Inquilab Logo

پائیدھونی کے محمد حسین اور کلوا کی عائشہ قاضی سول سروس امتحان میں سرخرو ہوئے

Updated: May 24, 2023, 10:41 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

یوپی ایس سی امتحان۲۰۲۲ء میں ممبئی اور تھانے ضلع سے کامیابی حاصل کرنےوالوں میں پی ڈی میلوروڈ ، دانابندر کے سید حسین اور کلوا کی عائشہ قاضی بھی شامل ہیں۔

Syed Muhammad Hussain
سیّد محمد حسین

یوپی ایس سی امتحان۲۰۲۲ء میں ممبئی اور تھانے ضلع سے کامیابی حاصل کرنےوالوں میں پی ڈی میلوروڈ ، دانابندر کے سید حسین اور کلوا کی عائشہ قاضی بھی شامل ہیں۔ ان دونوں اُمیدواروں نےاپنی محنت اور لگن سے یہ ثابت کردیا ہے کہ اگر انسان کچھ کرگزر نے کی ٹھان لے تو ناگفتہ بہ حالات بھی سازگار ہوجاتےہیں۔ بالخصوص سیدحسین نے جن حالات میں یہ کامیابی حاصل کی ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔   
چوتھے اٹیمپٹ میں سیّد حسین کی محنت رنگ لائی
 پی ڈی میلو روڈ پرواقع دانا بندر( واڑی بندر) کی چال میں رہنے والے سید حسین سیدرمضان نے یوپی ایس سی میں ۵۷۰؍ رینک حاصل کرکے اپنی کامیابی درج کروائی ہے۔   سیدحسین نے خوجہ اثناء عشری جماعت اسکول سے ساتویں تک تعلیم حاصل کرنےکےبعد سینٹ جوزف ہائی اسکول ، ڈونگری سے ایس ایس سی امتحان پاس کیا۔بعد ازیں چوپاٹی کے الیفنسٹن کالج سے بی کام کرکے یوپی ایس سی کی تیاری شروع کی۔ یوپی ایس سی میں ۴؍مرتبہ قسمت آزمائی  کےبعد یہ کامیابی ملی ہے۔  سیدحسین کےوالد سیدرمضان جو خود ناخواندہ ہیں لیکن انہوں نے  محنت مزدوری کرکےاپنے بچوںکوپڑھایاہے۔ وہ لوڈنگ اَن لوڈنگ کاکام کرتےہیں۔ سیدحسین کے ۲؍بھائی اور ایک بہن ہے۔ واڑی بندر کی ایک خستہ حال چال میں رہائش پزیر سید حسین کے گھرمیں اس کامیابی سے جشن کا ماحول ہے۔
 عائشہ قاضی  نے کلوا کا نام روشن کیا 
  اسی طرح کلوا کی عائشہ قاضی نے یوپی ایس سی میں (۵۸۶؍ رینک کے ساتھ)کامیابی حاصل کرکےایک بڑا کارنامہ انجام دیاہے۔ جے وی ایم نیو انگلش اسکول سے ایس ایس سی (۹۴؍ فیصد) ، ممبرا کے عبداللہ پٹیل جونیئر کالج سے ایچ ایس سی(آرٹس) میں ۸۹ء۵۹؍فیصد اور تھانے کے جوشی بیڈیکر کالج سے گریجویشن کرنے کے بعد ۲۰۱۹ء سےیو پی ایس سی امتحان کی تیاری شروع کی تھی جس میں انہیں کامیابی ملی ہے۔  عائشہ کے والد تاجر جبکہ والدہ ایک ٹیچر ہیں۔عائشہ کے مطابق والدین کی حوصلہ افزائی سے یہ سفر ممکن ہوسکاہے۔  عائشہ کی کامیابی پر عبداللہ پٹیل ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج( برائے طالبات) کی پرنسپل نسرین شیخ نے بھی خوشی کااظہار کیا اور عائشہ کو مبارکباد پیش کی۔ نسرین نے کہا کہ’’ عائشہ ایچ ایس سی کے امتحانات میں بھی کالج میں ٹاپ کیا تھا ۔ہماری کالج کی متعدد طالبات نے سی اے اور دیگر مقابلہ جاتی امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے لیکن عائشہ پہلی طالبہ ہے جس نے یو پی ایس سی امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے، ہمیں بے حد خوشی ہورہی ہے ۔ ‘‘

youth Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK