Inquilab Logo

عیدالاضحی کا خاص پکوان (مع مختصر ترکیب) جو مَیں بناتی ہوں

Updated: June 30, 2023, 8:49 AM IST | saima shaikh | Mumbai

گزشتہ ہفتے مذکورہ بالا عنوان دیتے ہوئے ہم نے ’’اوڑھنی‘‘ کی قارئین سے گزارش کی تھی کہ اِس موضوع پر اظہارِ خیال فرمائیں۔ باعث مسرت ہے کہ ہمیں کئی خواتین کی تحریریں موصول ہوئیں۔ ان میں سے چند حاضر خدمت ہیں

On the occasion of Eid-ul-Azha, every house decorates the table with new dishes
عیدالاضحی کے موقع پر ہر گھر میں نت نئے پکوانوں سے دسترخوان سجتا ہے

یخنی پلاؤ
ایک کلو گوشت، آلو ۲؍ عدد، ایک کلو باسمتی چاول، پیاز اور ٹماٹر ۳، ۳؍ عدد، ادرک لہسن کُٹا ہوا حسب ِ ضرورت، سفید و سیاہ زیرہ ایک چھوٹا چمچہ، ثابت دھنیا ایک بڑا چمچہ، ثابت لال مرچ ۱۰؍ عدد، گرم مسالہ اور ہری مرچ حسب ِ ذائقہ، خشک مسالہ (سونف، دھنیا اور زیرہ بھنا اور پسا ہوا) ایک بڑا چمچہ۔ ترکیب: کوکر میں گوشت، پیاز، ٹماٹر، آدھا گرم مسالا،آدھا ادرک لہسن کُٹا ہوا، ثابت دھنیا اور مرچ، سیاہ زیرہ، نمک اور ایک گلاس پانی ڈال کر پکائیں، ایک سیٹی آنے پر آنچ دھیمی کرکے گوشت گلنے تک پکائیں۔ ایک بڑی پتیلی میں تیل گرم کریں۔ پھر زیرہ اور گرم مسالہ ڈال کر بھونیں۔ اب سبز مرچ اور آلو ڈال کر دھیمی آنچ پر پکائیں۔ آلو آدھے گل جائیں تو ادرک لہسن شامل کر دیں۔ اس کے بعد صرف گوشت کو اور مسالوں کویخنی سے نکال کر ڈالیں پھر تیز آنچ پر بھو نیں۔ کوکر میں جو یخنی ہے اس میں اور ایک گلاس پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔گوشت جب اچھی طرح بھن جائے تو چاول شامل کریں۔ اسکے بعد کوکر کا پانی ڈال کر تیز آنچ پر پکائیں، پھر نمک ڈالیں۔ پلاؤ کو دم دینے سے قبل ایک چمچہ خشک مسالہ، ایک چمچہ اصلی گھی اور زرد رنگ چھڑک کر دم دیں۔ دس سے پندرہ منٹ بعدپلاؤ تیار ہے، رائتے کیساتھ نوش فرمائیں۔n
رضوانہ رشید انصاری (امبرناتھ، تھانے)
مٹن دو پیازہ
اسے بنانے کے لئے درکار اجزاء: گوشت ایک کلو، پیاز آدھا کلو، تیل اوسط سائز کی آدھی پیالی، ادرک اور لہسن کا پیسٹ ایک پیالی، دہی ایک پیالی، ٹماٹر ۲۵۰؍ گرام، ہری مرچ ۶؍ عدد، سرخ مرچ پاؤڈر ایک چمچہ، گرم مسالہ پاؤڈر ایک چمچہ، نمک حسب ذائقہ، دارچینی، لونگ، بڑی الائچی، تیز پات، جاوتری، سیاہ مرچ اور زیرہ حسب ضرورت۔
ترکیب: گوشت کو ڈھوکر ادرک لہسن پیسٹ، دہی اور نمک لگا کر آدھے گھنٹے تک میرینیٹ کریں۔ پیاز لچھوں میں کاٹ لیں۔ کوکر میں تیل ڈال کر کھڑے مسالے کو کڑکڑالیں۔ پیاز کے لچھوں کو ڈال دیں۔ جب پیاز گلابی ہو جائے تو میرینیٹ کیا ہوا گوشت ڈال کر دس منٹ تک بھونیں۔ باریک کٹا ہوا ٹماٹر اور سارے مسالے ڈال کر دھیمی آنچ پر پکائیں۔ پانی قطعاً نہ ڈالیں صرف پیاز، ٹماٹر اور دہی میں ہی پکنے دیں۔چار سیٹی کے بعد کوکر کو چولہے سے اتار لیں۔ ۱۰؍ منٹ بعد کوکر کھول کر ۵؍ منٹ تک اور بھون لیں۔ جب گوشت تیل چھوڑنے لگے تو باریک کٹی ہوئی دھنیا پتے، ہری مرچ لمبائی میں چیر کر اور ایک ٹماٹر ۸؍ ٹکڑوں میں کاٹ کر سجا کر پیش کریں۔ لیجئے مزیدار مٹن دو پیازہ تیار ہے۔ گرما گرم پراٹھے کے ساتھ نوش فرمائیں۔n
ناز یاسمین سمن (پٹنه، بہار)
قیمے کی روٹی
چھلنی میں ایک ململ کا کپڑا رکھ کر مشین کا قیمہ لیں اور اسے دھوئیں۔ کپڑا رکھنے سے قیمہ چھلنی میں نہیں چپکے گا اور اچھی طرح دھل جائیگا۔ کچھ دیر قیمے کو کپڑے میں لپیٹ کر کسی اونچی جگہ پر لٹکا دیں تاکہ سارا پانی نکل جائے۔ اب ایک برتن میں تیل ڈالیں، پھر قیمہ شامل کریں۔ قیمے کا پانی خشک ہونے تک اچھی طرح بھونیں۔ قیمے کی رنگت تبدیل ہوتے ہی اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ اور نمک ڈال کر بھونیں۔ پھر دھنیا، زیرہ، `گرم مسالہ اور کٹی ہوئی سوکھی لال مرچ شامل کرکے کچھ دیر پکائیں۔ اب اس میں ہرا دھنیا اور باریک کٹی ہری مرچ شامل کریں اور دو منٹ بعد گیس کی آنچ بند کر دیں۔ قیمے کو دوسرے برتن میں نکال لیں اور مکمل طور پر ٹھنڈا ہونے دیں۔ جب تک آٹا گوندھ کر تیار کر لیں جس جسامت کی قیمے کی روٹی آپ چاہتی ہیں اس حساب سے آٹے کے پیڑے تیار کریں۔ اب ان پیڑوں میں تیار کردہ قیمہ بھریں اور گول لوئی بنا لیں۔ ہاتھوں کی مدد سے لوئی کو چپٹا کرنے کی کوشش کریں۔ توا گیس پر رکھیں۔ تھوڑا تھوڑا تیل ڈال کر سنہرا رنگ آنے تک دونوں طرف سے پکائیں۔ گرما گرم قیمے کی روٹی تیار ہیں، املی کی میٹھی چٹنی کے ساتھ لطف اٹھائیں۔n
مومن رضوانہ محمد شاہد (ممبرا، تھانے)

ہرا بھرا گوشت
عیدالاضحیٰ کے مہینے کا آغاز ہوتے ہی جہاں بکرے کی منڈیاں سجنے لگتی ہیں اور سب کی روز کی عبادتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے، وہیں دماغ میں بار بار یہی گھومتا ہے کہ ایسا کیا نیا بنایا جائے جو سب كو پسند آئے۔ ایسا ہی ہے الگ سا ہرا بھرا گوشت جو میری بہن نے ہم لوگوں کو کھلایا تھا۔ ترکیب: کوکر میں تیل میں پیاز لال کرکے ایک کلو گوشت شامل کر دیں۔ پھر اس میں دہی، ۲، ۲؍ چھوٹی الائچی اور لونگ، نمک اور ادرک لہسن کا پیسٹ شامل کرکے بھون لیں۔ پھر اس میں تھوڑا پانی ڈال کر ڈھکن لگا کر گلا لیں، پھر اس میں چٹنی (بلینڈر میں ہرا دھنیا، ہری مرچ، نمک اور لیموں کا رس شامل کرکے پیس لیں) ملا دیں اور صرف ۵؍ منٹ مزید پکائیں۔ گرم نان کے ساتھ پیش کریں۔n
فرح حیدر (اندرا نگر، لکھنؤ)
گولر کباب
۲۵۰؍ گرام بکرے کے گوشت میں آدھا کپ چنا دال اور ایک میڈیم پیاز کاٹ کرکے دو بڑی الائچی، دو چھوٹی الائچی، ایک چھوٹا ٹکڑا ادرک،دس دانہ کالی مرچ، ایک ثابت لال مرچ اور دس دانہ لہسن کی کلی چھیل کر ڈال دیں۔ حسب ذائقہ نمک ڈال کر گلا لیں۔ پھر اسے سوکھا ہی پیس لیں۔ اب تھوڑا سا پیاز براؤن کر لیں۔ ناریل کے مہین ٹکڑے کرلیں۔ پودینہ کے پتے باریک کتر لیں۔ تھوڑی چینی کے ساتھ سب کو مکس کر لیں۔ اب پسے ہوئے گوشت کو گول سائز بنا کر اندر میں آمیزے کو بھر دیں اور اسے گول گول لڈو کی طرح بنا لیں۔ پھر آٹے میں لپیٹ کر سنہرا ہونے تک ڈیپ فرائی کر لیں۔ لیجئے تیار ہے گولر کباب۔ پودینے کی چٹنی کے ساتھ نوش فرمائیں۔n
نشاط پروین (مونگیر، بہار)
میوے کا حلوہ 
عید ہو یا کوئی اور تہوار ان تمام مواقع پر مزیدار کھانے کی ایک خاص اہمیت ہے۔ عیدین کے موقع پر خاص کر سوئیاں، کھیر اور شیر خرما جیسے پکوان تیار کئے جاتے ہیں مگر آج کے وقت میں ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کے دستر خوان پر کچھ الگ پکوان ہو ان دب سوچوں میں گھر کر میں پچھلے دو سال سے میوے کا حلوہ بنا رہی ہوں جس کا ذائقہ سوچ سے بھی زیادہ اچھا نکلا۔ اس کو کچھ اس طرح بنایا: آپ کے گھر میں جتنے بھی میوہ ہیں آپ اس کو گھی میں بھون لیں۔ آدھے سے زیادہ میوے کو پیس لیں پھر تھوڑا سا دودھ لیکر پیسے ہوئے میوے میں مکس کریں۔ تھوڑی سی شکر ڈال دیں۔ جب یہ دودھ میں اچھے سے مکس ہو جائے تو اس میں آدھا ڈبہ ملک میڈ ڈالیں اور خشک ہونے تک پکائیں۔ ایک پلیٹ میں نکال لیں پھر بچے ہوئے میوے کو اس کے اوپر ڈال دیں جس سے یہ دیکھنے میں بھی خوبصورت لگے گا اور کھانے میں تو لا جواب ہوتا ہے۔n
عفت احسان (چکیا، یوپی)
مٹن فرائی
بکرے کا گوشت (بغیر ہڈی) آدھا کلو، ادرک لہسن کا پیسٹ دو چمچے، تندوری مسالہ ایک چمچہ، لیموں کا رس ایک چمچہ، دہی دو چمچے، پسی ہوئی لال مرچ اور نمک حسب ِ ذائقہ، بریڈ کرمز اور انڈے (پھینٹے ہوئے) حسب ِ ضرورت۔ گوشت کو دھو کر پانی نتھار لیں۔ اس کے بعد اس میں سارے مسالے اچھی طرح ملا کر میرینیٹ ہونے کیلئے کم از کم دو گھنٹوں کیلئے رکھ دیں۔ کوکر میں میرینیٹ کیا ہوا گوشت ڈال کر گلنے کیلئے رکھ دیں۔ جب گل جائے تو تیز آنچ پر پانی خشک کر لیں اور ایک چمچہ گرم مسالہ پاؤڈر شامل کر لیں۔ اب ان بوٹیوں کو پہلے پھینٹے ہوئے انڈوں اور پھر بریڈ کرمز میں ڈِپ کرکے اچھی طرح ڈیپ فرائی کر لیں۔ گرما گرم بوٹیوں کو کیچپ یا چٹنی کے ساتھ نوش فرمائیں۔n
رضوی نگار (اندھیری، ممبئی)
بھنا گوشت
آدھا کلو گوشت (بغیر ہڈی) اچھی طرح دھو کر پانی نتھار لیں۔ اب گوشت میں ادرک، لہسن، ہری مرچ کا پیسٹ، آدھا چمچہ ہلدی، لال مرچ پاؤڈر، گرم مسالہ پاؤڈر، آدھا کپ دہی، ایک لیموں کا رس، حسب ِ ضرورت نمک ڈال کر اچھی طرح ملالیں۔ کوکر میں تیل گرم کرکے گوشت ڈال دیں۔ آدھا کپ پانی ڈال کر گوشت گلنے تک پکائیں۔ پھر ڈھکن ہٹا کر دھیمی آنچ پر پانی خشک ہونے تک گوشت اچھی طرح بھون لیں۔ اس کے بعد اس پر ایک کٹوری میں سلگتا کوئلہ ڈال کر اوپر سے گھی ڈال کر رکھ دیں۔ کچھ دیر ڈھکن بند رہنے دیں۔ لیجئے مسالے دار گوشت تیار ہے۔ باریک سبز دھنیا کاٹ کر اوپر سے چھڑک دیں۔ لچھے دار پیاز، پودینے اور لیموں کے ساتھ پیش کریں۔n
یاسمین انصاری محمد ایوب (بھیونڈی، تھانے)

کرسپی مٹن چانپ
 عیدالاضحیٰ کے دن سبھی گھروں میں خاص پکوان بنائے جاتے ہیں۔ میرے بچوں کو گوشت زیادہ پسند نہیں مگر جب وہ مٹن چاپ کا نام سنتے ہیں تو ان کے منہ میں پانی آ جاتا ہے۔
کرسپی مٹن چانپ بنانے کا طریقہ:
 چانپ دھو کر ایک برتن میں رکھیں۔ اس میں کچا پپیتا، نمک، کباب کا مسالہ، پیسی لال مرچ اور پسی ہوئی ادرک ملا کر تین سے چار گھنٹے میرینیٹ کرنے کے لئے رکھ دیں۔
 کھانے کے تھوڑی دیر پہلے یا تو مائیکروویو میں پکنے کے لئے رکھ دیں یا پھر ایک فرائنگ پین میں چانپ بچھا دیں اور دھیمی آنچ پر پکنے کے لئے رکھ دیں۔ جب ایک طرف سے سرخ ہو جائے تب پلٹ کر دوسری طرف سے سرخ کر لیں۔ ذرا بھی تیل ڈالنے کی ضرورت نہیں۔ ذائقہ دار کرسپی مٹن چانپ تیار ہیں۔ ہری چٹنی، لیموں اور پیاز کے ساتھ پیش کریں۔n
ہما انصاری ( مولوی گنج، لکھنؤ)
بلوچی مٹن ران
آدھا کلو مٹن ران، ۲۵۰؍ گرام دہی، ۲؍ چمچے لیموں کا رس، ۱۰۰؍ گرام مکھن، ۲؍ چمچے پپیتے کا پیسٹ، ایک چمچہ لال مرچ پاؤڈر، ایک چھوٹا چمچہ کالی مرچ پاؤڈر، آدھا چھوٹا چمچہ سفید مرچ پاؤڈر، ڈیڑھ بڑے چمچے ادرک لہسن کا پیسٹ، ۲؍ چمچے سفید سرکہ، نمک حسب ِ ذائقہ۔
 ایک پیالے میں مکھن، پپیتے کا پیسٹ، لال مرچ پاؤڈر، سفید مرچ پاؤڈر، لیموں کا رس، ادرک لہسن کا پیسٹ، کالی مرچ، دہی، سفید سرکہ، اور نمک شامل کریں۔ اب ران کو پیالے میں رکھیں اور بیس منٹ تک میرینیٹ ہونے دیں (راتوں رات ہمیشہ تجویز کی جاتی ہے)۔
 کلنگ فلم سے ڈھانپیں اور آدھے گھنٹے کے لئے اسٹیمر میں رکھیں۔ اسٹیمر سے نکال کر اَوون میں ۲۰۰؍ ڈگری پر ۱۰؍ سے ۱۵؍ منٹ تک بیک کریں۔ گوشت پر تھوڑا سا مکھن برش کریں۔ مزیدار بلوچی مٹن ران تیار ہے۔ چٹنی اور سلاد کے ساتھ پیش کریں۔n
فوزیہ پرویز شیخ (کھانڈیا اسٹریٹ، ممبئی)
مٹن لذیذ
بکرے کا گوشت ۵۰۰؍ گرام، تیل تین بڑے چمچے، ادرک لہسن کا پیسٹ ۲؍ چھوٹے چمچے، ثابت گرم مسالہ حسب ِ ضرورت، پیاز ۴؍ عدد (تلی ہوئی)، دہی ۲۰۰؍ گرام، نمک حسب ِ ذائقہ، ہلدی، دھنیا اور لال مرچ (پاؤڈر) ۲؍ بڑے چمچے، پسا ہوا گرم مسالہ، کاجو (۲۰؍ عدد) اور سوکھا کھوپرا (آدھا کپ) پسے ہوئے، ہری مرچ حسب ِ ضرورت، ہرا دھنیا سجانے کے لئے۔ کوکر میں تیل گرم کریں، اس میں ثابت گرم مسالے شامل کرکے بھون لیں۔ اس کے بعد اس میں گوشت ڈال کر ۱۰؍ منٹ تک بھون لیں۔ اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر ۱۰؍ منٹ مزید بھون لیں۔ پھر دہی، ہلدی، دھنیا اور لال مرچ (پاؤڈر) شامل کریں، ساتھ ہی نمک ڈال کر سب اچھی طرح ملا دیں۔ اب ۳؍ سے ۴؍ سیٹیں آنے دیں۔ پھر ڈھکن کھول کر اس میں تلی ہوئی پیاز، کاجو اور کھوپرے کا پیسٹ، کٹی ہوئی ہری مرچ، گرم مسالہ پاؤڈر اور ہرا دھنیا شامل کرکے بھون لیں۔ پھر ۱۵؍ سے ۲۰؍ منٹ پکنے دیں۔ لیجئے مزے دار مٹن لذیذ تیار ہے۔n
قمرالنساء جمیل احمد (مالونی، ملاڈ)

تلا ہوا گوشت
عیدالاضحیٰ کے موقع پر ہر گھر میں کوئی نہ کوئی خاص پکوان تیار ہوتا ہے۔ مَیں تلا ہوا گوشت بناتی ہیں۔ اس کی ترکیب درج ذیل ہے:
 گوشت کی چھوٹی چھوٹی بوٹی بنا لیں۔ عام بول چال میں اسے چنا بوٹی کہتے ہیں۔ جتنی مقدار میں گوشت لے رہی ہیں اس حساب سے، ادرک، لہسن اور ہری مرچ کا پیسٹ، زیرہ پاؤڈر، دھنیا پاؤڈر، نمک اور چکن تکہ مسالہ لیں۔
 گوشت میں ان مسالے کو شامل کر لیں اور لیموں کا رس نچوڑ کر دو سے تین گھنٹے کے لئے رکھ دیں۔ کڑاہی میں تیل گرم کریں اور اس میں بوٹی تل لیں۔ روٹی سے یا براہِ راست ہی نوش فرمائیں۔ یہ چٹنی کے ساتھ بھی مزے کے لگتے ہیں۔n
قریشی عربینہ محمد اسلام (بھیونڈی، تھانے)
گوشت کا اچار
بغیر ہڈی کا گوشت چھوٹے ٹکڑ ے ایک کلو، لیموں ۲۰؍ عدد (بڑی سائز)، تیل آدھا کلو، نمک ایک بڑا چمچہ یا حسب ِ ذائقہ، ہلدی پاؤ چمچہ، دھنیا ایک بڑا چمچہ، زیرہ دو بڑے چمچے، کلونجی پاؤ چمچہ، رائی ایک بڑا چمچہ، میتھی دانہ آدھا بڑا چمچہ، ثابت لال مرچ پاؤ کلو۔
بنانے کا طریقہ:
 گوشت کے ٹکڑوں کو اچھی طرح دھو کر اس میں لیموں کا رس شامل کر دیں اور کم سے کم ایک دن اسی طرح فریج میں رکھیں۔ اس کے بعد تمام مسالے اور لال مرچ کو بھون کر دردرا پیس لیں۔ پھر تمام مسالے، ہلدی، نمک اور گوشت میں اچھی طرح ملا دیں۔ پھر تیل کو گرم کرکے ٹھنڈا کرکے اس میں شامل کر دیں۔ ایسے ہی دو دن رہنے دیں تاکہ تمام چیزیں یکجان ہو جائیں۔ لیجئے مزیدار گوشت کا اچار تیار ہے۔ کھانے کے وقت جتنی ضرورت ہو اتنا لے کر گرم کر کے کھائیں۔n
نسیم شیخ (کرلا، ممبئی)
چٹ پٹی كلیجی
بکرے کی کلیجی  میں حسب ِ ذائقہ ادرک لہسن کا پیسٹ اور نمک ڈالیں پھر کالی مرچ پاؤڈر ڈال کر تھوڑی دیر رکھ دیں۔ پھر ایک کوکر میں گھی گرم کریں اس میں كلیجی ڈال کر پکنے دیں۔ گرما گرم پھلکے کیساتھ کھائیں۔n
قریشی فردوس (باندرہ، ممبئی)
چانپ
ویسے تو عید الاضحی کے دِن بہت کام ہوتا ہے لیکن میں جو بناتی ہوں وہ ہے چانپ۔ اُس کی ترکیب یہ ہے کی گوشت کو جتنے کا بنانا ہو دھو کر کوکر میں اُبال لیں۔ خیال رہے کی ہڈی والا ہو۔ اس کے بعد فرائی مسالا، ادرک لہسن، لال مرچ، نمک اور زردے کا رنگ، مکئی کا آٹا اور تھوڑا سا لیموں کا رس ڈال کر آدھے گھنٹے کے لئے فریج میں رکھ دیں، اس کے بعد کڑھائی میں تیل ڈال کر فرائی کرلیں۔n
آیت چودھری (موتی گنج، یوپی)
شامی کباب
بقر عید کے گوشت کا استعمال کئی طریقے سے کیا جاتا ہے اور کئی طرح کے کباب بنائے جاتے ہیں جیسے سیخ کباب، سیخ سے اتار کر  ڈیپ فرائی کئے ہوئے کباب اور شامی کباب،  اسٹیو، پسندے،  بریانی، بلاؤ ، تکے وغیرہ وغیرہ۔ بہت پسند کئے جانے والے اور بہت عمدہ بنائے جانے والے ہوتے ہیں شامی کباب جو میں بہت ہی شوق سے بناتی ہوں اور سب کو شوق سے کھلاتی ہوں۔
ان کے بنانے کی ترکیب اس طرح ہے:
 قیمہ کو دھولیں۔ اس میں اندازے سے لال مرچ، کالی مرچ ، بڑی الائچی، ادرک، لہسن، تیز پات کو چنے کی دال کے ساتھ ابال لیں اور بعد میں ان کو باریک پیس لیں اور اس کے بعد اس میں حسب ذائقہ نمک، باریک کٹی ہوئی پیاز ہری مرچ اور ہرا دھنیا اچھی طرح سے مکس کر لیں اور گول گول کباب بنا کے شیلو فرائی کرلیں اور گرم گرم سرو کریں۔n
نجمہ طلعت  (جمال پور، علی گڑھ)
دہی قیمہ کباب
ایک کلو بکرے کا قیمہ (چربی۲۰؍ فیصد اور قیمہ۸۰؍ فیصد مکس باریک پسا ہوا)، ۳؍ پیاز در دری پسی ہوئی، ۲۵۰؍ گرام دہی، نمک ایک بڑا چمچہ، ایک بڑا چمچہ سفید زیرہ، ۲؍ بڑے چمچے کُٹی لال مرچ، ایک بڑا چمچہ کُٹا دھنیا، ایک بڑا چمچہ گرم مسالہ پاؤڈر، ایک بڑا چمچہ پسا ہوا لہسن، ایک بڑا چمچہ پسا ہوا ادرک، ایک چھوٹا چمچہ سونف پاؤڈر، ۲؍ بڑے چمچے پسی ہوئی ہری مرچ، آدھا چھوٹا چمچہ میٹھا سوڈا، ۵؍ بڑے چمچے گیہوں کا آٹا۔ سبھی کو ملا کر آدھے گھنٹے کیلئے رکھ دیں۔ اس کے بعد آمیزے کے اپنی پسند کے مطابق کباب بناتے جائیں۔ اب ایک فرائنگ پین لیں، اس میں تیل گرم کریں اور ایک ایک کرکے کباب تلتے جائیں۔ گرما گرم چٹنی یا کچپ کے ساتھ لطف اٹھائیں۔n
شاہدہ وارثیہ (وسئی، پال گھر)

bakri eid Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK