• Mon, 19 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ ووٹ چوری کی قیمت تو چکانی ہی ہوگی‘‘

Updated: October 19, 2026, 9:41 AM IST | Agency | Margao

گوا سے بھی راہل گاندھی نے مودی،امیت شاہ اور گیانیش کمار کو للکارا، ریاست کی بربادی اور نظامِ تعلیم کی تباہی کیلئے بی جےپی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔

Rahul Gandhi participated in a 2-kilometer foot march in Goa. Afterward, he addressed a public rally in Margao. Photo: INN
راہل گاندھی نے گوا میں ۲؍ کلومیٹر پیدل مارچ میں حصہ لیا۔ اس کے بعد مارگاؤں میں عوامی ریلی سے خطاب کیا۔ تصویر: آئی این این

راہل گاندھی نے گوا کے تحفظ کیلئے  ۲۲؍ ستمبر سے جاری کانگریس کی ۲۷؍ روزہ ’’گوئے راکھون‘‘ مہم کے آخری دن اتوار کو پدیاترا  میں  شرکت کی۔ انہوں نے گوا کی تباہی اور ملک کے تعلیمی نظام کی بربادی کیلئے بی جےپی کو ذمہ دار ٹھہرانے کے ساتھ ہی ایک بار پھر ’’ووٹ چوری‘‘ کے حوالے مودی،امیت شاہ اور گیانیش کمار کو للکارا۔  کانگریس لیڈر نے دوٹوک انداز میں  کہا کہ ان تینوں کو  ’ووٹ چوری کی قیمت تو چکانی ہی پڑے گی۔‘‘ راہل گاندھی نے ساحلی ریاست  کے شہر مارگاؤ میں کانگریس کارکنوں اور لیڈروں کے ساتھ ۲؍ کلومیٹر پیدل مارچ کیا۔ ’’گوئے راکھون‘‘ (گوا کا تحفظ)  کے عنوان سے چلائی گئی اس عوامی رابطہ مہم   میں  ریاست کے تمام۴۰؍اسمبلی حلقوں کا احاطہ کیا گیا۔

پورا ملک جانتا ہے...

مارگاؤ میں ’گوئے راکھون‘ مہم کے آخری دن عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے راہل  گاندھی نے کہاکہ ’’پورا ملک جانتا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار ’ووٹ چوری‘ کو انجام دیتے ہیں جبکہ امیت شاہ اور وزیر اعظم مودی ان کی حمایت کرتے ہیں۔‘‘ انہوں  نے زور دیکر کہا  کہ کانگریس آئین کی  حفاظت کررہی ہے اور مودی، شاہ اور گیانیش کمار جانتے ہیں کہ وہ کانگریس سے بچ نہیں سکتے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ’’وزیر اعظم مودی، امیت شاہ اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو انصاف کا سامنا کرنا  ہی پڑے گا ۔ انہیں اپنے کئےکی قیمت چکانی ہوگی۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: پاکستان دنیا کے سرفہرست۱۰؍ غذائی بحران سے متاثر ممالک میں شامل: رپورٹ

بی جےپی نے تعلیمی نظام کو تباہ کردیا

راہل گاندھی نے ملک کے تعلیمی نظام کی تباہی کیلئے بی جےپی کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ’’ ہندوستان میں کبھی عالمی معیار کا تعلیمی نظام ہوا کرتا تھا لیکن اب طلبہ کے احتجاج کو دبانے کیلئے  پیلٹ گنوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔‘‘

 گوا میں واضح اکثریت کی اپیل

کانگریس لیڈرنے گوا کی بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے اس پر بدعنوانی، ریاست کی زمین بیرونی لوگوں کو فروخت کرنے اور گوا کے باشندوں کو روزگار کے مناسب مواقع فراہم کرنے میں ناکامی کا الزام لگایا۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کے ’’بدعنوانی کے ماڈل‘‘ کے خلاف متحد ہوں اور۲۰۲۷ءکے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو مکمل اکثریت دلانے کیلئے کام کریں۔ ’’گوا راکھون‘ ‘ مہم کے ذریعہ کانگریس اسمبلی انتخابات    سے قبل عوام سے اپنے رابطہ کو مضبوط کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ 

آئین ہمارا مذہب ہے: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ہم آئین کے محافظ ہیں اور آئین ہمارا مذہب ہے۔انہوںنےووٹ چوری کرکے ہمارے مذہب پر حملہ کیا ہے۔نریندر مودی، امیت شاہ، اور گیانیش کمار کو اس کی قیمت چکانی پڑے گی، وہ کانگریس سے نہیں بچ پائیں گے۔‘‘   انہوں نے کہا ’’اب کوئی شبہ نہیں ۔ گیانیش کمار ووٹ چوری پر عمل درآمد کرتے ہیں، امیت  شاہ اسے عملی شکل دیتے ہیں اور وزیر اعظم  مودی پس پردہ رہ کر اس کی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK