اسمگلنگ کے موضوع پر بنائی گئی اس ویب سیریز میں کسٹم افسران کی پریشانیوں کو بھی عمدگی سے پیش کیا گیا ہے، اداکاروں نے بھی اچھا کام کیا ہے۔
EPAPER
Updated: January 18, 2026, 10:52 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
اسمگلنگ کے موضوع پر بنائی گئی اس ویب سیریز میں کسٹم افسران کی پریشانیوں کو بھی عمدگی سے پیش کیا گیا ہے، اداکاروں نے بھی اچھا کام کیا ہے۔
تسکری: دی اسمگلرز ویب
(Taskaree: The Smuggler`s Web)
اسٹریمنگ ایپ: نیٹ فلکس(۷؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: عمران ہاشمی، انوراگ سنہا، وسوادیا بھاویش، امرتا خانولکر، انوجا ساٹھے، زویا افروز
ڈائریکٹر: نیرج پانڈے، راگھو جیرتھ
رائٹر: نیرج پانڈے، وپل کے راول
پروڈیوسر: شیتل بھاٹیا
سنیماٹوگرافر: پارتھ نولے، سدھیر پلسانے
ایڈیٹر: کوتھی کولوتھ پروین
ریٹنگ: ***
فلاں ایئرپورٹ پر لاکھوں کا سونا پکڑا گیا۔ اتنے کلو منشیات اس کے جسم پر بندھی ہوئی تھی۔ اسمگلنگ کی ایسی کہانیاں ہم اکثر سنتے رہتے ہیں۔ ابھی پچھلے سال کنڑ اداکارہ رانیا راؤ کا سونے کی اسمگلنگ کا معاملہ سرخیوں میں آیا تھا۔ ویب سیریز’تسکری: دی اسمگلرز ویب‘ اس سمگلنگ کےتاریک کاروبار اور اس پر قابو پانے کی کوشش کرنے والےکسٹم افسران کو درپیش چیلنجوں پر ایک دلچسپ منظر پیش کرتی ہے۔ نیرج پانڈے اور راگھو جیارتھ کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ سیریز نہ صرف اسمگلنگ کے بین الاقوامی نیٹ ورک کو متعارف کراتی ہے بلکہ کسٹم افسران کی زندگیوں، کام کرنے کے طریقوں اور چیلنجوں کا بھی گہرائی سے جائزہ لیتی ہے۔ بعد میں، تجارتی عناصر کے تعاقب میں، یہ بالی ووڈ جیسے فارمولےمیں بدل جاتی ہے۔
کہانی
کہانی دلچسپ طریقے سے شروع ہوتی ہے، ایک ایماندار کسٹم افسر پرکاش کمار (انوراگ سنہا) کو سونے کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیےممبئی ایئرپورٹ پر لایا جاتا ہے۔ اس مشن کو پورا کرنے کے لیے، انوراگ اپنے جیسے ایماندار اور دلیر افسران کی ایک بنیادی ٹیم کو جمع کرتا ہےجس میں ارجن مینا (عمران ہاشمی)، رویندر گجر (نندیش سنگھ سندھو)، اور میتھالی (امریتا خانولکر) شامل ہیں۔ ارجن اور اس ٹیم کی آمد ممبئی کسٹمز کا منظرنامہ بدل دیتی ہے، اور ایک بڑا چھاپہ بڑا چودھری (شرد کیلکر) کے سیاہ دور کو ایک اہم دھچکا دیتا ہے، جو دبئی سے سامان اسمگل کرتا ہے اور ممبئی میں بلا خوف کام کرتا ہے۔ یہ سیریز ارجن اور بڑا چودھری کے درمیان ہونے والے اس مقابلے کے نتائج کو ظاہر کرتی ہے۔
ہدایت کاری
ہندی سنیما نے اسمگلنگ کی دنیا کے سیاہ کارناموں کو بار بار پیش کیا گیا ہے، لیکن کسٹم افسران کی کہانی کم ہی سنائی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ’اسمگلرز‘ ایک منفرد تناظر پیش کرتی ہے۔ خاص طور پر، کسٹم افسران کس طرح اسمگلروں کے چالاک ہتھکنڈوں سے پردہ اٹھاتے ہیں اور انہیں کن چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، یہ دیکھنا دلچسپ ہے۔
کئی شاندار فلمیں اور ’اسپیشل آپس‘جیسی شاندار ویب سیریز کے کئی سیزن بنانے والےنیرج پانڈے نے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ واقعی شاندار موضوعات پر عمدہ سیریز بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس مرتبہ بھی انہوں نے شاندار فلم میکنگ کی چھاپ چھوڑی ہے اور’تسکری‘ کے طور پر ایک تحیر انگیز اور شاندار سیریز پیش کی ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں کچھ نیا پن دیکھنے ملتا ہےکچھ ایسی باتیں جو اس سے پہلے کہیں اور نہیں دیکھی گئیں۔
۷؍ ایپی سوڈپرمشتمل یہ سیریز ایک نئے موڑ کے ساتھ شروع ہوتی ہے، لیکن بڑا چودھری اور ارجن مینا کے درمیان بلی اور چوہے کا کھیل تیزی سے بالی ووڈ کے کمرشل میں بدل جاتا ہے۔ اس کے بعد کےایپی سوڈزمیں موڑ کوئی اہم حیرت پیش نہیں کرتےہیں، بجائے اس کے کہ یہ بڑی حد تک قابل قیاس ثابت ہوتے ہیں۔ تاہم، تیز رفتار اسکرین پلے اور اداکاروں کی شاندار پرفارمنس سامعین کو آخر تک مصروف رکھتی ہے۔
اداکاری
عمران ہاشمی نے ارجن مینا کے طور پر ایک کمپوزڈ پرفارمنس پیش کی، جو بہادری کا مظاہرہ کرنے کے لالچ سے بے نیاز ہے۔ نندیش سنگھ سندھو، امرتا خانولکر، اور زویا افروز بھی اپنے اپنے کرداروں میں چمک رہے ہیں۔ اس میں لیڈرول نبھانے والے اداکاروں نے اپنی صلاحیتوں کا ۱۰۰؍فیصد حصہ دیا ہے جبکہ سائڈ رول نبھانے والے اداکاروں نے ان سے بھی زیادہ شاندار کام کیا ہے۔
اسی طرح، انوراگ سنہا کے طرز عمل اور باڈی لینگویج ایک حقیقی کسٹم آفیسر سے حقیقی مشابہت رکھتی ہے۔ شرد کیلکر مرکزی ولن ہیں، لیکن اس کا کردار کہانی کے خوف کو جنم دینے میں ناکام رہتا ہے۔
نتیجہ
کسٹم حکام کی زندگیوں کو قریب سے دیکھنے اور عمران ہاشمی کی شاندار کارکردگی کو دیکھنے کے لیے، آپ نیٹ فلکس پر’تسکری: دی اسمگلرز ویب دیکھ سکتے ہیں۔