Inquilab Logo

ٹائیگر شراف بھی روہت شیٹی کی فلم سنگھم اگین میں نظر آئیں گے

Updated: October 21, 2023, 10:04 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

اجے دیوگن، رنویر سنگھ، اکشے کمار کے بعد روہت شیٹی کی آنے والی فلم سنگھم اگین میں اب کئی بڑے ستارے جڑرہے ہیں۔

Tiger Shroff. Photo: INN
ٹائیگر شراف۔ تصویر:آئی این این

اجے دیوگن، رنویر سنگھ، اکشے کمار کے بعد روہت شیٹی کی آنے والی فلم سنگھم اگین میں اب کئی بڑے ستارے جڑرہے ہیں۔ دپیکا پڈوکون کےبعد اب ٹائیگر شراف بھی فلم میں پولیس اہلکار کا کردار ادا کرنےجارہے ہیں۔ اس اعلان کے ساتھ ہی روہت شیٹی نےٹائیگر کا پہلا لک جاری کر دیا ہے۔ کاپ یونیورس کی فلم سنگھم اگین میں اجے دیوگن اور کرینہ کپور مرکزی کردار میں ہیں ، جن کے ساتھ فلم کی شوٹنگ حیدرآباد میں شروع ہوگئی ہے۔ فلم کے ہدایت کار روہت شیٹی نے حال ہی میں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ٹائیگر شراف کی۳؍تصاویر شیئر کی ہیں۔ اس کے ساتھ انہوں نےلکھا ہے،ملئے اسپیشل ٹاسک فورس آفیسر اے سی پی ستیہ سے۔ ایک سچ کی طرح امر۔ تمہارا ہماری ٹیم میں استقبال ہےٹائیگر۔
سامنے آنے والی پہلی تصویر میں ٹائیگر شراف پولیس کی بیلٹ پکڑے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ دوسری تصویرمیں وہ پولیس کی وردی پہنے اور بندوق پکڑے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ تیسری تصویر میں وہ بغیر قمیص والے پولیس اہلکار کے طور پر نظر آرہے ہیں۔ اس سے پہلے روہت شیٹی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے دپیکا پڈوکون کی پہلی جھلک ظاہر کی تھی۔ پہلی جھلک میں دپیکا پولیس کی وردی میں کافی خطرناک لگ رہی تھیں۔ ایک تصویرمیں وہ ہاتھ میں بندوق پکڑے مسکرا رہی تھیں ، دوسری تصویر میں وہ غنڈوں کو مارتی ہوئی نظر آ رہی تھی۔ دپیکا فلم میں پولیس افسر شکتی شیٹی کا کردار ادا کریں گی۔ دپیکا کے اس کردار کو متعارف کرواتے ہوئے روہت نے لکھا تھا، `عورت سیتا کی شکل ہے اور درگا کی بھی... ملئے ہمارے کاپ یونیورس کے سب سے ظالم اور پرتشدد افسر سے ... شکتی شیٹی... مائی لیڈی سنگھم... دپیکا پڈوکون سے۔
سنگھم اگین کی شوٹنگ حیدرآباد میں جاری ہے۔ روہت سب سے پہلےاس فلم کے کلائمکس سین کی شوٹنگ کررہےہیں۔ اگر میڈیا رپورٹس پر یقین کیا جائے تو روہت نے فلم کے کلائمکس سیکونس پربھاری رقم خرچ کی ہے۔ وہ ۲۵؍کروڑ روپے کی لاگت سے حیدرآباد کے راموجی فلم سٹی میں بڑے پیمانے پر اس کے کلائمکس کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔
 سنگھم فرنچائز کی تیسری فلم سنگھم اگین میں روہت شیٹی کی کاپ یونیورس کے ۳؍ہیرو اجے، اکشےاور رنویر ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ ان کی کاپ یونیورس میں سنگھم،سنگھم ریٹرنز، سوریاونشی اور سمبا جیسی فلمیں شامل ہیں۔ اس فرنچائز کی پہلی فلم سنگھم تھی جو ۲۰۱۱ءمیں ریلیز ہوئی تھی۔ اس میں اجے دیوگن نے پولیس افسر باجی راؤ سنگھم کا کردارادا کیا تھا۔ اس کی سیکوئل فلم سنگھم ریٹرن ۲۰۱۴ء میں ریلیز ہوئی تھی جس کی تیسری فلم ۲۰۲۴ء میں ۱۵؍اگست کو یوم آزادی کے موقع پر ریلیز ہو سکتی ہے۔
 اس کاپ یونیورس کی دوسری فرنچائز سمبا تھی، جس میں رنویر سنگھ نےانسپکٹر سنگرام بھالے راؤ کا کردار ادا کیا تھا۔ ۲۰۲۱ءمیں ریلیز ہونے والی فلم سوریاونشی میں اکشے کمارنےڈی سی پی ویر سوریاونشی کا کردار ادا کیاتھا۔ سنگھم اگین سے پہلے، روہت کےکاپ یونیورس کے تینوں افسران سوریاونشی میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK