Inquilab Logo

دُنیا کا آٹھواں عجوبہ : پاکستان کی نئی سرکار

Updated: March 19, 2024, 2:02 PM IST | Hassan Kamal | Mumbai

پاکستان میں صدر کی اہلیہ کو خاتون اول کہا جاتا ہے۔ نئے صدر آصف علی زرداری کی بیوی بے نظیر بھٹو کئی سال پہلے شہید ہو چکی ہیں۔ خبروں کے مطابق زرداری کی بیٹی آصفہ زرداری کو خاتون اول کا درجہ دیا گیا ہے ۔الا ماشاء اللہ

Photo: INN
تصویر : آئی این این

 ہم پاکستان کے اس آٹھویں عجوبہ کی بات ضرور کریں گے، لیکن اس سے پہلے آپ ایک لطیفہ سن لیجئے۔ہم تو مودی میڈیاچینلس د یکھتے نہیں لیکن آج کل ہندوستان کے سوشل میڈیا چینلس پر بھی آپ تھوڑی تھوڑی دیر کے بعد یہ نعرے یا نعرہ نما گانے ضرور سنتے ہوں گے کہ ’سارا بھارت مودی کا پریوار‘ عورتوں کے لئے مودی کی دین اور یہ ہے مودی کی گارنٹی‘ وغیرہ وغیرہ ، یہ اشتہارات بتاتے ہیں کہ ہمیں سب تو یاد نہیں لیکن سب اسی طرح کے ہیں، بی جے پی ان اشتہاروں کے لئے یو ٹیوب یا دوسرے ایسے ہی چینلس کا سہارا لے رہی ہے، عام طور پر اس کا مقصد عوام کو یہ یاد دلانا ہے کہ مودی جی نے تمہارے لئے کیا کیا نہیں کیا۔ہندوستانی عوم اس کا کتنا اثر لیتے ہیں یہ تو ایک دو ماہ بعد ہی معلوم ہوگا جب الیکشن ہو جائیں گے لیکن ان اشتہارات سے پاکستان کے سوشل میڈیا والے بہت خوش ہیں، بی جے پی یہ پیسہ یو ٹیوبس کو دیتی ہے یہ ٹیوبس اس میں سے اپنی فیس کاٹ کر بقیہ پیسہ ان سوشل میڈیایا ان کو چلانے والوں کو دیتی ہے، جو یہ روزگار کرتے ہیں۔ ہم پاکستان کے جو سوشل میڈیا چینلس دیکھتے ہیںان میں ایک ایک پروگرام میں کئی کئی بار مودی کے یہ اشتہارات ضرورآتے ہیں ور اس کے بدلے میں انہیں ہر ماہ ہزاروں ڈالرس بھی ملتے ہیں تو پاکستان کے یہ چینلس مودی کی اس گارنٹی سےبہت خوش ہیں اور انہیں تھینک یوکہتے ہیں۔ یہ نہ سمجھئے گا کہ ہم نے یہ لطیفہ گڑھا ہے، آپ پاکستان کے مذکورہ چینلس کو دیکھ لیجئے تو جان لیجئے کہ یہ لطیفہ بھی ہے اور بر حق بھی ہے۔
 اب ہم آپ کو اس پاکستان کے بارے میں بتاتے ہیں جہاں ۸؍فروری کو انتخاب ہوئے اور نئی سرکار بن چکی ہے اور نواز شریف خود تو وزیر اعظم نہیں بن سکے لیکن ان کےبرادر خورد شہباز شریف اب پاکستان کے نئے وزیر اعظم ہیں۔ شہباز شریف نے لاہور قومی اور صوبائی اسمبلی کی دونوں سیٹیں جیتی ہیں، حالانکہ لاہور کی پچاس میں سے اکیس سیٹوں پر پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی تحریک انصاف پارٹی کے حامیوں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ شہباز  شریف نے ایک کابینہ بنا لی ہے۔اس کابینہ کے وزیر دفاع خواجہ آصف ہیں جو سیالکوکٹ کی ایک سیٹ سے الیکشن ہار چکے ہیں، ان کے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان فیصل آباد سے سیٹ ہار چکے ہیں، ان کے وزیر خارجہ اور نواز شریف کے سمدھی اپنی سیٹ کھو چکے ہیں ، باقی سب کا بھی یہی حال ہے۔ جیسے جیسے الیکشن کی اصل جیتی ہوئی سیٹیں کھلتی جائیں گی معلوم ہوگا کہ یہ دنیا کا آٹھواں عجوبہ ہے۔ یہی نہیں یہ تو سرکار کا حال ہے، لیکن اس کے بعد پاکستان نے آصف زرداری کو اپنا صدر چنا ہے۔ پاکستان میں صدر کی اہلیہ کو خاتون اول کہا جاتا ہے پاکستانی آئین میںاس کا ذکر نہیں ہےلیکن انگریزوں کی فرسٹ لیڈی کی اس بخشش کو بھی اپنا یا گیاہے۔ زرداری کی بیوی بے نظیر تو کئی سال پہلے شہید ہو چکی ہیں۔ خبروں کے مطابق آصف زرداری کی بیٹی آصفہ زرداری کو خاتون اول کا درجہ دیا گیا ہے ۔ الا ماشاء اللہ۔ ہمیں خیال آیا کہ پاکستانیوں کو آٹھویں عجوبہ کیلئے مبارکباد دیں ۔ پاکستان کی اس جیسی حکومت شاید دنیاکے کسی ملک کونصیب نہ ہو، اور خدا کرے کہ نہ نصیب ہو، لیکن پاکستانیوں کو مبارکباد یتے وقت ہمیں یاد آیا کہ یہ وہی پاکستانی ہیں جنہوں نے پاکستان میں نئی تاریخ لکھتے ہوئے ملک کو شریفوں ، زرداریوں اوران کی موروثی سیاست سے بچا لیا ہے۔
 ہم پاکستانیوں کو اس لئے بھی مبارکباد دینا چاہتے تھے کہ انہوں نے الیکشن میں اپنی رائے دہی کا ایسا استعمال کیا کہ پاکستان کے سازشی عناصر کے حوصلے پست ہو گئے، اس کی ایک چھوٹی سی مثال بھی سن لیجئے، جس طرح قومی اسمبلی میں سازش کرنے والوں نے شہباز شریف کو وزیر اعظم بنا دیا، اسی طرح ان سازش کرنے والوں نے قانون کا غلط استعمال کرکے نوازشریف کی صاحب زادی بلند اقبال مریم نوازکو صوبہ پنجاب کا وزیر اعلیٰ بھی بنا دیا ہے، موصوفہ بھی لاہور میں ایک قومی سیٹ ہارچکی ہیں،لیکن پنجاب کی ایک صوبائی سیٹ پر انہیں کامیابی ملی ہے۔ ویر اعلیٰ بنتے ہی انہوں نے  اچانک اعلان کیا کہ مدت دس دن تک کوئی بھی عمران خان سے ملنے جیل نہیں جا سکے گا۔ عمران خان کی بہنیں گئیں، ان کے پارٹی لیڈر گئے اور  وکیل بھی گئے، لیکن جیل کےذمہ داروں نے انہیں ملنے کی اجازت نہیں دی۔ بہانہ یہ بنایا کہ چونکہ عمران خان ایک سیکوریٹی رسک ہیں اور دہشت گرد انہیں چاہتے ہیں اس لئے حفاظت کے لئے دس دن تک انہیں عوام سے دور رکھا گیا ہے اور کسی کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے یہ سب جھوٹ تھا۔ ایک طرح سے یہ اچھا بھی ہوا ہے ، صرف پاکستانیوں کو ہی نہیں پاس پڑوس کے تمام ممالک کو پاکستانیوں سے سبق ملا ہے، اگر وہ یہ سمجھتے ہیں کہ جذباتی اور عدم عقل پسند نعرے لگانے والوں، ان کو جذباتی نعروں سے فریب دے کر جیتنے والوں اور خاص طور سےاس نام نہاد نعرے سے متاثر ہونے والوں سے آپ پوچھیں تو معلوم ہوجائے گا کہ ان کی اس غلطی کا ازالہ انہیں بے پناہ کرب سے گزرنے کے بعد دینا ہوتا ہے۔ 
پاکستان میں عمران خان بلکہ پاکستانی عوام کے خلاف سازش کرنے والوں کی تعداد محض چند ہزار ہوگی، انہیں اب معلوم ہو رہا ہے کہ وہ عمران خان سے نہیں پاکستان کے ان عوام سے لڑ رہے ہیں ، جنہوں نے عمران خان اور تحریک انصاف پارٹی کو ووٹ دیا ہے، ان سارے کرداروں میں سب سے زیادہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی عیسیٰ فائز، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور کسی حد تک پاکستانی فوج کے کمامڈر انچیف جنرل عاصم منیر بھی شامل ہیں، لیکن انہیں اب یہ پتہ چل رہا ہے کہ وہ ایک ایسی جنگ میں شریک ہیں جس کی تقدیر میں ہا رہی ہار ہے، لیکن اس ہار سے پاکستانیوں نے ایسا ہنگامہ مچایا کہ مریم نواز کے پسینے چھوٹ گئے، یہاں تک کہ پاکستان کے جرنلسٹ بھی چیخ اٹھے کہ یہ کیا ہوہا ہے، ہنگامہ اتنا شدید تھا اور ظاہر ہے غیر ملکی میڈیا بھی اس شور میں شامل تھا اس لئے دو گھنٹوں کے اندر ہی یہ پابندی ختم کر دی گئی اور دو ہی گھنٹے کے بعد بہنیں، وکیل اور صحافی تک عمران سے ملنے پہنچ گئے، یہ پاکستانی عوام کے دبائو کا نتیجہ تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK