• Mon, 23 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ابن صفی کے ناول اورنئی فلم کے درمیان ابن صفی کوہی منتخب کروں گا

Updated: November 30, 2020, 11:16 AM IST | Mubasshir Akbar

ابن صفی کے ناولوں کے نوجوان قارئین سے گفتگو، یہ قارئین گزشتہ چند برسوں میں ابن صفی کے دیوانے ہوئے ہیں او راب انہیں ان کے ناول پڑھے بغیر انہیں قرار نہیں آتا

Noval and Film
ناول اور فلم

 اردو زبان میں جاسوسی ادب کا نام سنتے ہی ذہن کے پردہ پر ابھرنے والا جگمگاتا نام ابن صفی کا ہے۔ابن صفی وہ پہلے جاسوسی ناول نگار ہیں جنہوں نے جاسوسی ناول کو گوناگوں مسائل سے سے جوڑ کر ایک نئی جہت کا آغاز کیا۔انہوں نے اپنے ناولوں کو اس مقام تک پہنچایا کہ وہ محض تفریحی عوامی اور بازاری ادب نہ ہوکر ادیبوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ابن صفی کی آفاقی معنویت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اردو ناول کے قارئین کا اتنا وسیع حلقہ نہ اس سے قبل پیدا ہوا اور نہ ہی اس کے بعد۔ ایسے لوگ بھی ہیں جنہوں نے اپنی ادبی زندگی کا آغاز ان کے ناولوں کے مطالعے سے کیا اور بہترین ادیب بن گئے۔ ایک بڑی تعداد ان افراد کی بھی ہے جنہوں نے صرف ان کے ناول پڑھنے کے لئے اردو زبان سیکھی۔ ابن صفی  کے پرستاروں کی تعداد پہلے کم تھی اور نہ اب اس میں کوئی تخفیف ہوئی ہے بلکہ ان کے قارئین میں اب تک دوسری یا تیسری نسلیں بھی شامل ہو گئی ہیں۔ ہم نے ابن صفی کے کچھ ایسے ہی نوجوان قارئین سے گفتگو کی جو گزشتہ چند برسوں میں ابن صفی کے  دیوانے ہوئے ہیں  او راب انہیں ان کے ناول پڑھے بغیر انہیں قرار نہیں آتا۔
 معروف آئی ٹی کمپنی میں سسٹم انجینئر  کے طور پر برسرکار شیخ  راشد امین   کے لئے ابن صفی کے ناول وہ روزمرہ کی خوراک ہے جسے لئے بغیر انہیں نہ قرار آتا ہے اور نہ ذہنی سکون ملتا ہے۔ راشن امید کے مطابق اگر کوئی مجھے ابن صفی کے ناول اورنئی فلم کے درمیان انتخاب کرنے کو کہے گا تو میں ابن صفی کا ناول ہی منتخب کروں گا اور یہ ہمیشہ ہی میرا انتخاب رہے گا۔ راشد  نے بتایا کہ انہوں نے اسکول کے زمانے سے ہی ابن صفی کو پڑھنا شروع کردیا تھاکیوں کہ ان کے گھر میں بھی سبھی ابن صفی پڑھنے والے ہیں ۔ وہ کہتے ہیں کہ اگرمیں یہ کہوں تو غلط نہ ہو گا کہ ہمارے گھر میں ہم تیسری نسل ہیں جو ابن صفی کو پورے ذوق و شوق کے ساتھ پڑھ رہی ہے۔ابن صفی کے ناولوں کی خصوصیت پر راشد نے کہا کہ ان کے ناولوں پر سیکڑوں فورمس میں گفتگو ہو چکی ہے لیکن میرے لئے یہی بات سب سے اہم ہے کہ انہوں نے جرائم کا قلع قمع کرنے کیلئے اخلاقی پہلوئوں  پر بہت زیادہ زور دیا ہے۔ ان کے ناول اخلاقیات کی تربیت کے لحاظ سے سب سے بہتر قرار دئیے جاسکتے ہیں۔  
 معروف اکائونٹنگ کمپنی میں  اکائونٹ ایگزیکٹیو مدبر قریشی کیلئے ابن صفی کے ناول صحت مند وقت گزاری کا ذریعہ ہیں۔  وہ کہتے ہیں کہ موبائل  اور انٹرنیٹ  کے سیلاب نے جس طرح سے ہماری عادتیں بگاڑی ہیں اور ہمیں مطالعہ سے دور کیا ہے اس سے مقابلہ کرنے میں ابن صفی کی تحریریں تن تنہا لوہا لے رہی ہیں اور اب بھی میدان میں ڈٹی ہوئی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہمیں فی الحال دور دور تک کوئی اور قلمکار اس طرح کا نظر نہیں آتا جس کی کتابیں اب بھی دھڑلے سےفروخت ہوتی ہیں  اور آن لائن ڈائون لوڈ ہوتی ہیں۔مدبر قریشی کے مطابق ان کا ابن صفی سے واسطہ تو بہت پہلےپڑ چکا تھا کیوں کہ گھر میں سبھی کو  ان کے ناولوں کا شوق ہے لیکن گزشتہ کچھ برسوں میں انہوں نے پورے ذوق و شوق کے ساتھ ان ناولوں کا مطالعہ شروع کیا ہے اور یہ محسوس کیا ہے کہ  دوبارہ یا سہ بارہ بھی اگر ان ناولوں کی ورق گردانی کی جائے تو یہ بوجھل محسوس نہیں ہوتے  بلکہ ہر مرتبہ ان کی تحریر ایک نیالطف دی جاتی ہے جو شاید دیگر کسی بھی قلمکار کے یہاں نہیں ملے گا ۔
  شعبہ  درس و تدریس سے وابستہ ذکی احمد مرزا کےمطابق ابن صفی ان کیلئے مثبت اور صاف ستھرا ادب مہیا کرنے والے قلمکار ہیں۔ انہوںنے اپنی ہر تحریر میں انسانی نفسیات  و ذہن کی پاکیزگی کا بھرپور خیال رکھا ہے یہی وجہ ہے کہ ان کے پڑھنے والوں میں ایک خاندان کے کئی کئی لوگ رہے ہیں جن میں مرد و خواتین سبھی شامل ہیں۔ اسکول کے زمانے سے ابن صفی پڑھنےوالے ذکی احمد کے مطابق اسکول میں تو صرف ناول پڑھنے کے شوق نے ابن صفی پڑھوایا لیکن اب ان کی زبان و بیان کا چسکا لگ گیا ہے۔رنگ ظرافت میں ڈوبے ہوئے ان کے جملے وہ اثر کرتے ہیں کہ ہر مرتبہ عش عش کرنے کو جی کہتا ہے اور اسی وجہ سے ان کے تمام ناول کئی کئی مرتبہ پڑھے جاچکے ہیں۔
 ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کمپنی میں ٹیم لیڈر یاسر قاسم کے مطابق ہم جس شعبے میں برسرکار ہیں وہاں پر ذہنی دبائو اس قدر زیادہ ہے کہ اگرہم ذہنی سکون  حاصل کرنے کا کوئی راستہ نہ نکالیں توہمارے لئے مشکلات کھڑی ہو جائیں۔ ایسے میں ابن صفی کے ناول ہی ہمارے کام آتے ہیں۔ یاسر قاسم کے مطابق وہ صرف ناول نہیںہوتے بلکہ ہماری نظروں کے سامنے ایک جہاں آباد ہو تا ہے جس میں ہنسی ، قہقہے ، ظرافت ،  مزاح ، طنز غرض  وہ سب کچھ ہو تا ہے جو ایک بہترین کتاب میں ہونا چاہئے ۔ یاسر کے مطابق ابن صفی نے اپنے ناولوں کا معیار اتنا اونچا رکھا ہے کہ فی الحال کوئی دوسرا  دور دور تک بھی نظر نہیں آتا ہے۔ یاسر کہتے ہیں کہ کبھی کبھی یہ محسوس ہو تا ہے کہ اگر ابن صفی موجودہ دور میں حیات ہوتے تو انہیں لکھنےکیلئے مزید کتنے موضوع میسر آجاتے اور ہم جیسے  قارئین ہر ماہ کسی نئے موضوع پر ان کے ناولوں کا بے صبری سے انتظار کرتے ۔
 درس و تدریس سے وابستہ انصاری محمد جعفر نے ابن صفی کوعہد ساز قلمکار قرار دیتےہوئے کہا کہ کالج کے زمانے سے ابن صفی کے ناول پڑھنےکا شوق لگا اور یہ اب تک برقرار ہے بلکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ شوق اب عادت میں تبدیل ہو تا جارہا ہے۔ محمد جعفر کے مطابق ابن صفی کی تحریر کی یہی سب سے بڑی خوبی ہے کہ اسے پڑھنے کے بعد ہر مرتبہ ایک نیا استعارہ ملتا ہے ، نئی تلمیحات سامنے آتی ہیں  اور نئی ترجیحات کی طرف اشارہ ہو تا ہے۔وہ کہتے ہیں کہ زبان و بیان کی درستی میں ابن صفی کےناول اہم کردار ادا کرتےہیں۔ اسی لئے اگر کسی کو اپنی زبان بامحاورہ اوراپنی نثر کو شگفتہ بنانا ہے تو اسے ان ناولوں کا مطالعہ ضرور کرنا چاہئے۔
 مشہور فارما کمپنی کے میڈیکل نمائندہ (ایم آر )تاج الدین محمد  نے بتایا کہ انہیں ابن صفی کے ناول پڑھنےکا شوق  اپنے بھائی کو پڑھتا ہوا دیکھ کر ہوا  اور اب یہ عالم ہے کہ جہاں کہیں بھی   اور جیسے بھی موقع ملے آن لائن پڑھ لیتا ہو ں یا پھر رات میں وقت ملے توناول اٹھالیتا ہوں ۔ ان کے ناولوں کا ہر کردار اپنی مثال آپ محسوس ہو تا ہے۔ تاج الدین کے مطابق ابن صفی نےصرف ناول تحریر نہیں کئے بلکہ قاری کی ذہنی  تربیت اور تفریح کا سامان بھی کیا ہے یہی وجہ ہے کہ ان کے پڑھنے والوں کی تعداد میں ہر دور میں اضافہ ہی ہوا ہے اور کمی شاید کبھی نہ آئے کیوں کہ جو ایک مرتبہ ان کی تحریر پڑھ لیتا ہے وہ پھر اس کا گرویدہ ہو جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK