Inquilab Logo

آخری شکار: دولت کیلئے رشتوں کی ناقدری کی کہانی

Updated: November 05, 2023, 9:56 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

ویب سیریز میں ایک ایسےخاندان کی کہانی پیش کی گئی ہےجہاں کمپنی کی باگ ڈور کیلئے ہر کوئی ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتا ہے۔

Satish Kaushik and Pauly Damm can be seen in a scene from the web series `Aakhri Shikar`. Photo: INN
ستیش کوشک اور پائولی ڈیم کو ویب سیریز’آخری شکار‘ کے ایک منظر میں دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر:آئی این این

آخری شکار(Aakhri Shikaar)
اسٹریمنگ ایپ : ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار (۸ ؍ ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: ستیش کوشک،اشوتوش رانا، پائولی ڈیم،پرنے پچوری،انکت بشٹ، مدھوریما رائے،ستیہ جیت شرما۔
ہدایت کار: روی ادھیکاری
رائٹر: روی ادھیکاری، ریحان خان، سریم مومن، نمنیش شرما
پروڈیوسر: گوتم ادھیکاری،کیلاش ناتھ ادھیکاری،روی ادھیکاری
سنیماٹوگرافی: سنیتا راڈیا 
ایڈیٹنگ: سنجے شرما
ریٹنگ:  **

جہاں پیسہ اور پاورکا معاملہ ہو وہاں اکثر جھگڑے اور تنازعات دیکھے جاتے ہیں پھر چاہے وہ کوئی بڑاادارہ جیسے کہ حکومت کا معاملہ ہو یا ایک چھوٹے سے خاندان کا معاملہ۔روی ادھیکاری کی ہدایت کاری میں بنائی جانے والی ۸؍ ایپی سوڈ پر مشتمل ویب سیریز’آخری شکار‘ میں ایسے ہی ایک خاندان کی آپسی چپقلش دکھائی گئی ہے۔
کہانی: اس کی کہانی کی ابتدا ء تو اچھی معلوم ہوتی ہے جس میں ۲؍ بھائی، ایک سوتیلا بھائی اور ایک بے چین خاتون دکھائی گئی ہے جو کمپنی کی سربراہی کیلئے نہ صرف جدوجہد کرتے ہیں بلکہ اس کیلئےکچھ بھی کرنےکیلئے تیار رہتے ہیں ۔اس کی کہانی ۲؍بھائیوں بھیشم رائے (ستیش کوشک) اور وردھان رائے(راجیش کھٹر) پر مشتمل ہےجن میں کمپنی کی سربراہی کا تنازع چل رہا ہے لیکن بھیشم رائے ایک حادثہ کی وجہ سے معذور ہوچکا ہےیہاں تک کہ کچھ بولنے تک سے قاصر ہے۔ایسےمیں بھیشم کےبدلے اس کی بیوی اندرانی رائے (پائولی ڈیم) خود اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہے۔ جبکہ ان کا ایک سوتیلا بھائی گرو شاستری(اشوتوش رانا) بھی ہے جو اس سیاست سے دور ایک پہاڑی مقام پر پرسکون زندگی گزار رہا ہے۔ کمپنی کی میٹنگ میں اندرانی اپنے شوہر وردھان کو وھیل چیئر پر لے کر آتی ہے لیکن بھیشم جب خطاب کرنےجاتاہے تو اندرانی کو روک کر خود اپنے بھائی کی وھیل چیئر کو دھکیل کر اسٹیج پرلے جاتا ہے تاکہ اسے کمپنی کے اہم امور سے دور رکھ سکے۔ایسے میں خبر ملتی ہے کہ فیکٹری پر کسی نے حملہ کرکے وہاں کھانا کھارہے مزدوروں کو قتل کردیا ہے اور فیکٹری میں آگ لگادی ہے۔یہ مزدور اندرانی کے تھےلیکن یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ انہیں کس نے قتل کیا ہے۔ بھیشم پر الزام لگایا جاتا ہے لیکن وہ اس سے انکار کردیتا ہے اور تحقیقات میں بھی وہ بے گناہ ثابت ہوتا ہے۔اس کی تحقیقات میں کئی پہلوسامنے آتے ہیں اور کہانی میں بھی ایک کے اندر ایک کئی کہانیاں دکھائی گئی ہیں جو اپنے آپ میں ایک مکمل کہانی کا درجہ رکھتی ہیں لیکن اس ایک کہانی میں مدغم کرکےدونوں کی اہمیت کم کی گئی ہے۔اس میں ایک کہانی وردھان رائےکے بیٹےابھیمنیو رائے(انکت بشٹ) کی ہے جو ہنر اگروال سے پیار کرتا ہے اور اس کی مرضی کے بغیر اسے بوسہ دے دیتا ہے اور بعد میں اس سے معافی مانگ کر اسے اپنی محبت کیلئے قائل کرلیتاہے۔دوسری جانب سمرشاستری ہے جوگرو شاستری کا بیٹا اور کالج میں طلبہ یونین کا لیڈر ہے۔ وہ بھی اپنے بھائی کی موت کا بدلہ لیناچاہتا ہے اور اسی کوشش میں ابھیمنیو اور پھر اندرانی سے تعلقات استوارکرتا ہے۔ اقبال سنگھ باجوا(ستیہ جیت شرما) وردھان کا قریبی ہےلیکن اندرانی سے بدلہ لینا چاہتا ہے۔ایک یوٹیوبرفضا ایوبی(تارا علیشا بیری)بھی ایک کردار ہےاپنی خبروں سے ہلچل مچاتی رہتی ہے۔ اس دوران نکسلیوں کی بھی کہانی دکھائی گئی ہے جو اضافی محسوس ہوتی ہے۔ان پر بھی فیکٹری میں آگ کا الزام لگایاجاتا ہے لیکن وہ بھی قصوروارنہیں پائے جاتے۔ آگے کیا کچھ ہوتا ہے یہ آپ کو ویب سیریز میں دیکھنا ہوگا۔
اداکاری: ستیش کوشک اوراشوتوش رانا جیسے اداکار ہوں تو ان سے عمدہ اداکاری کی ہی توقع کی جاتی ہے اور وہ امیدوں پر کھرے بھی اترے ہیں۔ پائولی ڈیم نے بھی اپنی اداکاری سے ایک خوشگوارتاثر چھوڑا ہے۔ دیگر کی بھی اداکاری اپنی جگہ بہترہے۔
ہدایتکاری: روی ادھیکاری نےاپنا کام بخوبی کیا ہے۔ ان کی خامی صرف یہ ہے کہ انہوں نے ایک ہی کہانی کے اندر بہت ساری کہانیاں پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔کولکاتا کی علامت کے طور پر ہائوڑہ بریج کو بار بار دکھایا گیا ہے جو کہ غیر ضروری محسوس ہوتا ہے۔
نتیجہ: اگر آپ فیملی ڈراما اور جرائم پر مبنی کہانی دیکھنے کے شوقین ہیں تو اسے ایک مرتبہ دیکھ سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK