Inquilab Logo

خواتین کے روایتی لباس اب آن لائن بھی خریدے جاسکتے ہیں

Updated: February 13, 2024, 10:38 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

روز نامی ویب سائٹ کو خواتین کے کپڑوں کا مکمل اسٹور قرار دیا جاسکتاہے جہاں کرتہ سیٹ سے لے کرانارکلی، غرارہ، شرارہ، لہنگا اور مخملی کپڑے تک مل جائیں گے۔

Sultana Sharara Set. Photo: INN
سلطانہ شرارہ سیٹ۔ تصویر : آئی این این

شاپنگ پر جانا حالانکہ خصوصی طور پر خواتین کیلئے ایک دلکش تجربہ ہوتا ہےلیکن کہیں مال یا بڑے مارکیٹ میں جاکر خریداری کرنا تھکا دینے والا عمل ہوتا ہے۔ اس پرجانے آنے کاخرچ الگ۔ شاپنگ کے بعد تھک کر بھوک لگنے پر کسی ہوٹل میں بیٹھ گئے تو اس کا خرچ الگ ہوتا ہے، ایسے میں بڑی تعداد میں لوگ اپنے گھر پر بیٹھ کر آن لائن خریداری کرنا زیادہ پسند کررہے ہیں۔ ویسے ان دنوں امیزون، فلپ کارٹ اورایسی ہی چند ای کامرس ویب سائٹس موجود ہیں جہاں سے آپ خریداری کرسکتے ہیں، لیکن ان سائٹس پر آپ کو ہر طرح کا سامان مل جائے گا لیکن خصوصی طور پر کپڑے اور وہ بھی اپنے طرز اور اپنی پسند کے کپڑے ملنا مشکل ہوتا ہے۔ ایسے میں آج ہم آپ کو ایک ایسی آن لائن کپڑوں کی دکان سے متعارف کروارہے ہیں جہاں سے آپ شادی بیاہ یا عید جیسی تقریبات کیلئے اپنی روایت کے مطابق کپڑے خرید سکتے ہیں۔ روز(www.roze.in) پر خواتین کیلئے عمدہ کوالیٹی کے کرتہ سیٹ، انارکلی، غرارہ، لہنگا اور کرتی جیسے کپڑے خریدے جاسکتے ہیں۔ 
یہاں خریداری کیوں کریں : یہاں پرعمدہ روایتی لباس یعنی انارکلی، لہنگا، شرارہ اور ساڑیاں بہت ہی نفاست سےبنائے جاتےہیں۔ یہاں پر بنانے جانے والےکپڑوں میں سے ہر کپڑے پر خصوصی توجہ رکھ کر تیارکیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر جہاں کڑھائی کی گئی ہے وہ پوری طرح ڈیزائن کے مطابق ہوگی۔ یہاں پر ڈبل ایکس ایس سے لے کر ڈبل ایکس ایل تک سائز کے کپڑے خریدے جاسکتے ہیں جبکہ کچھ کپڑوں میں فری سائز کا متبادل بھی موجود ہے۔ اگر آپ کپڑوں میں کچھ تبدیلی یعنی آلٹریشن کروانا چاہتے تووہ بھی یہاں کروایا جاسکتاہے۔ اس کیلئے آپ کو محض وہاٹس ایپ یا انسٹاگرام کے ذریعہ انہیں میسج کرنا ہوگا۔ اگر آپ کو کوئی کپڑا پسند آیا لیکن وہ اسٹاک میں ختم ہوچکا ہے تو آپ کے آرڈر کی بنیاد پر بھی بناکر آپ کو دے سکتے ہیں۔ یہاں سے کپڑے پورے ملک میں مفت پہنچاکر دیئے جاتے ہیں، یعنی کوئی ڈلیوری چارج نہیں لیا جاتا۔ 
عمدہ کپڑوں کی خریداری: یہاں خواتین کیلئے روایتی اور اعلیٰ کوالیٹی کے کپڑےخریدے جاسکتے ہیں۔ جیسا کہ پہلے کہا گیا یہاں کرتہ سیٹ کے علاوہ یہاں علاحدہ کرتہ اور پاجامہ، دوپٹہ بھی خریدا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہاں انارکلی، غرارہ، لہنگا اورساڑی بھی خریدی جاسکتی ہے۔ یہاں ملنے والے کپڑے مختلف ناموں سے فروخت ہوتے ہیں جیسے کہ مہ جبین کرتہ سیٹ، زارا پلیٹیڈ کرتہ سیٹ، نور کرتہ سیٹ، امائرہ کرتہ سیٹ، ثریا کرتہ سیٹ اور نرگس کرتہ سیٹ جیسی چند مثالیں ہیں۔ اسی طرح انارکلی سیٹ میں بھی ایسے ہی نام شامل ہیں جیسے کہ مہر انارکلی سیٹ، اہانہ انارکلی سیٹ، کلارا انارکلی سیٹ اور مسکان چندیری انارکلی سیٹ۔ اسی طرح غرارہ اور لہنگے بھی عمدہ کوالیٹی کے دستیاب ہیں۔ 
کلیکشن: اس ویب سائٹ پر ان تمام اقسام کے کپڑے تو دستیاب ہیں ہی لیکن یہاں کلیکشن زمرے کے تحت کئی طرح کے کلیکشن پیش کئے گئے ہیں جن میں سائرہ نامی کلیکشن ہے جو خصوصی طور پر تہواروں کیلئے تیار کیا گیا ہے، اس کے بعد گرمیوں کے موسم کیلئے کپڑے خریدنے کیلئے ’لومیئر‘ اور ’گل بہار‘ نامی کلیکشن پیش کیا گیا ہے، تہواروں سے قبل کے کپڑے خریدنا ہوں تو اس کیلئے ’باغ‘ نامی کلیکشن دستیاب ہے، اس کے علاوہ’ونٹر ویلویٹ‘ نامی کلیکشن ہے جس میں آپ کو عمدہ مخمل سے تیار کئے گئے کپڑے دستیاب ہونگے، تہواروں کیلئے ایک اور کلیکشن’مستانی بھی ہے۔ اس کے علاوہ لیلیٰ، پاکیزہ اور بیگم نامی کلیکشن بھ دیئے گئے ہیں۔ ان میں سے پاکیزہ کلیکشن کے تحت سفید رنگ کے پاکیزہ اورعمدہ کپڑے پیش کئے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ بیگم نامی کلیکشن میں بھی کئی قسم کے کرتہ سیٹ اور دیگر کپڑے پیش کئے جاتے ہیں جو گھر کی بیگمات پر جچتے ہیں۔ 
جوتیاں : کپڑوں کے علاوہ یہاں جوتیاں بھی عمدہ معیارکی ملتی ہیں جن میں جدید طرز کی جوتیوں سے لے کر روایتی اور فیشن کی بنیاد پر بھی جوتیاں بناکر دی جاتی ہیں۔ یہاں کی زیادہ تر جوتیوں پر کڑھائی بنائی اور کشیدہ کاری کی ہوئی ہوتی ہےجنہیں آپ اپنے کپڑوں کی مناسبت سے رنگ اور ڈیزائن میں حاصل کرسکتے ہیں۔ موتی اور ڈائمنڈ جڑی جوتیوں سے لے کر چکن کاری کی حامل جوتیاں ملتی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK