی کے پریس کلب آف انڈیا میں پریس کانفرنس کے دوران۔ تصویر: میٹا۔

آل آسام مائنارٹیز اسٹوڈنٹس یونین (آمسو) نے ہیمنتا بسوا سرما کی قیادت والی آسام حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ انسدادِ تجاوزات مہم کے نام پر چن چن کر مسلمانوں کے گھروں، مساجد، مدارس، درگاہوں اور قبرستانوں کو مسمار کر رہی ہے، جبکہ ہزاروں بے گھر خاندانوں کو بنیادی سہولیات اور بازآبادکاری کے بغیر کھلے آسمان تلے چھوڑ دیا گیا ہے۔ یونین نے ان مسائل کے حل کیلئے صدرِ جمہوریہ کو ۱۰؍ نکاتی مطالبات پر مشتمل ایک میمورنڈم بھی پیش کیا ہے۔ منگل کو دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آمسو کے صدر محمد امتیاز حسین نے کہا کہ ۲۰۲۱ء میں ہیمنتا بسوا سرما کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد سے اقلیتوں، خاص طور پر مسلمانوں کے خلاف کارروائیاں تیز ہو گئی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ سرکاری زمین کو تجاوزات سے پاک کرنے کے خلاف نہیں ہیں، لیکن یہ کارروائی من مانے اور امتیازی انداز میں کی جا رہی ہے اور بے گھر ہونے والوں کو پناہ گاہ، پینے کا صاف پانی، صفائی، سڑک اور بچوں کیلئے تعلیم جیسی بنیادی سہولیات تک فراہم نہیں کی جا رہیں۔

یہ بھی پڑھئے: مہاراشٹرمیں تقریباً ۳۴؍ ہزارعدالتی ملازمین ہڑتال پر، تنخواہوں میں برابری کا مطالبہ

امتیاز حسین نے اوریام گھاٹ، لوتھوماری اور بوگی ندی جیسے علاقوں کی مثالیں دیتے ہوئے بتایا کہ ایک ہی علاقے میں غیر مسلموں کے گھروں کو چھوڑ کر صرف مسلمانوں کے گھر گرائے گئےاوریام گھاٹ (رینگما فاریسٹ) میں تقریباً ۱۱؍ مساجد بند کی گئیں اور مسلمانوں کے گھر توڑے گئے، جبکہ اسی جنگلاتی زمین پر بی جے پی کا منڈل دفتر بدستور قائم ہے اور ۳۰؍ ہزار سے زائد دیگر لوگ اب بھی وہاں مقیم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آنند پور جیسے گاؤں میں جہاں صرف دو یا تین اقلیتی گھر تھے، انہیں چن کر منہدم کر دیا گیا۔ اسی طرح لکھیم پور کے لوتھوماری میں ۱۹۷۴ء میں آبادکاری کا سرٹیفکیٹ پانے والے ۳۰۰؍ خاندانوں میں سے صرف ۱۷۳؍ مسلم خاندانوں کو بے دخل کیا گیا، جبکہ ۱۲۷؍ غیر مسلم خاندانوں کو چھوڑ دیا گیا۔ بوگی ندی میں ۱۹۸۳ء کے تشدد کے بعد حکومت کی طرف سے بسائے گئے خاندانوں کے گھر گوہاٹی ہائی کورٹ کی ہدایات کے باوجود گرا دئیے گئے، جبکہ گولپارہ کے ہسیلا بیل میں بے گھر افراد خیموں میں زندگی گزار رہے ہیں اور انہیں عارضی پناہ دینے والوں کو بھی انتظامیہ دھمکا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: یوپی میں انتخابی دھاندلی روکنے کیلئے کانگریس پُرعزم

حسین نے الزام لگایا کہ آسام میں نفرت انگیز ماحول کی قیادت خود وزیر اعلیٰ ہیمنتا بسوا سرما کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کی واضح ہدایات کے باوجود پولیس فرقہ وارانہ بیانات کے خلاف آمسو کی جانب سے دی جانے والی شکایات پر ایف آئی آر درج نہیں کر رہی۔یونین نے فارنرز ٹریبونلز کے طریقہ کار اور `ڈی-ووٹر (مشتبہ ووٹر) کے نام پر صدیوں سے آسام میں آباد مسلمانوں کو بنگلہ دیشی قرار دینے پر شدید تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے ۱۹۶۴ء کے فارنرز ٹریبونل آرڈر پر نظرثانی کا مطالبہ کیا، جس کے تحت ملزم کو خود اپنی شہریت ثابت کرنی پڑتی ہے۔ انہوں نے سکینہ بی بی کی مثال دی، جو صرف آسامی زبان جانتی ہیں اور بنگالی بولنا بھی نہیں جانتیں، پھر بھی انہیں غیر ملکی قرار دے کر نشانہ بنایا گیا۔ آمسو نے آسام میں ایس آئی آر اور ایس ایس آر کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی نگرانی میں این آر سی کا عمل پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے، جس سے تقریباً ۱۹؍ لاکھ افراد باہر رہ گئے تھے۔ قوانین کے مطابق این آر سی میں شامل افراد کو قومی شناختی کارڈ اور خارج افراد کو اپیل کا حق ملنا چاہیے تھا، جو اب تک نہیں دیا گیا۔ اب این آر سی کو ناکام بنا کر دوبارہ ووٹر لسٹ کی جانچ کے نام پر مسلمانوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔یونین نے ۲۰۲۳ء کی حلقہ بندی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ درنگ اور برپیٹا اضلاع میں حلقوں کے حدود اس طرح بدلے گئے کہ مسلم اکثریتی ووٹوں کو ایک جگہ سمیٹ دیا گیا (جیسے دلگاؤں میں ۳؍ لاکھ ۳۴؍ ہزار ووٹر کر دئیے گئے جبکہ سپاجھار اور منگلدوئی میں ۲؍ لاکھ رکھے گئے)، جس سے اسمبلی میں مسلم نمائندگی کم ہو گئی۔ انہوں نے سری منت شنکردیو، مادھو دیو اور صوفی بزرگ اذان فقیر کی سرزمین آسام میں صدیوں پرانے بھائی چارے کو بچانے اور تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

یہ بھی پڑھئے: امیت شاہ کاپونے دورہ، اجیت پوار کے مجسمے کی نقاب کشائی کی

این آر سی کیس کے سلسلے میں دہلی پہنچی آمسو کی ٹیم نے انتظامیہ کی تاخیر کے باوجود ۱۴؍ نومبر کو وی کے کرشنا مینن بھون میں دھرنا دیا (جس میں آسام سے آئے تقریباً ۵۰۰؍ رکان شریک ہوئے) اور ۱۵؍ نومبر کو ایک سمپوزیم منعقد کیا۔ ۱۴؍ نومبر کو صدرِ جمہوریہ کو پیش کئے گئے ۱۰؍ نکاتی مطالبات میں امتیازی بلڈوزر کارروائی فوری روکنے، بے گھر افراد کی آبادکاری، بے زمینوں کو زمین کے پٹے دینے، فارنرز ٹریبونل آرڈر اور حلقہ بندی پر نظرثانی، این آر سی شناختی کارڈز کے اجراء اور نفرت انگیزی کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK