Inquilab Logo

گبرو گینگ: پتنگ بازی پر مبنی ایک دلچسپ اسپورٹس ڈراما

Updated: May 04, 2024, 10:41 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

نئے اداکاروں کی اداکاری سے لیس ایک نئے کھیل پر مبنی حوصلہ افزا فلم جوزیادہ تر آپ کو باندھے رکھتی ہے اور مثبت پیغام دیتی ہے۔

Abhishek Dohan, Kanwal Preet Singh and Brijesh Tiwari can be seen in the movie Gabru Gang. Photo: INN
فلم گبرو گینگ میں ابھیشیک دوہان،کنول پریت سنگھ اور برجیش تیواری کو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر : آئی این این

گبرو گینگ (Gabru Gang)
اسٹار کاسٹ:ابھیشیک دوہان، سرشٹی روڈے، ابھیلاش کمار، اوتارگل، آرتی پوری، مکیش بھٹ، برجیش تیواری، کنول پریت سنگھ۔ 
رائٹر اور ڈائریکٹر :سمیر خان
پروڈیوسر:اشوک گوئنکا، سمیر خان، آرتی پوری، ویویک سنہا
 موسیقی:ابھینو کوشک، عثمان خان، سندیپ ناتھ، منج میوزک
ایڈیٹنگ:اتیت جے دیو 
سنیماٹوگرافی:شیلیش اوستھی، سنیل پٹیل
کاسٹنگ:نتیش گوئل
کاسٹیوم:لولین کیلوسکر، اکشے سنگھ
میک اپ:چیتن پٹھارے
پروڈکشن منیجر:سنجیو سکلانی، اتیت جے دیو، میڈی چوان
 ریٹنگ: ***

 فلموں اورکھیلوں کا جذبہ ہر ہندوستانی کے دل و دماغ میں بستا ہے، اگر فلموں اور کھیلوں کاشاندار امتزاج بنایا جائے تو یہ ناظرین کے لیےکتنا تفریحی ہوگا۔ ہندی فلموں کی دنیا میں کھیل جیسے موضوعات پر کئی فلمیں بنائی جاچکی ہیں۔ بالخصوص کرکٹ، فٹ بال، ہاکی، باکسنگ، بیڈمنٹن اور ریسنگ پر مبنی فلموں کو شائقین کی جانب سے بے پناہ محبت ملی ہے۔ اب پتنگ بازی پر مبنی ہندی فلم ’گبرو گینگ ‘ریلیز ہوئی ہے۔ پتنگ بازی پر مبنی یہ دنیا کی پہلی فلم ہے۔ فلم کی کہانی پنجاب میں سیٹ کی گئی ہے۔ 
کہانی: فلم میں، ایک ۸؍سالہ لڑکا راجبیر سلوجا اپنے ۲؍دوستوں ارشد اور ادے کے ساتھ پتنگ کےنامور مقابلہ ’ہائی فلائی۱۹۹۹ء‘میں پہلا انعام جیتتا ہے اور۲۰۱۱ءتک پنجاب کا نمبر ایک گروپ بن جاتا ہے۔ بہترین ٹیم گبرو گینگ سب کی پسندیدہ بن جاتی ہے۔ لیکن قسمت نے کچھ اور ہی لکھا تھا اور۲۰۱۱ء میں راجبیر فائنل مقابلے میں دہلی شہرزادے نامی ٹیم کے ہیری سے ہار گیا کیونکہ فائنل راؤنڈ میں اس کی توجہ کھیل سےہٹ کر ایک لڑکی کی طرف مبذول ہوگئی تھی۔ ادے کے ساتھ لڑائی کے بعد، راجبیرکھیل چھوڑ دیتا ہے اور گبرو گینگ کو ختم کردیتا ہے۔ لیکن قسمت راجبیر کو ایک بار پھر پتنگ اڑانے پر مجبور کرتی ہے، جو کہانی کا اہم موڑ ہے۔ ہائی فلائی ۲۰۱۹ء ایک بہت بڑا برانڈبن گیا ہے اور مقابلہ قومی سطح پر پہنچ گیا ہے جہاں ۲۹؍ ریاستوں سے ۲۹؍ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ گبرو گینگ کو متحد ہوکر ایک طویل جنگ لڑنی ہوگی کیونکہ انہیں پنجاب کی نمائندگی کرنے کے لیے پہلے مقامی ٹیموں کو شکست دینا ہوگی اور پھر ہائی فلائی ۲۰۱۹ء کا فائنل کپ جیتنا ہوگا۔ اس اسپورٹس ڈرامے میں آگے کیا ہوتا ہے، یہ جاننے کے لیے آپ کو فلم دیکھنی ہوگی۔ 
ہدایتکاری :اس فلم کو لکھنے اور ہدایت کاری کا کام سمیرخان نے کیاہے اور وہ اتنے اچھے اسپورٹس ڈرامے کو اتنے اچھے طریقے سے ہینڈل کرنے پرتعریف کے مستحق ہیں۔ حالانکہ فلم ایسی ہے کہ اس کی آگے کی کہانی کے تعلق سے کوئی بھی پیشگی اندازہ لگاسکتا ہے اور یہ فلم ایک فارمولے پر مبنی کہی جاسکتی ہے لیکن یہ فلم بھرپور تفریح فراہم کرتی ہے اورپتنگ اڑانے کی ثقافت اورلازوال دوستی کے جذبےکو بہت ہی عمدہ طریقے سے پیش کیا ہے۔ فلم کا پہلا نصف حصہ ناظرین کو باندھے رکھتا ہےجبکہ دوسرا نصف حصہ کچھ سست رفتار ہوجاتا ہےاور پھر آخری مقابلے کے وقت کہانی دوبارہ سنسنی خیز ہوجاتی ہے۔ سمیر خان نے تمام اداکاروں سے بہترین اداکاری کروائی ہے اور ایک اہم اور تفریحی سینما بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ فلم ہر عمر کے لوگوں کو تفریح فراہم کرے گی۔ 
اداکاری :تمام اداکاروں نےاپنے کرداروں کے مطابق اچھا کام کیا ہے۔ اداکاروں کی فطری اداکاری ہوتی ہے۔ ابھیشیک دوہان نے فلم میں راجبیر کا مرکزی کردار بہت اچھے طریقے سے نبھایا ہے۔ انہوں نےایک کھلاڑی کے جذبات کو خوبصورتی سے پیش کیا ہے۔ اور کچھ موثر مکالمے ہیں جو آپ کو اپنی نشستوں پر چپکائے رکھنے کیلئے کافی ہیں۔ سرشٹی روڈے نے اپنی پہلی ہی فلم میں اپنے محدود رول میں راجبیر کی دوست سے گرل فرینڈ بننے کے کردار کو بہت ہی عمدگی سے ادا کیا ہے۔ اس کے علاوہ دیگراداکاروں جیسے کہ ابھیشیک کمار، اوتار گل، برجیش تیواری اور کنولپریت سنگھ نےبھی اپنے اپنے کردار کو بہت ہی عمدہ طریقےسے اداکیا ہے۔ باقی فنکاروں نے بھی پتنگ بازی کے کھیل کو درست انداز میں پیش کیا ہے۔ 
موسیقی :امر موہیلے کے ذریعہ پیش کیا گیا بیک گرائونڈ میوزک فلم میں جان ڈالنے کا کام کرتاہے۔ حالانکہ دلیر مہدی کے پرجوش ٹائٹل ٹریک کے علاوہ دیگر کوئی گیت ایسانہیں جسے کوئی طویل عرصے تک یاد رکھا جاسکے۔ اس کے گیت محض فلم کی طوالت بڑھانے کا کام کرتے ہیں اس کے علاوہ ان کا کوئی مصرف نہیں ہے۔ 
نتیجہ:مختصر یہ کہ ’گبرو گینگ‘ اسپورٹس ڈراما کے زمرے میں بھلے ہی کچھ انوکھا یا انتہائی دلچسپ دینے اورتحریک دینے والی بہت ہی عمدہ کہانی بھی نہیں پیش کرتی لیکن اسےاداکاروں کی سنجیدہ اداکاری اور حقیقی جذبات سے پر لمحات کیلئے فلم ’گبرو گینگ‘ کو کم از کم ایک مرتبہ تو دیکھا ہی جاسکتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK