Inquilab Logo

اپیلیں اپنی جگہ اصل ذمہ داری ووٹر کی !

Updated: April 28, 2024, 1:56 PM IST | Mumbai

ممبئی میں ووٹنگ کی تاریخ کیا ہے؟ دن میں کتنے بجے ووٹنگ شروع ہوگی؟ کب ختم ہوگی؟ جس انتخابی حلقے میں آپ کا نام ہے وہاں پولنگ بوتھ کہاں کہاں ہوں گے؟ آپ کا نام کس پولنگ بوتھ پر ہوگا؟ ممکن ہے یہ تفصیل آپ کے پاس اب تک نہ ہو مگر جلد ہی آپ کو یہ سب جان لینا ہوگاتاکہ ووٹ دینے کی پہلے سے تیاری رہے اور عین موقع پر محض اس لئے کہ فلاں چیز معلوم نہیں تھی، آپ حق رائے دہی سے محروم نہ رہ جائیں ۔

Photo: INN
تصویر:آئی این این

ممبئی میں  ووٹنگ کی تاریخ کیا ہے؟ دن میں  کتنے بجے ووٹنگ شروع ہوگی؟ کب ختم ہوگی؟ جس انتخابی حلقے میں  آپ کا نام ہے وہاں  پولنگ بوتھ کہاں  کہاں  ہوں  گے؟ آپ کا نام کس پولنگ بوتھ پر ہوگا؟ ممکن ہے یہ تفصیل آپ کے پاس اب تک نہ ہو مگر جلد ہی آپ کو یہ سب جان لینا ہوگاتاکہ ووٹ دینے کی پہلے سے تیاری رہے اور عین موقع پر محض اس لئے کہ فلاں  چیز معلوم نہیں  تھی، آپ حق رائے دہی سے محروم نہ رہ جائیں  ۔ اگر ایسا ہوا تو اتنے اہم الیکشن میں  عدم شمولیت کے سبب آپ خود کو شاید کبھی معاف نہ کرپائیں ۔ یہ تاریخی الیکشن ہے جو اِس وقت جاری ہے۔ 
 مہاراشٹر میں  اب تک جتنے حلقوں  میں  پولنگ ہوئی ہے وہاں  سے کم پولنگ کی خبریں  منظر عام پر آئی ہیں ۔ اس کی بھرپائی کیسے ہوگی اس کی فکر کی جانی چاہئے۔ ہم اس کالم میں  اُن تمام تنظیموں  کی ستائش کرچکے ہیں  جنہوں  نے انتخابی فہرست میں  لوگوں  کے نام درج کروانے کی فکر کی۔ ہم اُن مساجد کی بھی پزیرائی کرچکے ہیں  جہاں  کے ائمہ نے جمعہ کے بیان میں  ووٹ کی اہمیت پر زور دیا اور مصلیان کو بیدار کرنے کی کوشش کی۔ یہ اور ایسی کوششیں  ہنوز جاری ہیں  مگر اس بات کی ضمانت کون دے گا کہ آیا اتنی قابل قدر کوششوں  کا خوشگوار اور نتیجہ خیز ردعمل سامنے آئے گا؟ کہیں  یہ اپیلیں  یک طرفہ نہ ثابت ہوں  اور رائے دہندگان غفلت سے جاگنے کی زحمت ہی نہ کریں ؟ ایک جانکار اور دردمند انسان، اپنے آس پاس کے لوگوں  کو یہ بتا سکتا ہے کہ اُن کے مفاد میں  کیا ہے۔ اُس کی باتوں  کو اچھی طرح سمجھ لینے کے بعد بھی اگر آس پاس کے لوگ حرکت میں  نہ آئیں  اور اُس کی نصیحتوں  پر عمل نہ کریں  تو اُن کی تقدیر کوئی نہیں  بدل سکتا۔ ایسا ہی ووٹنگ کا بھی معاملہ ہے۔ اِس وقت ملت کی تنظیموں ، ٹرسٹوں ، علماء اور ائمہ میں  بیداری جیسی بیداری ہے مگر کیا عوام میں  ایک ایک شہری اُس طرح بیدار ہوا ہے جیسا یہ حضرات اور ادارے چاہتے ہیں ؟
 یاد رہے کہ اپنے ووٹ کی فکر پولنگ کے دن کرنے میں  خطرہ ہے اس لئے اپنے ووٹ کی فکر آج سے شروع ہوجانی چاہئے۔ آپ کے پاس گھر کی خواتین کو ووٹنگ کیلئے بھیجنے کا کیا منصوبہ ہے؟ گھر کے بزرگوں  کو پولنگ بوتھ تک پہنچانے کیلئے آپ نے کیا انتظام کرنے کا فیصلہ کیا ہے؟ اپنے گھر کے ووٹوں  کی فکر کرلینے کے بعد آپ، اپنے رشتے داروں ، دوستوں ، پڑوسیوں  اور دیگر متعلقین کو بیدار کرنے کی کیا کوشش کررہے ہیں ؟ یہ سب بہت اہم اور ضروری ہے۔ ووٹنگ سے دور رہ کر آپ نہ تو جمہوریت کو مستحکم کرسکتے ہیں  نہ ہی حالات کو بدل سکتے ہیں ۔ حالات کو بدلنے کا ایک ہی ذریعہ ہے اور وہ ہے زیادہ سے زیادہ لوگ ایسے نمائندوں  کا انتخاب کریں  جو ملک کی جمہوریت، اس کے آئین اور جمہوری و آئینی اقدار کی حفاظت کا عہد کریں ، جو آئین کی عظمت کو سمجھتے ہوں  اور جن کے طور طریقوں  سے یہ بات جھلکتی ہو کہ اُن کے دل میں  آئین کا احترام ہے۔ یہ وقت ہے کہ آئین کی حفاظت کیلئے ووٹ دیا جائے۔
 بہت سے لوگ ووٹنگ کے دن کو چھٹی کا دن سمجھنے اور پورا دن آرام کرنے یا گھومنے پھرنے میں  گزارنے کی غلطی کرتے ہیں ۔ بہت سے لوگ یہ سوچ کر گھر سے روزانہ کی طرح نکل پڑتے ہیں  کہ جلدی واپس آکر ووٹ دے دینگے۔ یہ لوگ سخت غلطی پر ہوتے ہیں ۔ جو ذمہ داری جتنی اہم ہوتی ہے اُسے اُتنی جلدی ادا کرنا چاہئے، اس لئے ممبئی اور مہاراشٹر کے باقی ماندہ حلقوں  کے رائے دہندگان کو یہ طے کرلینا چاہئے وہ کوئی کام نہیں  روکیں  گے مگر ووٹنگ کے دن پہلا کام ووٹ دینا ہی ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK