Inquilab Logo

جرم، سیاست، پولیس اور خاندانی اتھل پتھل کے گرد گھومتی کہانی

Updated: December 03, 2023, 10:03 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

ایپی سوڈز کی طوالت کوبرداشت کرلیا جائے تو سیریز میں بھرپور تفریح اور سنسنی موجود ہے،عمدہ اداکاری بھی اسے دیکھنے لائق بناتی ہے

Priyanshu Kwamizur can be seen in a scene from Prime Video`s web series Shahr Lakhot
پریانشو کوامیزور پرائم ویڈیو کی ویب سیریز’شہر لاکھوٹ‘ کے ایک منظر میں دیکھا جاسکتاہے

انوشکا شرما کے ساتھ ’این ایچ۱۰؍‘اور ابھے دیول کےساتھ ’منورما سکس فیٹ انڈر‘جیسی فلموں کے ڈائریکٹر نودیپ سنگھ کی کہانیوں کی خاصیت ان کے کردار ہوتے ہیں۔جرائم کی کہانی کو دکھانے کے لیے نودیپ کی فلموںمیںجس طرح انسانی کمزوریوں اور جرائم کا جال بنا گیا  ہے، وہ زمینی اور حقیقت کے بہت قریب ہے۔امیزون پرائم ویڈیو پر ریلیز ہونے والی نودیپ کی کرائم سیریز ’شہر لاکھوٹ‘ ایک دلچسپ کرائم سیریزہےجو ان دونوں پہلوؤں کویکجاکرتی ہے، جن کےکردار اس کی سب سے بڑی طاقت اور کہانی کے سسپنس کا ذریعہ ہیں۔
کہانی:شہر لاکھوٹ راجستھان کاایک خیالی قصبہ ہے، جوسنگ مرمرکی کان کنی کے کاروبار کیلئےمشہور ہے۔ شاہی خاندان کی ناجائز اولادکیرو(چندن رائے سانیال) اس کاروبار کا سب سے بڑا کھلاڑی ہے اور ماربل اسوسی ایشن کا صدربھی ہے۔بڑے سیاسی لیڈروں سے  اس کےتعلقات ہیں۔پرانی بڑی حویلی کو ہوٹل میں تبدیل کر دیا گیا ہے،جس میں جسم فروشی اور جوئے کاکاروبار بھی چلتا ہے۔اس کی جس زمین پر سنگ مرمر کی کان کنی کی جاتی ہے اس پروکاس(چندن رائے جو پنچایت سے مشہور ہوئے تھے)کی قیادت میں کچدار قبائلی احتجاج کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ زمین پر ان کا حق ہے۔ 
 قبائلیوں کے ساتھ بات چیت کرنے اور اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے،گروگرام کی مائننگ کمپنی نے اپنے ملازم دیویعنی دیویندر سنگھ تومر (پریانشو پینیولی) کو لاکھوٹ بھیجا ہے۔ حالانکہ دیو پہلے تو وہاں جانےسے ہچکچاتاہے، کیونکہ یہ اس کا آبائی شہر ہے اور اس نے کوئی جرم کیاہےجس کی وجہ سے اس کے خاندان نےاس سے تمام تعلقات توڑلیےہیں۔ کمپنی کے دباؤ میں دیو کولاکھوٹ جانا پڑتا ہے، جہاں اس کا نئے مسائل سے سامنا ہوتاہے، جو اس کی زندگی کو مکمل طور پر بدل دیتے ہیں۔
اسکرین پلے:شہر لاکھوٹ کا اسکرین پلے نودیپ سنگھ نے دیویکا بھگت کے ساتھ مل کر لکھا ہے۔ اسکرین پلے دیو کے کردار سے شروع ہوتاہے اور کہانی اس کے نقطہ نظر سے آگے بڑھتی ہے اور نئے اسرار کھلتے ہیں۔ دیو کا ماضی، خاندان کے ساتھ تعلقات، سابق گرل فرینڈ،اسکول کے دوست، پولیس، سیاست دان… یہ سب کہانی میں شامل ہو جاتے ہیں۔تقریباً تمام کرداروں میں کوئی نہ کوئی خامی ہوتی ہے۔جیسے ہی یہ کردار ابھرتے ہیں، دیو کے ماضی کی ایک نئی پرت کھل کر سامنے آتی ہے اور شو سنسنی خیز ہوتا چلا جاتا ہے۔ دیو نے ماضی میں ایسا کیا کیا تھاکہ جب وہ ۱۰؍ سال بعدلاکھوٹ واپس آیاتو سب نےاسے شک کی نگاہوں سے دیکھا، طعنے دئے۔کسی نے اس سے سیدھے منہ بات بھی نہیں کی۔
اداکاری: دیو یعنی دیویندر سنگھ تومر کے کردار میں پریانشو پینیولی کی کارکردگی بہت ہی درست اور کردار کے دائرہ کار میں ہے۔یہ کردار اتناتہہ دار ہے کہ اس میں اداکاری کی کافی گنجائش ہے، جس کا پریانشو نےبھرپور فائدہ اٹھایا ہے۔ اس کے لیے نودیپ اور دیویکا کی بھی تعریف کرنی پڑتی ہے۔دیگر کرداروں کی بات کریں تو دیو کی گرل فرینڈسندھیا(سینڈی)کے کردار میں شروتی مینن، دوست کے کردار میں آشیش تھپلیال، ایس ایچ او  رنبیر رنگوٹ کے کردار میں منو رشی چڈھا، قبائلی لیڈروکاس کچدارکےکردارمیں چندن رائے، ایس آئی  کے کردار میں کبراسیت اور دیو کی بھابھی ودوشی تومر کے کردار میں شروتی جالی نےشاندار کام کیا ہے۔
نتیجہ:سیریز اپنی طوالت کی وجہ سےکچھ بور لگتی ہے، جس میں اوسطاً ایک گھنٹے کے۸؍ایپی سوڈہیں۔اداکاروں کی اداکاری ٹھیک ہے۔اگر آپ جرائم پر مبنی کہانیاں پسند کرتے ہیںتو آپ اس ویب سیریزکو ایک مرتبہ دیکھ سکتےہیں۔n

web series Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK