Inquilab Logo

بلائنڈ نابینا لڑکی کے عزم اور حوصلے کی جذبات سے پر کہانی

Updated: July 08, 2023, 12:02 PM IST | Muhammad Habib | Mumbai

نابینا ہوجانے کےسبب پولیس محکمہ نے اسے ملازمت کےقابل نہیں سمجھا لیکن اس نے ایک خونخوار شخص کو پکڑوانے میں پولیس کی بھرپور مدد کی

In the movie Blind,Sonam Kapoor can be seen walking like a blind person
فلم بلائنڈ میں سونم کپور کوایک نابینا شخص کی طرح چلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے

فلم کا نام :بلائنڈ 
 اسٹریمنگ ایپ :جیو سنیما
اسٹار کاسٹ:  سونم کپورآہوجا،لیٹ ماریا، شبھم صراف،پورب کوہلی، دانش رضوی، ونےپاٹھک،جاویدخان،تارا سمنیر،اولائیور سلور۔
ہدایتکار:شوم مکھیجا lرائٹر:شوم مکھیجا،سودیپ نگمlموسیقار: کلنٹن سیریجوlفلمساز:رچا بھوشن، اویشیک گھوش، سجوئے گھوش، ہیون وو تھامس کم، چی ٹینگ جو، سرور محمد،پنکیش نہارlسنیماٹوگرافی: گیرک سرکار lایڈیٹنگ:تنوپریا شرماlپروڈکشن ڈیزائن:پال روون
 کاسٹویوم ڈیزائن:دپیکا لال،انیرودھ سنگھ
 ریٹنگ:تین اسٹار

جرائم اور سنسنی خیزی پرمبنی فلمیں ان دنوں بڑی تعداد میں بن رہی ہیں۔پتہ نہیں ہالی ووڈکا افیکٹ لانے کیلئے یا کسی اور وجہ سے یورپی ممالک کے پس منظر اور وہاں کی شوٹنگ کے ساتھ بنائی جارہی ہیں لیکن وہ بات پیدا نہیں ہورہی جو ہالی ووڈ کی فلموں میں ہوا کرتی ہے۔ گزشتہ ہفتہ کی فلم سارجنٹ کی طرح اس ہفتہ ریلیز ہونے والی فلم بلائنڈبھی یورپ کے پس منظر میں بنائی گئی ہے۔ سونم کپور کی عمدہ اداکاری کے باوجود فلم کی کہانی اور اسکرپٹ کی خامیوں کی وجہ سے یہ فلم بھی ناظرین پر اپنا جادو چلانے میں ناکام ہے۔سونم کپور نے اپنی سب سےزیادہ ہٹ فلم ’نیرجا‘ کی طرح ہی اس میں بھی اداکاری کی کوشش کی ہےلیکن کہانی میں گہرائی اور گیرائی نہ ہونے کی وجہ سے اسے ایک بہترین فلم قرار نہیں دیا جاسکتا۔
موضوع:  اس فلم کا موضوع منتخب کرنے میں ہدایت کارمخمصے کا شکار نظرآتےہیں۔فلم میں ۳؍چیزیں دکھائی گئی ہیں لیکن کسے فلم کا اہم موضوع قرار دیا جائے یہ کوئی طے نہیں کرسکتا۔ایک جانب ایک جانباز پولیس آفیسر کی کہانی ہے جواپنے منہ بولے بھائی کی موت کیلئے خود کو ذمہ دار مانتی ہے یہاں تک کہ اس کا ’گاڈ‘ پر سے بھروسہ اٹھ جاتا ہے۔ دوسری جانب ایک قاتل ہے جو لڑکیوں کو اغوا کرکے ان پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑتاہے اور اسی میں اسے لطف آتا ہے۔تیسری طرف وہ لڑکا ہے جو اغوا کی واردات کا چشم دید گواہ ہے۔
کہانی: اس فلم میںاسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو کی ایک جانباز پولیس آفیسرجیا سنگھ (سونم کپور آہوجا)کی کہانی دکھائی گئی ہے جویتیم خانہ میںپلی بڑھی ہے۔وہ یتیم خانہ کو اپنا گھر،وارڈن کو ماں اور دیگر بچوں کو رشتہ دار مانتی ہے۔وارڈن آنٹی ماریا(للیٹ دوبے)کے فون پروہ اپنےمنہ بولے بھائی ایڈرین پریرا(دانش رَضوی)کولینے پہنچ جاتی ہے اورموسیقی کےپروگرام سے اسےنکال کرلے جاناچاہتی ہے لیکن وہ جانا نہیں چاہتا اس لئے وہ اسے ہتھکڑی لگادیتی ہے کہ وہ دوبارہ بھاگ نہ سکے۔لیکن راستہ میں حادثہ پیش آجاتا ہےجس میں وہ اپنی آنکھیں اور اس بھائی کو گنوابیٹھتی ہے۔نابینا ہوجانے کی وجہ سے پولیس محکمہ اسے ملازمت سےنکال دیتا ہے۔ایسے میں وہ تنہائی، یاسیت اور بھائی کے قتل کے احساس جرم کی زندگی گزارنے لگتی ہے۔ آنٹی ماریا کےفون پر وہ ان سے ملنے یتیم خانہ جاتی ہے لیکن واپسی میں رات زیادہ ہوجانے کی وجہ سےاسے بس نہیں ملتی تو مجبوراًایک ٹیکسی میں سفر کرنےکا فیصلہ کرتی ہے۔لیکن وہ دراصل کوئی ٹیکسی ڈرائیور نہیں بلکہ ایک ایسا شخص ہوتا ہے جو لڑکیوں کو اغوا کرکے اپنے اڈے پر لے جاتا ہے اور وہاں ان کے ساتھ وحشیانہ سلوک کرتا ہے اور ان کی تکلیف دیکھ کر لطف  اندوز ہوتاہے۔حالانکہ اس طرح کے شخص پر کئی فلمیں بنائی جاچکی ہیں جن میں ہالی ووڈ کی کئی فلموں کے علاوہ ہمارے بالی ووڈ میں بھی مرڈر۲؍ بنائی جاچکی ہے۔
 خیر فلم ’بلائنڈ‘ میں کہانی کچھ اور پیش کی گئی ہے جس میں وہ اپنی شکار لڑکیوں سے زیادہ اغوا کے چشم دید جیاسنگھ اورنکھل صراف(شبھم صراف) کےپیچھے پڑا رہتا ہے کہ کہیں وہ اسے پکڑوا نہ دیںلیکن جیا نہ صرف ملزم ڈرائیور(پورب کوہلی) کو پکڑوانے میں پولیس افسر (ونے پاٹھک)کی مدد کرتی ہےبلکہ نکھل کو ڈرائیور سے بچانے کیلئے بھی جدوجہد کرتی ہے۔
اداکاری: سونم کپور آہوجانےحسب معمول عمدہ اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔دانش رضوی نے حالانکہ چھوٹا سا رول ادا کیا ہے لیکن اس میں بھی اپنی چھاپ چھوڑنے میں کامیاب رہے ہیں۔ونے پاٹھک اپنی فلم’بھیجا فرائی‘ سے ایک مزاحیہ اداکار کی شبیہ بناچکے ہیں لیکن اس میں ایک پولیس افسر کا کردار ادا کیا ہےجسے شاید ان کی شبیہ کے مطابق کچھ حد تک مزاحیہ شخص دکھایا گیا ہے۔شبھم صراف نے بھی عمدہ اداکاری کامظاہرہ کیا ہے۔
سنیماٹوگرافی:فلم میں یورپی ملک کےمناظر کو عمدہ طریقےسےپیش کیا گیا ہے  اس لئے کہا جاسکتا ہے کہ سنیماٹوگرافی کےشعبہ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔
ایڈیٹنگ :متعدد مقامات پرچند سیکنڈ ہی سہی لیکن سین کچھ لمبےمحسوس ہوتےہیں۔اگر ان مناظر کو مزید تھوڑا کم کیا جاتا توفلم سے کچھ حد تک ہونے والی بوریت کو کم کیا جاسکتا تھا۔
نتیجہ: فلم’بلائنڈ‘ کو بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کا آمیزہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے جس میں ایک جانب سونم کپور کے جذبات ہیں تو دوسری جانب ایک ایسا شخص ہے جو لڑکیوں کواغوا کرنے اوران پر تشدد کرکے لطف لینا پسند کرتا ہے۔لیکن ہندوستانی ناظرین کو ذہن میں رکھتے ہوئے جذباتیت کو غالب رکھا گیا ہے۔ سونم کپور کے مداح ان کی ’نیرجا‘ جیسی اداکاری کیلئے فلم کوایک مرتبہ دیکھ سکتے ہیں  ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK