Inquilab Logo

ایک لڑکی اپنی ذہانت کےدم پر خونخوارڈاکوئوں سے بھی لڑسکتی ہے

Updated: November 25, 2023, 10:14 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

خواتین کے حوصلے پر مبنی فلم’اپوروا‘ میں ایک لڑکی کو اسے اغوا کرنے والوں کا حوصلہ کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

Rajpal Yadav, Abhishek Banerjee and Tara Sutaria can be seen in a scene from the movie `Apoorva`. Photo: INN
راجپال یادو، ابھیشیک بنرجی اور تارا ستاریا کو فلم’اپوروا ‘ کے ایک منظر میں دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر : آئی این این

اپوروا (Apurva)
اسٹار کاسٹ:تارا ستاریا،راجپال یادو، ابھیشیک بنرجی، دھاریا کروا، سومیت گلاٹی، آدتیہ گپتا،نونی پریہار، راجیش جیس
ہدایتکار:نکھل بھٹ
 کہانی:نکھل بھٹ
پروڈیوسر:مراد کھیتانی، درگیش دادھیچ، بھکتی سکپال، شبھم ناگر
سنیماٹوگرافی:انشومان مہالے
ایڈیٹنگ: شیوکمار پنیکر
پروڈکشن ڈیزائن:ابھے دوبے
 کاسٹیوم: انیش جین
اسٹنٹ ڈبل:جنید شیخ
 ریٹنگ:***

آج کل ایسی فلمیں زیادہ بن رہی ہیں جن میں خواتین کے کرداروں کو زیادہ طاقت ور بناکر پیش کیا جارہا ہے۔اوٹی ٹی پلیٹ فارم ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار پر حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’اپوروا‘ بھی ایسی ہی ایک فلم ہے جس میں ایک خاتون کو اکیلئے ان ڈاکوئوں کا مقابلہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جو اسے اغوا کرکے لے گئے تھے۔
کہانی: فلم کی کہانی اتر پردیش کے بنجر اور ویران علاقے سے شروع ہوتی ہے جہاں دور دور تک کوئی انسان نہیں جاتا۔ راستے میں ،چار بے رحم اورخونخوار ڈاکوایک بس کو لوٹتے اور خونریزی کرتے ہوئے اپوروا (تارا ستاریہ)کویرغمال بنا کر اپنے ساتھ لے جاتے ہیں ۔یہ چاروں غنڈے جگنو (راجپال یادو)، سکھا (ابھیشیک بنرجی)، بالی (سومیت گلاٹی) اور چھوٹے (آدتیہ گپتا) اس حد تک متشدد ہیں کہ پلک جھپکتے ہی کسی کو قتل کرسکتےہیں اور ان کے چہرے پر شکن تک نہیں آتی۔ درحقیقت، تیزطرار اپوروا اپنی گاڑی کو آگے لے جانے کی ضدمیں ان غنڈوں کے غصے کو دعوت دے بیٹھتی ہے۔
موجودہ کہانی کے ساتھ فلم میں اپورواکی ماضی کی کہانی بھی دکھائی گئی ہے۔ یہ زندہ دل، بہادر اور خوبصورت لڑکی اس شہر میں جانےکی کوشش کررہی ہےجہاں اس کامنگیتر(دھیریہ کاروا) ملازمت کرتا ہےتاکہ اسےاس کی سالگرہ پر سرپرائز دے سکے،لیکن راستے میں اسےاغواکر لیاجاتاہے۔اب یہ چاروں غنڈے اپوروا کی عصمت دری اور قتل کرنے کا منصوبہ بنارہےہوتے ہیں کہ ایک نجومی(راکیش چترویدی) اس سنسان علاقےمیں راستہ تلاش کرتا ہوا پہنچ جاتا ہے۔ غنڈےاسے بھی اپوروا کےساتھ یرغمال بنا لیتے ہیں ۔اپوروا، جو چھوٹےکے تھپڑ کی وجہ سے بے ہوش ہو گئی تھی، ہوش میں آتی ہے اورنجومی کے ساتھ فرار ہونےمیں کامیاب ہو جاتی ہے۔ اس کے بعد خونی کھیل شروع ہوتا ہے، جس میں سب سے پہلے نجومی ماراجاتا ہے۔غنڈےخوفزدہ اور نازک اپورواکو کم ہمت سمجھتےہیں لیکن انہیں اندازہ نہیں کہ یہ سادہ سی لڑکی اپنی عزت اور جان بچانے کیلئےجنگجو بن سکتی ہے۔ کیا اپوروا ان شیطانوں سے بچ پاتی ہے؟کیا اپورواکا منگیتر اسے تلاش کرپاتا ہے؟یہ جاننے کیلئے آپ کو فلم دیکھنا ہوگی۔
ہدایت کاری: مصنف و ہدایت کار نکھل ناگیش بھٹ کی فلم کی سب سےاہم خوبی اس کی ناظرین کو باندھے رکھنے کی صلاحیت اوررفتارہے۔ فلم تھریلر قسم کی ہے اور ناگیش اس بات کا پورا خیال رکھتےہیں کہ فلم زیادہ لمبی نہ ہوجائے،اس لیے یہ فلم محض ایک گھنٹہ ۳۶؍منٹ پر مشتمل رکھی گئی ہےجس سے یہ فلم زیادہ قابل دید ہوجاتی ہے۔دوسری خوبی یہ ہے کہ اس فلم کے ذریعہ یہ پیغام دینےکی کوشش کی گئی ہے کہ کسی بھی لڑکی کو جو نازک اندام ہوتی ہے اسےطاقت کے بجائےاپنی ذہانت کے بل پرحوصلہ نہ ہارنے کا جذبہ اختیار کرنا چاہئے۔آئے دن لڑکیوں کے ساتھ ہونے والے جنسی استحصال کی خبریں آتی رہتی ہیں ، ایسے میں یہ فلم ہمیں سکھاتی ہے کہ کس طرح لڑکیاں مشکل حالات کا سامنا کرسکتی ہیں۔
اداکاری: اداکاری کے معاملے میں ، اپوروا کے طور پر تارا ستاریا نےایک اداکارہ کے طورپر ایک قدم آگے بڑھایا ہے۔ ایک طرح سے یہ کردار ان کی اداکاری کے لیے کسی چیلنج سےکم نہیں تھا۔ انہوں نے اس چیلنج کا بخوبی سامنا کیا ہے۔انہوں نے ایک معصوم، رومانوی، زندہ دل اور خطرناک لڑکی کے کرداروں میں سے ہر کردار کو اچھی طرح اداکیاہے۔تارا کی طرح راجپال یادو بھی فلم کاسرپرائز پیکیج ہیں۔ اب تک وہ اسکرین پر ہنساتےاور گدگداتے دیکھے گئے ہیں ، لیکن اس بار جگنو کے روپ میں وہ آپ کے جسم میں کپکپی پیدا کر دیتے ہیں۔ پرتشدد سکھا کے طور پر ابھیشیک بنرجی نےایک بار پھر ایک قابل اداکار ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ سومیت گلاٹی اور آدتیہ گپتا بھی اپنی اداکاری کےبل پربھرپور تعاون پیش کرتےہیں۔ راکیش چترویدی پنڈت کے چھوٹے سےکردار میں یادگار رہے۔ انہوں نے یہ کردار اپنےمنفرد انداز میں ادا کیا ہے۔ دھیریہ کاروا کو فلم میں زیادہ کام نہیں ملا۔دیگر اداکاروں نے بھی اپنا رول بخوبی ادا کیا ہے۔
نتیجہ:انگریزی فلموں کی سیریزہوم الون کی طرز پراپنے دشمن کو ختم کرنےوالی ایک لڑکی کی کہانی پر مبنی اس تھریلر فلم کوایک مرتبہ ضرور دیکھنا چاہئے جس میں ایک خاتون حوصلہ کا مظاہرہ کرتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK