ایران امریکہ جنگ کے دوران خلیجی ممالک میںپھنسے ہندوستانیوںکے تحفظ کیلئے پوری طاقت کے استعمال کا وعدہ،اپوزیشن پر تنقیدکی
EPAPER
Updated: March 11, 2026, 11:49 PM IST | New Delhi
ایران امریکہ جنگ کے دوران خلیجی ممالک میںپھنسے ہندوستانیوںکے تحفظ کیلئے پوری طاقت کے استعمال کا وعدہ،اپوزیشن پر تنقیدکی
وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز یقین دہانی کرائی کہ مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے دوران خلیجی خطے میں پھنسے ہوئے ہندوستانی شہریوں کو حکومت کی جانب سے مکمل تحفظ اور تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔کیرالہ کے ایرناکلم میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ نیا ہندوستان اپنے لوگوں کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑتا اور ہمیشہ ان کے تحفظ کے لیے اپنی پوری طاقت استعمال کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج مغربی ایشیا میں جو حالات پیدا ہوئے ہیں، اس پر آپ سب کا فکر مند ہونا فطری بات ہے۔ ہمارے لاکھوں بھائی اور بہنیں وہاں کام کرتے ہیں لیکن آپ کو یاد رکھنا چاہیے کہ اس وقت بی جے پی۔این ڈی اے کی حکومت اقتدار میں ہے۔ جب بھی ہمارے کسی شہری کو مشکل پیش آئی ہے، ہم نے اس کے تحفظ کے لیے اپنی پوری طاقت استعمال کی ہے۔ جنگی حالات میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کو تحفظ اور تمام سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔وزیر اعظم نے خلیجی ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا کہ وہ وہاں مقیم ہندوستانیوں کی سلامتی کو یقینی بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مجھے اطمینان ہے کہ خلیج میں ہمارے دوست ممالک ہمارے شہریوں کا خیال رکھ رہے ہیں، سفارت خانے اور مشن چوبیسوں گھنٹے ان کی مدد کر رہے ہیں۔ انہیں خوراک، رہائش اور تحفظ جیسی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
مغربی ایشیا کے تنازع سے نپٹنے کے معاملے پر حکومت پر تنقید کرنے والی کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے مودی نے الزام لگایا کہ وہ جان بوجھ کر اشتعال انگیز بیانات دے کر ہندوستانیوں کی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ افسوسناک ہے کہ عالمی بحران کے اس وقت میں کانگریس پارٹی سیاست تلاش کر رہی ہے۔ کانگریس جان بوجھ کر اشتعال انگیز بیانات دے رہی ہے تاکہ خلل پیدا ہو۔ وہاں ہمارے لوگ مشکل میں پڑیں اور پھر وہ مودی کو برا بھلا کہیں، یہی ان کا کھیل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں ملک کو متحد ہوکر کام کرنا چاہیے، مگر بدقسمتی سے اپوزیشن ہر معاملے میں حکومت کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتی ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت کی ترجیح ملک کے شہریوں کی سلامتی اور وقار ہے، جبکہ اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ قومی مفاد کو سیاست سے بالاتر رکھے۔وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں کئی مواقع پر حکومت نے جنگ، قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی حالات کے دوران ہزاروں ہندوستانیوں کو محفوظ طریقے سے واپس لانے کے لئے بڑے پیمانے پر آپریشن انجام دیئے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ملک اپنے شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کو اولین ترجیح دیتا ہے۔
قابل ذکرہےکہ وزیر اعظم نریندر مودی نےکیرالا اور تمل ناڈو میں تقریباً۱۶۴۵۰؍کروڑ روپے کے متعدد اہم ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ ان میں پٹرولیم اور قدرتی گیس کے بنیادی ڈھانچے، دیہی رابطے، ہائی وے کی ترقی اور ریلوے خدمات سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔ دریں اثناءوزیر اعظم نے کیرالہ کے عوام سے یہ اپیل بھی کی کہ ریاست کی ترقی کے لیے یو ڈی ایف اور ایل ڈی ایف حکومتوں کو باری باری منتخب کرنے کے سلسلے کو توڑیں۔ آپ نے کانگریس اور بائیں بازو کو۷۰؍برس سے زیادہ وقت دیا ہے۔ اب بی جے پی۔این ڈی اے کو موقع دیں تاکہ وہ آپ کی خدمت کرسکے، آپ کو ترقی یافتہ کیرالہ کی ایک نئی جھلک دیکھنے کو ملے گی۔