Inquilab Logo

تحفہ میں دی جانے والی اشیاء کیلئے ممبئی کے چند اہم اسٹور

Updated: September 19, 2023, 7:33 AM IST | Mohammad Habib | Mumbai

گھر کی سجاوٹ سے لے کر گھر میں رکھی جانے والی دلکش اشیا ، رومانی مصنوعات تک یہ چیزیں اعلیٰ ذوق افراد کو تحفے میں دی جاسکتی ہیں

Photo: INN
تصویر: آئی این این

اپنے لئے تو ہم اکثر خریداری کرتے ہیں اور اس کیلئےمارکیٹس اور مالزکی شکل میں کئی مواقع بھی دستیاب ہوتے ہیں لیکن کبھی کبھی ہمیں دوسروں کیلئےبھی خریداری کرنا پڑتی ہےیعنی کسی کو تحفہ وغیرہ دینے کیلئےبھی کبھی نہ کبھی ہمیں کچھ انوکھی چیز خریدناپڑتی ہے۔اکثر ہمیں معلوم نہیں ہوتا کہ ایسی انوکھی چیز کہاں سے خریدی جائے تاکہ کسی کو تحفہ کے طور پر دینے کی صورت میں وہ اسے پسند بھی آئے۔ آئیے آج ہم آپ کو ایسی ہی چند دکانوں کے تعلق سے بتاتے ہیں جہاں سے آپ کسی کو تحفہ میں دینےکیلئے ایسی خصوصی چیزیں خرید سکتے ہیں جسے کوئی بھی یقیناً پسندکرے گا۔
دی بامبےاسٹور ،ہوم ڈیکورکے شوقین افراد کیلئے: گھر کی سجاوٹ کا شوق رکھنے والوں کیلئے فورٹ میں ایک عمدہ اسٹور واقع ہے۔ دی بامبے اسٹور نامی اس دکان پر آپ کو بڑے پیمانے پر دلکش موم بتیاں ، واس، دیوارپر ٹانگنے والے آرٹ کے نمونے اور دیگر خوبصور ت چیزیں مل سکتی ہیں ۔ یہاں ملنے والی چیزوں کی اقسام ہمیشہ تبدیل ہوتی رہتی ہیں اس لئے آپ ایک سےایک چیز یہاں خرید سکتے ہیں ۔
دی کلچر اسٹوری ، انٹیریئر ڈیکوریشن کے شوقین افراد کیلئے: کچھ لوگوں کو گھر کی تزئین کاری کا بہت شوق ہوتا ہےان کیلئے ایسی چیزیں بہت معنی رکھتی ہیں جنہیں سلیقے سے رکھ کر گھر کی خوبصورتی میں چار چاند لگائے جاتے ہیں ۔اگر ایسےشخص کو آپ تحفہ دینا چاہتے ہیں تو آپ کو اندھیری میں واقع دی کلچر اسٹوریThe CultR` Story کا رخ کرنا چاہئے۔یہاں آپ کودلکش ونڈ چائمز، ہولڈر، کپ، اسٹیکر، جار، گدے،بیگ اور ہر وہ چیز مل جائے گی جسے وہ پسند کرسکتے ہیں ۔
نرمتی ،نئے شادی شدہ جوڑوں کیلئے تحفہ کی دکان: دادر میں واقع یہ ایک خوبصورت دکان ہے جہاں ملک بھر سے دستکاری کے نمونے سجاکر رکھے گئے ہیں اور فروخت بھی کئے جاتے ہیں ۔یہاں پر آپ کو وارلی آرٹ کے نمونے یا بہار کی مدھوبنی پینٹنگ جیسے روایتی پینٹنگ کے نمونے،کشمیر کے پیپئر میش(کاغذ کی تیلیوں ) کے شکارے اور گھنٹیاں ، آندھرا پردیش کی قلمکاری جیسی تمام چیزیں آپ کو یہاں مل جائیں گے جو کسی کو تحفہ میں دینا اسے نایاب تحفہ بنادیتا ہے۔
نپا ڈوری، پروفیشنلز کیلئے تحفہ: اگر آپ کسی پروفیشنل کو تحفہ دینا چاہتے ہیں تو اسے ایسی چیز تحفہ میں دینا ہوگی جو اس کے شایان شان ہو۔ ایسے میں قلابہ میں واقع ’نپا ڈوری ‘ جانا آپ کیلئے فائدہ مندہوگا۔ یہاں آپ کو ہاتھ سے تیار کردہ جرنل،چمڑے کا والیٹ(پرس یا بٹوہ) یا تجدید شدہ لیپ ٹاپ کیس بھی مل جائے گا ۔یہ ایسی چیزیں ہیں جسے کوئی پروفیشنل شخص پاکر یقینی طور پرخوش ہوگا۔یہاں ملنے والی مصنوعات اعلیٰ کوالیٹی کی اور پائیدار ہوتی ہیں جو برسوں برس چلتی ہیں ۔
میری می، رومانی تحفے: باندرہ ویسٹ میں واقع یہ ایک ایسا اسٹور ہے جہاں آپ رومانٹک تحفے خرید سکتے ہیں ۔ یہاں ایسی چیزیں دستیاب ہیں جو نوجوانوں کے ساتھ ساتھ عمر رسیدہ افراد کو بھی پسند آئیں گے۔ یہاں پر آپ ونٹیج پوسٹ کارڈ، اسٹوریج باکس اور فوٹو فریم سے لے کر وال پیپر اور سوئی سے بنائی ہوئی چیزیں بھی خرید سکتے ہیں ۔یہاں کا ماحول بہت عمدہ ہے۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ یورپی اسٹائل میں بنائے گئے اس اسٹور میں ملنے والی چیزیں بہت زیادہ مہنگی نہیں ہیں ۔یہاں کےپہلے منزلے پر ضرور جانا چاہئے جہاں عمدہ کینڈیز ملتی ہیں ۔
چیپ جیک،نستعلیق افراد کیلئے تحفے: کچھ لوگ بہت ہی نستعلیق قسم کے ہوتے ہیں ،اگر آپ کو ان کیلئے تحفے خریدنا ہیں تو باندرہ میں واقع چیپ جیک میں جانا چاہئے۔ یہاں آپ کو بڑے منہ کے کانچ کے دلکش جار مل جائیں گے جن پر دھات کا ڈھکن ہوتا ہے،اس کے علاوہ گلاس،پانی کی بوتلیں ، ونڈ چائمز، بڑے بکسےاور وہ دیگر تمام چیزیں مل جائیں گی جو ایک نستعلیق قسم کا شخص اپنی چیزوں کو صحیح ڈھنگ سے رکھنےکیلئے استعمال کرتا ہے اور یہ چیزیں دیکھنے میں عمدہ بھی معلوم ہوتی ہیں جو ایسے افراد کو بھی پسند آئیں گی۔
آرٹ اسٹیشن ، فنکاروں کیلئے: کوئی فنکار اپنی پسند کے پینٹ، برش، مائیکروپین اور کوئی ایسی چیز جس کے ذریعہ آرٹ کے نمونے تخلیق کئے جاسکیں ،پاکر بہت خوش ہوتا ہے۔ ایسے لوگوں کیلئے آپ کھار میں واقع آرٹ اسٹیشن سےایسی تمام چیزیں خرید کر ایسے افراد کو تحفہ دے سکتے ہیں ۔اندھیری میں بھی ان کا اسٹور واقع ہے۔


یاد رہے: یہ محض رہنمائی کا کالم ہے، آپ جس کسی بازار کا رُخ کریں ، وہاں کی حتمی تفصیل خود حاصل کرکے اطمینان کرلیں ۔ اس کیلئے اخبار ذمہ دار نہیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK