• Mon, 19 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹائیگر شروف حقیقی زندگی کے ہیرو بن کر ابھرے، زخمی ڈرائیور کو خود اسپتال پہنچایا

Updated: October 19, 2026, 5:06 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف ممبئی کے جوہو علاقے میں اپنی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کے بعد زخمی ڈرائیور کو خود اسپتال لے جانے کے باعث سرخیوں میں آگئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان کے اس اقدام کی جم کر تعریف کی جارہی ہے اور لوگ انہیں حقیقی زندگی کا ہیرو قرار دے رہے ہیں۔

Tiger Shroff. Photo: X
ٹائیگر شروف۔ تصویر: ایکس

بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف ممبئی کے جوہو علاقے میں اپنی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کے بعد زخمی ڈرائیور کو خود اسپتال لے جانے کے باعث سرخیوں میں آگئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان کے اس اقدام کی جم کر تعریف کی جارہی ہے اور لوگ انہیں حقیقی زندگی کا ہیرو قرار دے رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اتوار۱۸؍اکتوبر کی شام جوہو میں پشپا نرسی پارک کے قریب نامعلوم حملہ آوروں نے ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کی، جس میں ان کے ڈرائیور فیردوس زخمی ہوگئے۔ اس واقعے کے دوران ایک آٹو رکشا ڈرائیور بھی زخمی ہوا۔ ٹائیگر شروف فائرنگ میں گولی لگنے سے محفوظ رہے، تاہم انہیں معمولی خراشیں آنے کی اطلاعات ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:عمرخالد اور شرجیل امام کو بہت پہلے ضمانت مل جانی چاہیے تھی: جسٹس سُدھانشو دھولیا

رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے بعد ٹائیگر شروف نے گھبرانے کے بجائے فوری طور پر صورت حال کو سنبھالا اور ڈرائیور کی مدد کے لیے خود گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ سنبھال لی۔ وہ زخمی ڈرائیور کو علاج کے لیے ناناوتی اسپتال لے گئے۔ اس واقعہ کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے، جس میں اداکار کو ڈرائیور کی جگہ بیٹھ کر گاڑی چلاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ان کی حاضر دماغی، ہمدردی اور زخمی شخص کی مدد کے جذبے کی تعریف کی ہے۔ 
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹائیگر شروف جوہو میں فٹ بال کھیلنے کے بعد گھر واپس جارہے تھے۔ حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا اور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعہ میں زخمی ہونے والے ڈرائیور اور دوسرے شخص کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ ممبئی پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے اور حملہ آوروں کی شناخت کے لیے علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ پولیس کی مختلف ٹیمیں اس واقعہ کے تمام پہلوؤں کی جانچ کررہی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:ٹائیگر شروف فائرنگ معاملہ: کوٹا سے ۳؍ مشتبہ افراد گرفتار

ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے نے ممبئی میں فلمی شخصیات کی سلامتی کے حوالے سے بھی تشویش پیدا کردی ہے۔ بعض سوشل میڈیا پوسٹس میں لارنس بشنوئی گروہ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، تاہم اس دعوے کی صداقت کی تصدیق پولیس کی جانب سے کیے جانے کی ضرورت ہے۔ تفتیشی ایجنسیاں حملہ آوروں کی شناخت، فائرنگ کے محرکات اور واقعہ سے متعلق دیگر تفصیلات جمع کررہی ہیں۔ٹائیگر شروف کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر اس لیے بھی سراہا جارہا ہے کہ فائرنگ جیسے خوف ناک واقعے کے بعد انہوں نے اپنے زخمی ڈرائیور کو فوری طبی امداد دلانے کو ترجیح دی۔ ان کی اس کوشش نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی ہے اور لوگ ان کے فلمی کرداروں کے ساتھ ساتھ حقیقی زندگی میں دکھائی گئی انسانیت اور ذمہ داری کے جذبے کی بھی تعریف کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK