Inquilab Logo

کرلا کا نیو مل روڈ خریداری کا اہم مرکز بن گیا ہے

Updated: November 07, 2023, 10:36 AM IST | Hamza Fazal Islahi | Mumbai

یہاں کپڑے، جوتے، چپل، برتن، زیور اور موبائل کے اسٹور ہیں، فٹ پاتھ کی دکانوں پر بھی بھیڑ رہتی ہے۔

A large number of people are seen busy shopping on New Mill Road in Kurla. Photo: INN
کرلا کے نیو مل روڈ پربڑی تعداد میں لوگ خریداری میں مصروف نظر آرہےہیں۔ تصویر: انقلاب

چند سال پہلے تک کرلا اور اطراف کے باشندے خریداری کیلئے ممبئی کا رخ کرتے تھے۔ شادی، بیاہ ،عید، دیوالی اور دسہرہ پر تو مقامی بازار جانے کا سوال نہیں پیدا ہوتا تھا لیکن اب مقامی بازاروں نے ترقی کی ہے،ان میں بہت تبدیلی آگئی ہے۔ کرلا کے نیومل روڈ کا مارکیٹ بھی ان میں سے ایک ہے۔ اب یہاں ہر وقت چہل پہل رہتی ہے، بعض دفعہ تو اتنی بھیڑ ہوجاتی ہےکہ پیدل چلنا بھی دشوار ہوجاتا ہے۔ اس بازار کے تاجروں نے گاہک کی نفسیات کو سمجھ لیا ہے، دکانوں کی خوب سجایا ہے۔ کسی چیز کی بھی کمی نہیں کی ہے۔ ان کا ہدف ہے کہ گاہک واپس نہ جائے،جو بھی مانگے،اسے مل جائے ، کوئی خالی ہاتھ نہ جائے۔ ظاہر ہے کہ جب سب کچھ اپنے گھر کے قریب مل جاتا ہے تو کوئی ممبئی جانے کی زحمت کیوں اٹھائے؟
کرلا ریلوے اسٹیشن کے مرکزی کے دروازے سے نکلئے،کہیں مڑیئے نہیں، بالکل سیدھے چلتے رہئے،دائیں جانب سے نیومل روڈ شروع ہوجاتا ہے۔پھر بہت دور تک دکانیں ہی دکانیں ہیں۔ چپل جوتے کی نئی پرانی دکانیں ہیں،سینڈل سے لے کر جوتے اور  فینسی جوتیاں سجی رہتی ہیں۔زیور کے  قدیم تاجر بھی خالی نہیں بیٹھتے، کوئی نہ کوئی ان کے ہاں رہتا ہی ہے اور وہ ہر وقت گاہک کے ساتھ مصروف نظرآتے ہیں۔ 
المونیم کے برتن کی روایتی دکانیں بھی بہت بدل گئی ہیں،ان میں نئے دور کے برتن بھی ہیں۔ گیس چولہا بھی مل جاتا ہے۔ اسی طرح چینی کے برتن کی دکانوں کا بھی نقشہ بدل گیا ہے، اب ان کی دکانوں پر الگ الگ رنگوں کے برتن ملتے ہیں۔
خواتین کے کپڑوں کے بڑے بڑے اسٹور ہیں، ان کے ہاں تہواروں میں نقاب پوش خاتون کا میلہ لگا رہتا ہے۔ سائبہ شاپنگ سینٹر بھی اسی نیو مل روڈ پر ہے۔سائبہ میں مردوں کے کھڑے کپڑے بھی ملتے ہیں۔ کچھ لوگ یہ بھی کہتے ہیں کہ کرلا ممبئی کے بعد مضافات میں کپڑوں کا بڑا مارکیٹ بن گیا ہے۔
ویسے نیومل روڈ بنیادی طور پر خواتین ہی کا مارکیٹ ہے لیکن اس میں مردوں کیلئے بھی بہت کچھ ہے۔ جہاں تک بچوں کا سوال ہے تو ان کے ریڈیمیڈ کپڑوں کی بھی چھوٹی بڑی دکانیں ہیں۔ فٹ پاتھ پر بھی کم رونق نہیں رہتی ہے۔ بڑے بڑے اسٹور کے سامنے چوکی، ٹیبل، چٹائی اوربوری پر سستے کھلونے،پینٹ، شرٹ، کرتا پاجامہ، لنگی بنیان، چوڑی، کریم پاؤڈر، لپ اسٹک، کان کی بالی اور انگوٹھی وغیرہ  کی بھی دکانیں سجی رہتی ہیں۔ سڑک پر چلتے چلتے ’پاپ کورن‘ بھی خرید سکتے ہیں،غبارے اور بڈھی کا بال بیچنے والے بھی چلتی پھرتی دکان کے ساتھ پابندی سے حاضری دیتے ہیں، گھنٹی بجاتے رہتے ہیں۔ ماں باپ کے ساتھ جانے والے بچوں سے ان کا کاروبار چلتا ہے۔ جابجا کھانے پینے کا بھی نظم ہے۔ پانی پوری، بر گر،جلیبی ،سموسہ کیک اور مٹھائی کی دکانیں بھی ہیں۔ کرانے والے بھی ہیں،ڈرائی فروٹ اور کھجور خرید سکتے ہیں۔ اسی نیومل روڈ پر جگہ کم ہونے کے باوجود سائیکل سے پھل بیچنے والے بھی اپنی جگہ بنالیتے ہیں۔ وہ بھی کہیں کونے میں کھڑے نظر آتے ہیں۔ وقفے وقفے سے اُن کے ترازو کھڑکھڑاتے رہتے ہیں۔ نیومل روڈ سے ٹیکسی مینس کالونی کی طرف بڑھیں گے تو  شری کرشنا چوک پر موبائل کی دکانیں ہیں جہاں نیا موبائل خرید سکتے ہیں، مرمت کروا سکتے ہیں، کور وغیرہ بھی لے سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK