جنوبی ہند کی ریاست کیرالاکو اگر قدرت کی مسکراہٹ کہا جائے تو پونمُدی اس مسکراہٹ کا سب سے پُرسکون گوشہ ہے۔
پونمدی ویو پوائنٹ سے کچھ ایسا حسین و دلکش منظر دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این
جنوبی ہند کی ریاست کیرالاکو اگر قدرت کی مسکراہٹ کہا جائے تو پونمُدی اس مسکراہٹ کا سب سے پُرسکون گوشہ ہے۔ ترواننت پورم سےتقریباً ۵۵؍کلومیٹرکےفاصلے پر واقع یہ ہِل اسٹیشن سطحِ سمندر سے قریب ۱۱۰۰؍میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ پونمُدی کا مطلب ہے سنہری چوٹی،جب سورج کی کرنیں یہاں کی پہاڑیوں پر پڑتی ہیں تو یہ نام خود اپنی گواہی دینے لگتا ہے۔
جغرافیہ
پونمُدی مغربی گھاٹ کے سلسلے کا حصہ ہے، وہی مغربی گھاٹ جو یونیسکو کے عالمی قدرتی ورثے میں شامل ہیں۔ یہاں کی پہاڑیاں گھنے جنگلات، چائے کے باغات، بل کھاتی سڑکوں اور دھند میں لپٹے مناظر سے سجی ہوئی ہیں۔ راستے میں تقریباً ۲۲؍سے زائد ہیئرپن موڑ آتے ہیں، جو سفر کو خود ایک تجربہ بنا دیتے ہیں۔
پونمُدی ویو پوائنٹ
یہاں سے وادیوں کا نظارہ ایسا ہے جیسے زمین نے سبز چادر اوڑھ رکھی ہو۔ بادل کبھی سامنے آ جاتے ہیں، کبھی نیچے اتر جاتے ہیں۔یہاں تک پہنچنے کا راستہ یعنی ٹریک بھی یہاں کی نہایت ہی دلکش سرگرمی ہے۔ اس ٹریکنگ کے بعد یہاں کا نظارہ مزید دلکش لگتا ہے
مین مٹی آبشار
یہ کیرالا کےخوبصورت آبشاروں میں سے ایک جو کہ پونمدی سے محض ۵؍ کلومیٹر دور ہے۔یہ دلکش آبشار ۳۰۰؍میٹر کی بلندی سے گرفتار اور جنگلوں میں گم ہوجاتا ہے۔اس آبشار تک پہنچنے کا راستہ یا ٹریک اس کی دلکشی میں مزید اضافہ کرتا ہے۔
پیپرا وائلڈ لائف سیکچوری
اس ہل اسٹیشن کے قریب ایک وائلڈ لائف سینکچوری بھی موجود ہے جہاں کئی قسم کے پھول اور منفرد قسم کے جانور دیکھنے کو ملتے ہیں جن میں ہاتھی، شیر اور کئی قسم کی چڑیاں بھی شامل ہیں۔ سیاح ماہرین کی رہنمائی میں پیدل سفر کے ذریعہ یہاں کے چرند و پرند کے تنوع کا نظارہ کرسکتے ہیں اور چاہیں تو ان دلکش نظاروں کو اپنے کیمرے میں قید بھی کرسکتے ہیں۔
کلار
پونمدی سے محض ۱۰؍کلومیٹر دور کلار نامی ایک گائوں ہے جو ندیوں،دلکش تالابوں،پرسکون ماحول اور خوبصورت نظاروں کیلئے مشہور ہے۔شہر کی زندگی کی بھاگ دوڑ سے کچھ پل راحت کے حاصل کرنے کیلئے یہاں جانا ایک دلکش تجربہ ہوتا ہے۔