گھر اپنا ہویا کرائے کااس کیلئے فرنیچر خریدنا ہی پڑتا ہے،لیکن مہنگائی کے اس دور میں آپ یہاں سے عمدہ سیکنڈ ہینڈ فرنیچر کم قیمت میں خرید سکتے ہیں۔
EPAPER
Updated: September 26, 2023, 9:46 AM IST | Mohammad Habib | Mumbai
گھر اپنا ہویا کرائے کااس کیلئے فرنیچر خریدنا ہی پڑتا ہے،لیکن مہنگائی کے اس دور میں آپ یہاں سے عمدہ سیکنڈ ہینڈ فرنیچر کم قیمت میں خرید سکتے ہیں۔
ممبئی میں گھرخریدپانا ایک نہایت مشکل کام ہوتا ہے اس لئے زیادہ تر لوگوں کو کرائے کے مکان میں رہنا پڑتا ہے اور یہاں کرایہ بھی کوئی سستا نہیں،اس لئےعام طور پر ان گھروں میں رہنے والوںکا بجٹ گڑبڑایا ہوا رہتا ہے۔ ایسے میں نیا فرنیچرجو کہ عام طور پر مہنگاہی ہوتا خریدنا ان کیلئے مشکل ہوجاتاہے۔ جبکہ پرانافرنیچرتھوڑا سستاہوتا ہے جبکہ ممبئی میں کچھ مقامات ایسے بھی ہیںجہاں پرانا فرنیچرسستا اورکبھی کبھی نئے سے اچھا مل جاتا ہے۔ آئیے آج ہم آپ کو ممبئی کےایسے ہی۵؍مقامات کے بارے میں بتاتے ہیں جہاں آپ پرانا لیکن نہایت ہی شاندار فرنیچرکم قیمت میں خرید سکتے ہیں۔
چور بازار: اس کے نام پر نہ جائیں،حقیقت میں یہ ایک ایسا بازار ہے جہاں سے آپ کسی بھی قسم کی اشیاء کو سیکنڈ ہینڈ اور نہایت ہی کم قیمت میں خریدسکتےہیں۔ گوشت کی دکانوں سے شروع ہونےوالے اس بازارمیں ۱۰۰؍ سے زیادہ دکانیں موجود ہیں۔ دیگر چیزوں کے علاوہ یہاں سے آپ اپنےگھرکیلئے نہایت ہی عمدہ فرنیچر بھی خرید سکتے ہیں۔یہاں پر فرنیچر خریدنےسے پہلے آپ کو دکاندار سے تفصیلی گفتگو کرنا ضروری ہے تاکہ آپ اسے اس چیزکی پوری تفصیل سمجھا دیں جو آپ یہاں خریدنے آئے ہیں ورنہ ہوسکتا کہ آپ خریدنے کچھ گئے ہیں اور کچھ اور خرید کر لوٹ رہے ہیں۔ حالانکہ یہاں کے زیادہ تر دکاندار ایماندار ہیں لیکن احتیاط ضروری ہے۔ یہاں پر مول بھائوکرنا بھی زیادہ ضروری ہے تاکہ آپ اس بات کو یقینی بناسکیں کہ آپ نےصحیح قیمت میں اپنا مطلوبہ سامان خریدا ہے۔
باندرہ اسٹیشن بازار: باندرہ اسٹیشن سے ویسٹ کی جانب نکلنے کے بعد ایس وی روڈ کی جانب بڑھیں گے تو آپ کو پرانے فرنیچر کی بہترین درجنوں دکانیں لائن سے دیکھنے کو مل جائیں گی۔ یہاں متعدد دکانیں ایسی بھی ہیں جہاں پر آئینے کے فریم ملتے ہیں جو آپ اپنے گھر پر آئینے کو دلکش انداز میں لگانے کیلئے استعمال کرسکتے ہیں۔ یہاں اسٹیل کے کباٹ سے لے کر لکڑی کا فرنیچر، پلنگ،ٹیبل اور دیگر تمام قسم کا فرنیچر مل جائے گا۔ حالانکہ یہاں سامان زیادہ سستا نہیں ملتا لیکن یہاں پرآپ بیت سے بنا ہوا عمدہ فرنیچرخرید سکتے ہیں۔
بانگورنگر،گوریگائوں: مضافات میں رہنے والوں کیلئے گوریگائوں کے بانگورنگرمیں بھی پرانے فرنیچر کا عمدہ مارکیٹ ہے۔ بانگور نگر کا فرنیچر مارکیٹ ملاڈ اور لنکنگ روڈ کے بیچ پھیلا ہوا ہےجہاں آپ کو آسانی سے ایسی دکانیں مل جائیں گے جنہوں نے دکھانے کیلئے فرنیچر کو باہرسجاکر رکھا ہوا ہے۔ اگر آپ سستااور سیکنڈ ہینڈ فرنیچر خریدنا چاہتے ہیں تو یہاں آپ کو ضرور آنا چاہئے۔ یہاں پر آپ کو بیت اور بانس سے بناہوا نئے اور پرانے فرنیچر کے ساتھ لکڑی سے بنا ہو سیکنڈ ہینڈ فرنیچربھی مل جائے گا جس میں کباٹ ،پلنگ، ٹیبل، کتابوں کی الماری اور دیگر متعدد چیزیں شامل ہیں۔ یہ قدرے مہنگا مارکیٹ ہے جہاں پر آپ کو ۶؍ہزار سے ۲۰؍ہزار کے بیچ سامان ملے گا۔
کرفورڈ مارکیٹ: کرافورڈ مارکیٹ ویسے تو متعدد چیزوں جیسے کہ بیوٹی پروڈکٹس، اسٹیشنری، گھر کے سجاوٹ کے سامان، بارچی خانے اور گھرمیں استعمال ہونےوالی متعدد چیزیں، بڑے پیمانے پر موجود پھل اور سبزی کے مارکیٹ اور دیگر بہت ساری چیزوں کی خریداری کیلئےمشہورہے۔ان سب کے ساتھ یہاں فرنیچر کی بھی کچھ دکانیں موجودہیں جہاں آپ اپنی پسند کا فرنیچر خرید سکتے ہیں۔ اگر آپ مخدوم مہائمی فلائی اوور کی جانب بڑھتے ہیں تو بریج کے قریب ہی آپ کوکچھ اسٹور نظر آئیں گے۔ یہاں بیت کے صوفے، خوبصورت الماریاں اور آئینے آپ کو دیکھنے کو مل جائیں گے۔
اوشیوارہ فرنیچر مارکیٹ: یہ ایک ایسا علاقہ ہے جو کافی مقبولیت حاصل کرتا جارہاہے۔ اوشیوارہ میں متعدد بڑے بڑے شوروم ہیں جہاں سے آپ پرانے کے ساتھ نیا فرنیچر بھی خرید سکتے ہیں۔اس پورے علاقے میں بڑے پیمانےپر لائن سے دکانیں موجود ہیں جہاں دکاندار اپنے فرنیچر اور دکان کی سجاوٹ کے ذریعہ آپ کو لبھانے کی کوشش کرتے نظر آئیں گے۔ یہاں بھی آپ ٹیبل سے لے کر کباٹ، پلنگ،کیبنٹ اور دیگر تمام قسم کا فرنیچر خرید سکتے ہیں۔ یہاں خریداری کرنے کا سب سے اہم پہلو مول بھائو ہےآپ جتنا اچھا مول بھائو کرلیں گے اتنااچھا اور سستا فرنیچر خرید سکیں گے۔