Inquilab Logo Happiest Places to Work

اپنوں کو قریب کریں، یہ ہیں چند کارآمد طریقے

Updated: March 05, 2020, 2:52 PM IST | Dipti Angrish

اب تک جو ہوا اسے بھول جائیں۔ خاندان میں آئی دوریوں کا رونا نہ روئیں بلکہ انہیں جوڑے رکھنے کے کارگر طریقے تلاش کریں۔ ’ہیپی فیملی‘ کے لئے چھوٹے چھوٹے ہدف بنائیں پھر دیکھئے کیسے خاندان میں ہمیشہ کے لئے محبت کی چاشنی گھل جائے گی

Happy Family - Picture : INN
ہیپی فیملی ۔ تصویر : آئی این این

بہت یاد آتا ہے گزرا زمانہ، جب ماں، چاچی، بوا، خالہ، دادی، نانی سب ساتھ ہوتے تھے۔ اب کام کی مجبوریوں نے سب چھین لیا ہے۔ گھروالوں کی باتیں صرف یادیں بن کر رہ گئی ہیں یا کبھی کبھار ٹی وی پر نظر آتا ہے بھراپرا خاندان۔ آج کے کنبے میں ۵؍ سے ۶؍ لوگ ہی ہوتے ہیں۔ اور تو اور رشتہ داروں سے ملنا بھی تہواروں تک ہی محدود ہوگیا ہے۔ اب سب کا پیار، ڈانٹ، شاباشی، صلح.... آنگن میں نہیں وہاٹس ایپ پر ہوتی ہے یا یوں کہیں کہ خاندان ڈیجیٹل ہوگیا ہے۔ جہاں تکنیک نے بہت کچھ دیا ہے وہیں بہت کچھ چھین بھی لیا ہے۔ پہلے محبت حقیقی زندگی میں ملتی تھی، کبھی شاباشی سے پیٹھ تھپتھپائی جاتی تھی تو کبھی دلار سے گالوں کو کھینچا جاتا تھا۔ وقت کے ساتھ سب کچھ تکنیکی ہوگیا ہے یعنی محبت، ڈانٹ، شاباشی، اچھے برے کی سمجھ، دنیا داری، جذبہ، اُمنگ، جوش.... سب وہاٹس ایپ جیسے تمام ایپس میں سماں گیا ہے۔ یہ تکنیک بچھڑوں کو جوڑ رہی ہے، معلومات میں اضافہ کر رہی ہے لیکن حقیقی زندگی کے جذبات سے دور بھی کر رہی ہے۔ نتیجتاً ساتھ رہتے ہوئے بھی خاندان کا ہر فرد ایک دوسرے سے انجان ہے۔ تو آیئے ان دوریوں کو کم کرنے کے چند کارگر طریقوں کے بارے میں جانیں:
روز کی ’منچنگ‘
 ہفتے میں ایک بار رات کا کھانا ساتھ کھانے کے علاوہ آپ ایک ’منچنگ ٹائم‘ طے کریں۔ اس سے صحت پر خوشگوار اثر پڑے گا ساتھ ہی آپسی رشتوں کو بھی تقویت ملے گی۔ یعنی چھوٹی چھوٹی بھوک میں ہوں خشک میوہ جات، دودھ اور پھل۔ مانا یہ چیزیں آپ کو پسند نہیں، لیکن جب ساتھ مل بیٹھ کر کھائیں گے تو رشتوں میں پیار و محبت بڑھے گی۔
سنڈے کے سنڈے
 اب تک جو ہوا اسے بھول جائیں۔ خاندان میں آئی دوریوں کو رونا نہ روئیں بلکہ انہیں جوڑے رکھنے کے کارگر طریقے تلاش کریں۔ اس کا بہترین طریقہ ہے ’ اتوار‘ کا دن سب کے ساتھ گزارنا۔ ایسے میں گھر والوں کو سنیچر کی رات ہی بتا دیں کہ اگلے روز سب کو جلدی اٹھنا ہے اور باہر کھیلنے جائیں گے۔ اس طریقے سے صحت اور رشتے دونوں بہتر ہوں گے۔
فوڈ ایکٹیویٹی
 آپ سب اپنی اپنی زندگی میں مصروف رہتے ہیں لیکن اتوار کو الگ طریقے سے گزار سکتے ہیں۔ اس کی ذمہ داری آپ کو لینی ہوگی۔ کوشش کریں کہ اس دن کھانا باہر کھانے کے بجائے سب مل کر پکائیں۔ یقیناً یہ طریقہ آپ سب کو ایک دوسرے کے قریب لے آئے گا۔
جدید آلات سے دوری
 آپ خاندان میں سخت قانون بنائیں کہ جب پورا گھر ایک ساتھ ہو تب گجیٹ یعنی جتنے بھی جدید آلات ہیں ان سے دوری بنا لی جائیں۔ ویسے بھی ساتھ ہونے کا موقع کم ہی ہاتھ آتا ہے۔ اس میں آئی پیڈ، موبائل اور گجیٹ ساتھ ہوں گے تو خاندان ایک نہیں الگ تھلگ ہی رہے گا، ساتھ ہی گھر والوں کو کہیں کہ رات کا کھانا سب ساتھ کریں گے جس میں خاندان ’گجیٹ فری‘ ہوگا۔ یقیناً تب ایک دوسرے کو قریب سے جان سکیں گے، ہنسی مذاق ہوسکیں گا اور غم بھی بانٹ سکیں گے۔
چھوٹے چھوٹے ہدف
 ہم اپنی زندگی میں چھوٹے چھوٹے ہدف بناتے ہیں تاکہ بڑے ہدف تک پہنچنا آسان ہو لیکن یہ ہدف صرف ملازمت اور پیسے تک ہی محدود ہوتے ہیں۔ ’ہیپی فیملی‘ کے لئے چھوٹے چھوٹے ہدف بنائیں پھر دیکھئے کیسے خاندان میں ہمیشہ کے لئے محبت کی چاشنی گھل جائے گی۔ یہ چھوٹے ہدف ہوسکتے ہیں جیسے ساتھ میں کھانا پکانا، ساتھ میں جوگنگ پر جانا، ساتھ میں لانگ ڈرائیو پر جانا وغیرہ۔
فیملی نوٹس بنائیں
 ہوسکتا ہے کہ پورا خاندان وہاٹس ایپ پر فیملی سے جڑا ہوا ہے لیکن یاد کیجئے جن کے ساتھ آپ رہتے ہیں ان سے حقیقی زندگی میں کتنا جڑے ہوئے ہیں۔ آپ چاہتے ہیں خاندان مل جل کر رہے تو اس کے لئے اپنی ہر کوشش کے نوٹس بنائیں اور موبائل میں الارم لگائیں۔ الارم یاد دلائے گا کہ کس وقت کیا کرنا ہے۔
تھکان دور کریں
 روزانہ اپنی تھکان دور کرنے کے لئے آپ بہت کچھ کرتے ہوں گے۔ کبھی کتاب پڑھتے ہوں گے تو کبھی چہل قدمی۔ پھر بھی تھکان دور نہیں ہوتی اور تو اور کروٹیں بدلتے بدلتے رات کٹ جاتی ہے اور صبح بھی تھکان طاری رہتی ہے۔ ایسے میں ’انرجی بوسٹر‘ ہے روزانہ کی ’فیملی گیدرنگ‘۔ اس کے لئے ایک وقت متعین کریں۔ لیونگ روم میں سب کے ساتھ کوئی بھی شو دیکھیں اور دن بھر کے معمولات بتائیں۔ ایسا کرنے سے آپ کو توانائی ملے گی اور اگلے دن کیلئے آپ خود کو چست محسوس کریں گے۔
سیر و تفریح
 گھر والوں کے ساتھ ۴؍ سے ۵؍ دنوں کیلئے سیر و تفریح کیلئے ضرور جائیں۔ سال بھر میں ایک بار ایسی ٹرپ ضرور پلان کریں کیونکہ جتنی دور جائیں گے اپنوں کے اتنے ہی قریب آجائیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK