گلدان میں سجے تازے اور مصنوعی پھول گھر کی دلکشی میں اضافہ کرتے ہیں۔ گھروں میں گلدان بیڈروم، برآمدہ اور ٹی وی لاؤنج کے کونوں میں سجے نظر آتے ہیں جس سے گھر کی خوبصورتی کو چار چاند لگ جاتے ہیں۔ گلدان میں سجے پھولوں کا ایک گلدستہ یا تازہ پھول پتوں پر مشتمل ایک ٹوکری کو ڈائننگ ٹیبل کے درمیان میں سجا دینے سے نہ صرف کمرے کے حسن میں اضافہ کیا جاسکتا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ کھانے کے لطف کو بھی دوبالا کرنے میں مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔ تصویر: آئی این این
عمومی نشست گاہ جسے گھر کے مکین ہر روز شام کو ٹی وی دیکھنے یا ہلکی پھلکی گپ شپ کے لئے مخصوص کرتے ہیں۔ یہاں کمروں کے وسط میں کافی ٹیبل پر ایک چھوٹا گلدان یا مرتبان رکھا جاسکتا ہے۔ اسے پھولوں سے آراستہ کیا جاسکتا ہے۔
گلدان کے لفظ سے پہلا خیال تازہ پھولوں کی آرائش کا آتا ہے تاہم، یہ ضروری نہیں۔ آپ ان میں کسی پودے یا جھاڑی کا تنہ، پھول یا پودے کی ڈنڈی یا کوئی شاخ جو ڈنٹھل سے جڑی ہوئی ہو بھی رکھ سکتی ہیں۔ کلرڈ فوائل پیپرز کی مدد سے بنے ہوئے پھول پتے وغیرہ اور کچھ بھی اچھا نہ لگے تو کسی واز کو بالکل خالی بھی رکھ سکتی ہیں۔
چھوٹے، رنگ دار ضروری نہیں کہ سنہری پالش کئے ہوں یہ بھی ضروری نہیں کہ چاندنی جیسے چمکتے دمکتے روپ میں ہوں، مٹیالے ہوں یا نہ ہوں، وہ بھی سجائے جاسکتے ہیں۔ کچھ واز دو یا تین رنگوں میں ملتے ہیںا ور کچھ خواتین یک رنگی گلدان ہی پسند کرتی ہیں لہٰذا اپنی پسند اور معیار کو ترجیح دیں۔
آپ کھانے کی میز، سائیڈ یا ڈریسنگ کی میز پر بھی اگر ایک چھوٹا واز رکھنا چاہیں تو ضرور رکھیں مگر یہ بہت زیادہ اونچے نہ ہوں اور زیادہ جگہ بھی نہ گھیریں تو بہتر ہے۔ آپ یہاں فریم بھی رکھ سکتی ہیں اور لیمپ بھی۔ عام روزمرہ کی ضرورت کی اشیاء بھی رکھ سکتی ہیں۔
سیمنٹ سے بنے ہوئےپتلے اور لمبے واز لان میں رکھے جاسکتے ہیں۔ ان میں سوکھی جھاڑیاں، تنے یا سادہ بھی رکھ سکتی ہیں۔ نرسری میں دھاری دار، جیومیٹریکل ڈیزائنوں یا لہریئے دار رنگے ہوئے بھی مل جائیں گے۔ اگر واز کے ساتھ پلاسٹک آف پیرس سے بنے ہوئے پرندوں کی شکلیں بھی سجا دی جائیں تو بھلی لگتی ہیں۔
لاؤنج یا کسی کمرے میں رکھی سائیڈ ٹیبل کے ساتھ بڑا سا واز رکھا جاسکتا ہے۔ ان میں شاخیں یا تنے اور جھاڑیاں سجائی ہوئی بھلی لگتی ہیں اور اگر بیمبو دستیاب ہوسکیں تو انہیں سجا لیجئے۔ دیکھنے میں دونوں ہی اچھے لگتے ہیں۔ چھوٹے سائز والے واز فرش کے لئے موزوں نہیں، انہیں زینوں کے اطراف رکھنا چاہئے۔ البتہ گھر کی آرائش کرتے وقت سامان کے درمیان توازن قائم رکھنا ضروری ہوتا ہے ورنہ اس سے گھرخوبصورت لگنے کے بجائے بوجھل معلوم ہوتا ہے۔