• Mon, 23 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان نیپال کو ۱۵؍ ہزار کروڑ روپے کی ترقیاتی امداد دے گا

Updated: November 23, 2026, 10:01 PM IST | New Delhi

ہندوستان نے اپنی پڑوسی مقدم پالیسی پر عمل کرتے ہوئے نیپال کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے ۱۵؍ ہزار کروڑ روپے کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس میں قدرتی آفات کے بعد تعمیر نو اور نئے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے لیے ۳۵۰۰؍ کروڑ روپے کی گرانٹ اور توانائی کے شعبے کے منصوبوں کے لیے۱۱۵۰۰؍ کروڑ روپے کی قرض سہولت شامل ہے۔

Narendra Modi and Balendra Shah.Photo:PTI
نریندر مودی اور بلیندر شاہ۔ تصویر:پی ٹی آئی

ہندوستان نے اپنی پڑوسی مقدم  پالیسی پر عمل کرتے ہوئے نیپال کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے ۱۵؍ ہزار کروڑ روپے کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس میں قدرتی آفات کے بعد تعمیر نو اور نئے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے لیے ۳۵۰۰؍ کروڑ روپے کی گرانٹ اور توانائی کے شعبے کے منصوبوں کے لیے۱۱۵۰۰؍ کروڑ روپے کی قرض سہولت شامل ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی اور ہندوستان کے دورے پر آئے نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت میں اس پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں لیڈروں نے بھگوان رام کی نگری ایودھیا اور ماتا جانکی کی جائے پیدائش جنک پور دھام کو پیر کے روز بین الاقوامی ٹرین سروس سے جوڑنے کا کام بھی انجام دیا۔ دونوں ممالک نے اپنے تعلقات میں ایک نیا باب شامل کرتے ہوئے ایودھیا سے نیپال کے جنک پور کے درمیان مسافر ٹرین سروس کا مشترکہ طور پر افتتاح کیا۔

یہ بھی پڑھئے:ڈبلیو ٹی سی منظرنامہ: ویلنگٹن میں ڈرا کے بعد ہندوستان کی امیدوں کو دھچکا

اس موقع پر  مودی نے کہا کہ نیپال کے بغیر ہندوستان کے دھام اور رام دونوں ادھورے ہیں۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد  شاہ کا یہ پہلا دورۂ ہندوستان ہے۔ اس دوران دونوں وزرائے اعظم نے دوطرفہ تعاون، علاقائی امور اور عالمی حالات پر تبادلۂ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے `ترقی یافتہ ہندوستان اور خوشحال نیپال  کے مشترکہ تصور کو بھی اپنایا۔ اس کے تحت اقتصادی تعاون، رابطہ سہولتوں، توانائی، آبی وسائل، آفات کے انتظام، ڈیجیٹل خدمات، خلائی تحقیق اور اختراع جیسے شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کا خاکہ تیار کیا گیا ہے۔
دونوں ممالک نے ریل اور سڑک رابطے کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا۔ ایودھیا اور جنک پور کے درمیان سریو۔ کملا ایکسپریس ریل سروس شروع کی گئی۔ اس سے رامائن سرکٹ میں مذہبی اور ثقافتی سیاحت کو فروغ ملے گا۔ دونوں ممالک نے رکسول۔کاٹھمنڈو برقی کاری سے لیس براڈ گیج ریلوے لائن کے مجوزہ راستے کا سروے مکمل ہونے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ نیپال میں مشرق۔مغرب ریلوے لائن کی ترقی میں بھی ہندوستان تعاون کرے گا۔

یہ بھی پڑھئے:مس یونیورس میں اسرائیلی حسینہ کے لباس پر ہنگامہ، نعرے بازی اور شدید مخالفت

وزیر اعظم مودی نے نیپال کی ٹرانزٹ تجارت کے لیے گجرات کی دین دیال بندرگاہ کے استعمال کی نئی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ ادیشہ کی پارادیپ بندرگاہ تک بھی ضروری بنیادی ڈھانچہ تیار ہونے کے بعد رسائی فراہم کی جائے گی۔ دونوں لیڈروں نے سرحد پار رابطے کو بڑھانے کے لیے نئی ریلوے لائنوں، پلوں، مربوط چیک پوسٹوں اور پٹرولیم پائپ لائنوں کی ترقی پر بھی زور دیا۔
توانائی کے شعبے میں تعاون کے تحت دونوں وزرائے اعظم نے ۶۶۹؍ میگاواٹ کے لوئر ارون پن بجلی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس کے ساتھ ہی موتیہاری۔املیکھ گنج پیٹرولیم پائپ لائن کے دوسرے مرحلے کو نیپال کے عوام کے نام وقف کیا۔ نیپال کے جھاپا میں پٹرولیم ٹرمینل کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔ دونوں نے سلی گوڑی سے جھاپا تک پیٹرولیم پائپ لائن کا کام جلد شروع کرنے پر زور دیا۔ تعلیم اور تکنیکی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ہندوستان نیپال میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) کا ایک کیمپس قائم کرے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان صحت، آیوروید، خلائی تحقیق، پائیدار شہری ترقی، مویشی پروری اور ماہی پروری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے آٹھ مفاہمت ناموں کا بھی تبادلہ ہوا۔ نیپال کے وزیر اعظم نے وزیر اعظم مودی کو نیپال آنے کی دعوت دی، جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ ان کے دورے کی تاریخوں کا تعین سفارتی ذرائع سے کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK