Inquilab Logo

اگنی پتھ اسکیم: ایئر فورس میں اگنی ویر بھرتی،بارہویں/ڈپلوما کامیاب نوجوانوں کیلئے موقع

Updated: March 22, 2023, 11:27 AM IST | Salim Alwar | Mumbai

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اس بھرتی کے تحت انڈین ایئر فورس میں ۳۵۰۰؍ اگنی ویروں (نوجوانوں) کا انتخاب کیا جائےگا۔کم از کم ۵۰؍فیصد مارکس کے ساتھ بارہویں یا ۳؍ سالہ ڈپلوما کامیاب درخواست دےسکتے ہیں

photo;INN
تصویر :آئی این این

حکومت ہند نے ۱۴؍جون ۲۰۲۳ء کو ’اگنی پتھ‘ اسکیم کا اعلان کیا جس کے تحت تینوں آرمڈ سروسیز۔ انڈین  ایئر فورس، انڈین نیوی اور انڈین آرمی میں مختصر مدت یعنی چار سال کے لئے اگنی ویروں کے انتخاب کا سلسلہ شروع کیا۔ اس اسکیم کو ستمبر ۲۰۲۳ءسے لاگو کیا گیا۔ اس اسکیم کے تحت نوجوانوں کو صرف ۴؍ سال کے لئے آرمڈ سروسیز میں شامل کیا جائے گا جس میں سے چار ماہ ٹریننگ کے لئے مختص ہوں گے اور بقیہ ۴۲؍ماہ وہ منتخب شدہ سروسیز میں خدمت انجام دیں گے اور آگے چل کر اس میں سے ۲۵؍فیصد نوجوانوں کو ’پرماننٹ کیڈر‘  میں شامل کیا جاسکتا ہے۔۴؍ سال میں سبکدوش ہونے والے نوجوانوں کو یکمشت گیارہ لاکھ ۷۱؍ہزار روپئے بطور’ فل اینڈ فائنل سیٹلمنٹ‘ ادا کئے جائیں گے۔ سبکدوشی کے بعد پینشن یا کوئی اور سہولت نہیں دی جائےگی۔ اس اسکیم کے تحت سالانہ ۴۵؍تا ۵۰؍ہزارایسے نوجوانوں کا انتخاب ہوگا جس کی عمر میں ۱۷ء۵تا ۲۳؍سال ہوگی۔
  اگنی ویراسکیم کے تحت منتخب ۵؍ہزار نوجوانوں کو پہلے  بیچ کی ابتدائی ۳۱؍ہفتہ کی ٹریننگ ناسک کے آرٹیلری سینٹر پر جبکہ مزید ۲۱؍ہفتوں کی ایڈوانس ٹریننگ دوسرے اداروں میں ہوگی۔ 
 اگنی ویروں کو ۴؍حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ (۱) ڈرائیورس(۲)گنرس(۳)ریڈیو آپریٹرس اور (۴) ٹیکنیکل اسسٹنٹ
 منتخب امیدواروں کو ماہانہ پہلے دوسرے، تیسرے اور چوتھے سال باالترتیب ۳۰؍ ہزار، ۳۳؍ہزار، ۳۶۵۰۰ اور ۴۰؍ہزار روپے دئیے جائیں گے جس میں سے سالانہ ۹؍ ہزار، ۹؍ ہزار ۹۰۰؍ ، ۱۰؍ہزار ۹۵۰؍ اور ۱۲؍ ہزار روپئے کورپس فنڈ میں جمع ہوں گے اس میں اتنی ہی رقم مرکزی حکومت  جمع کرے گی اور اس طرح سبکدوشی کے وقت ان اگنی ویروں کو ۱۱؍لاکھ ۷۱؍ہزار روپے کی رقم ملے گی۔
  اس وقت’انڈین ایئرفورس‘ نے اگنی ویر اسکیم کے تحت ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے ’اگنی ویر وایو، اِن ٹیک02/2023 ‘ کے تحت آن لائن درخواستیں کی ہیں۔بھرتی کا طریقۂ کار نسبتاً آسان ہے لہٰذا ہمارے نوجوانوں کو اس اسکیم سے استفادہ حاصل کرنا چاہئے۔ بھرتی کی مکمل تفصیلات و طریقۂ کار درج ذیل ہے:
 موقع کیا ہے؟
 اگنی پتھ اسکیم کے تحت انڈین ایئر فورس میں ۳۵۰۰؍نوجوانوں کی بطور اگنی ویر بھرتی کا موقع
 جاری نوٹیفکیشن(یہ بھرتی صرف اس نوٹیفکیشن کے تحت ہوگی):اگنی ویرو آیو ان ٹیک فروری ۲۰۲۳ء
عمر کی حد
 درخواست کے متمنی امیدواروں کی تاریخ پیدائش ۲۶؍ دسمبر ۲۰۰۲ءتا ۲۶؍ جون ۲۰۰۶ء  کے درمیان ہونی چاہئے۔
اس موقع کیلئے کون اہل ہے؟
 غیر شادی شدہ مرد و خواتین اس بھرتی کے لئے آن لائن درخواست دےسکتے ہیں۔
ضروری تعلیمی لیاقت
-سائنس کے مضامین کے امیدوار:
امیدوار میتھمیٹکس، سائنس اور انگریزی مضامین کے ساتھ کم از کم ۵۰؍فیصد مارکس کے ساتھ بارہویں کامیاب ہوں اور انگریزی میں بھی کم از کم ۵۰؍فیصد مارکس حاصل کئے ہوں۔
-ڈپلوما کامیاب امیدوار:کم از کم ۵۰؍ فیصد مارکس کیساتھ ۳؍ سالہ ڈپلوما(میکانیکل؍ الیکٹریکل ؍ الیکٹرونکس؍ کمپیوٹر سائنس؍آئی ٹی؍ انسٹرومینٹیشن ٹیکنالوجی) کامیاب امیدوار درخواست دےسکتے ہیں۔ اگر ڈپلوما میں انگریزی مضمون نہ رہا ہوتو دسویں؍ بارہویں کے امتحان میں انگریزی میں ۵۰؍فیصد مارکس حاصل کئے ہوں۔
-دیگر اسٹریم کے امیدوار: کم از کم ۵۰؍فیصد مارکس کے ساتھ بارہویں کامیاب امیدوار درخواست دےسکتے ہیں۔ انگریزی مضمون میں کم ازکم ۵۰؍مارکس ہونا لازمی ہے۔
میڈیکل /فزیکل اسٹینڈرڈ
-مرد امیدواروں کے لئے اونچائی ۱۵۲ء۵؍سینٹی میٹر۔ وزن اونچائی کے مطابق ہو۔ 
-امیدوار صحت مند ہوں اور دانت صاف ستھرے ہوں۔ کوئی ٹیٹو نہ ہو۔
- بینائی اچھی ہو، کلر بلائنڈ نہ ہوں۔ لاسک سرجری قابل قبول نہیں ہوگی۔
مکمل تفصیلات کے لئے ویب سائٹ پر جائیں:
 https://agnipathvayu.cdac.in
ملازمت کی میعاد
 اگنی ویر وایو کو انڈین ایئر فورس میں ۴؍سال کے لئے شامل کیا جائےگا۔
ملازمت کی نوعیت
 ایئرفورس کی ضرورت کے مطابق جس بھی شعبہ کی ٹریننگ دی گئی ہو۔ امیدواروں کو حسب ضرورت شعبہ کی ٹریننگ دی جائےگی۔
چھٹیاں
چھٹیاں:سالانہ ۳۰؍دن کی چھٹیاں اور میڈیکل ایڈوائس پر ضروری چھٹیاں۔
میڈیکل سہولتیں
-ملازمت کی میعاد کے دوران سروس اسپتال میں مکمل علاج یا بالکل مفت
-ماہانہ تنخواہ: پہلا سال:۳۰؍ہزار
-دوسرا سال:۳۳؍ہزار
-تیسرا سال:۳۶؍ہزار ۵؍سو
-چوتھا سال۔۴۰؍ہزار
 اس میں ماہانہ پہلے سال ۹؍ہزار ، دوسرےسال ۹؍ ہزار ۹۰۰؍روپے ، تیسرے سال ۱۰؍ہزار ۹۵۰؍ اور چوتھے سال ۱۲؍ہزار روپے بطورکورپس فنڈ جمع ہوں۔جس میں سرکار اتنی ہی رقم جمع کرکے  سبکدوشی  کے وقت ہر امیدوار کو یکمشت ۱۰؍لاکھ ۴؍ہزار روپے  بطور’سیوا نِدھی پیکیج‘ دیا جائےگا۔
- انشورنس:۴۸؍لاکھ روپے کا انشورنس ہوگا۔ یہ انشورنس سروس کی میعاد کے لئے ہی ہوگا۔
بھرتی کا طریقۂ کار
- اہل امیدواروں کو پہلے مرحلہ کے لئے ۴۸؍تا ۷۲؍گھنٹہ قبل ان کے ای میل پر ایڈمٹ کارڈ بھیجاجائےگا۔ امیدوار اسے ڈاؤن لوڈ کریں اوراس کا کلرپرنٹ آؤٹ لیں۔
-الاٹ کئے گئے مرکز پر آن لائن ٹیسٹ میں شریک ہونا ہوگا۔
-سوالات ہندی اور انگریزی دو زبانو ںمیں ہو ں گے۔امیدوار بلو؍ بلیک پین ساتھ لائیں۔
-امیدوار  اوریجنل آدھار کارڈ ضرور ساتھ رکھیں۔
ٹیسٹ کی نوعیت
-سائنس مضامین والوں کے لئے:۶۰؍منٹ کی میعاد کا ٹیسٹ ۔اس میں انگریزی ، فزکس اور میتھس کے بارہویں کے لیول کے سوالات ہوںگے۔ سوالات آبجیکٹیو ٹائپ ہوںگے۔
-سائنس مضامین کے علاوہ دیگر امیدواروں کے لئے:۴۵؍منٹ کی میعاد کے اس ٹیسٹ میں انگریزی اور ریزننگ اینڈ جنرل اویر نیس کے بارہویں لیول کے سوالات ہوںگے۔سوالات آبجیکٹیو ٹائپ ہوںگے۔
فزیکل /میڈیکل ٹیسٹ
آن لائن ٹیسٹ میں کوالیفائی ہوئے امیدواروںکا میڈیکل؍ فزیکل ٹیسٹ ہوگا۔
درخواست کیسے دیں؟
-صرف آن لائن  درخواست دینی ہے۔
-امیدوار سب سے پہلے درج ذیل ویب سائٹ: https://agnipathvayu.cdac.in پر لاگ اِن کریں۔ اور ہدایت کے مطابق درخواست فارم پُر کریں۔
-دسویں کا پاسنگ سرٹیفکیٹ اور بارہویں کی مارک شیٹ اَپ لوڈ کریں۔
-ووکیشنل سے بارہویں کامیاب امیدوار اپنی بارہویں کی ووکیشنل مارکس شیٹ اَپ لوڈ کریں۔
-داہنے ہاتھ کے انگوٹھے کا نشان۱۰ تا ۵۰؍کے بی کی امیج ڈاؤن لوڈ کریں۔
- ماں یا باپ؍سرپرست کے دستخط کی امیج(اگر امیدوار کی عمر ۱۸سال سے کم ہو)
- ۲۵۰؍ روپے بطور امتحانی فیس نیٹ بینکنگ کے ذریعے ادا کریں۔
- درخواست فارم پر آدھار کارڈ ترتیب سے ڈالیں۔
-آن لائن درخواست کی آخری تاریخ:۳۱؍مارچ ۲۰۲۳ء۔
اگنی ویر بھرتی کے نوٹیفکیشن کی پی ڈی ایف کاپی وہاٹس ایپ 
 جو امیدوار  اگنی ویربھرتی کے لئے جاری کردہ  نوٹیفکیشن کی پی ڈی ایف کاپی حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ کالم نگار کو7738706130 پر’اگنی ویر‘ لکھ کر وہاٹس ایپ میسیج بھیجیں۔ان شاء اللہ آپ کو کچھ ہی گھنٹوں میں پی ڈی ایف کی کاپی ارسال کردی جائےگی۔

youth Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK