Inquilab Logo

موسمی پھل نعمت ہے،اپنی غذا کا لازمی حصہ بنائیں

Updated: February 20, 2023, 3:48 PM IST | Ansari Ayesha Aqsadar Ahmad | Mumbai

اللہ تعالیٰ نے انسانوں کیلئے غذاؤں کی صورت میں جو نعمتیں پیدا کی ہیں ان کی کوئی حد نہیں اور بلاشبہ ہر غذائی نعمت اپنی تاثیر افادیت، اپنے حجم، ذائقہ اور تاثیر کے لحاظ سے الگ الگ ہے لیکن ہماری اکثریت پھلوں کی غذائیت اور افادیت سے آگاہ نہیں۔ خواتین موسمی پھلوں کو اپنے دسترخوان سجائیں اور صحتمند زندگی پائیں

Consuming seasonal fruits can protect you from many diseases
موسمی پھل استعمال کرنے سے آپ کئی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں

یہ سحر کا حسن، یہ سیارگاں اور یہ فضا
یہ معطر باغ، یہ سبزہ، یہ کلیاں دلربا
پھل وہ شاخوں میں لگے ہیں دلفریب و خوشنما
جن کا ہر ریشہ ہے قند و شہد میں ڈوبا ہوا
کب تک آخر اپنے رب کی نعمتیں جھٹلائے گا؟
 اور اپنے رب کی کون کون سی نشانیوں، نعمتوں کو جھٹلاؤ گے؟ خالق ِ کائنات نے یہ سوال اپنی مخلوق سے کیا ہے۔ ماحول اور اس کے اجزاء لاثانی ہیں۔ مالک ِ کائنات نے انسان کو زندگی عطا کرنے سے پہلے اس کی زندگی کو خوبصورت اور کارآمد بنانے کے لئے حسین ماحول کے ساتھ قدرتی وسائل اور ضروریات زندگی کی تمام اشیاء فراہم کی۔ اسی کے ساتھ انسان کو عقل و شعور عطا کیا کہ وہ ان وسائل کا لطف اٹھائے اور فیض پائے یہ انسان کا حق ہے۔ انہیں لاجواب نعمتوں میں ایک لاثانی نعمت پھل ہے۔ پھل ایک ایسی عظیم الشان نعمت ہے جن کا قرآن مجید میں جا بجا ذکر ملتا ہے۔ اللہ تبارک تعالیٰ نے سورہ تین میں انجیر اور زیتون کی قسم کھائی ہے اور جہاں جہاں جنت کے آراستہ و پیراستہ ہونے اور کرم و عنایات کا ذکر ملتا ہے وہیں پھلوں کا تذکرہ خصوصی طور پر ملتا ہے۔
 پھلوں کی مختلف انواع و اقسام ہیں جو خوش رنگ، خوش ذائقہ ہونے کی وجہ سے انفرادی خصوصیت کے حامل ہیں۔ انگور سے تربوز تک کے ہر جسامت کے پھل مختلف دلکش رنگوں میں پائے جاتے ہیں پھلوں کا رنگ ان کی غذائی قدر اور ان کی خصوصی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ حالانکہ سال کے کسی نہ کسی وقت کوئی نہ کوئی قسم کا پھل زمین کے بہت سے جغرافیائی علاقے میں ملتا ہے لیکن افادیت کے حساب سے موسمی پھلوں کو افضلیت حاصل ہے۔ اللہ تعالیٰ کی قدرت کے بھی رنگ نرالے ہیں ہر موسم میں اس کے مزاج کے اعتبار سے پھل پیدا کرتا ہے تاکہ انسان انہیں کھائیں اور مستفید ہوں۔
 اللہ تعالیٰ نے انسانوں کے لئے غذاؤں کی صورت میں جو نعمتیں پیدا کی ہیں ان کی کوئی حد نہیں اور بلاشبہ ہر غذائی نعمت اپنی تاثیر افادیت، اپنے حجم، ذائقہ اور تاثیر کے لحاظ سے الگ الگ ہے لیکن ہماری اکثریت پھلوں کی غذائیت اور افادیت سے آگاہ نہیں اور ان کی مخفی طبی خاصیت سے واقف نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین طب کا کہنا ہے کہ جو لوگ پھلوں کو باقاعدہ مسلمہ طریقے سے استعمال کرتے ہیں ان کو معالج کی ضرورت نہیں رہتی اور وہ بیماریوں سے بے نیاز ہو جاتے ہیں۔
 ایف اے او (فوڈ اینڈ ایگریکلچرل آرگنائزیشن آف یونائیٹڈ نیشنز) کے مطابق، دُنیا میں پائے جانے والے اکثر امراض جو غذائی تغذیہ کی کمی کی وجہ سے ہوتے ہیں ان کے ذمہ دار ایسی غذائیں ہیں جن میں وٹامن، نمکیات کم ہوتے ہیں اور پھل کا استعمال کم ہوتا ہے مثلاً پیدائشی امراض، جسمانی، دماغ کمزوری اور کمزور مدافعتی نظام۔
 ضروری ہے کہ ہم موسمی پھلوں کا استعمال کریں۔ ہمارے پیارے نبیﷺ نے بھی موسمی پھل کھانے کی رغبت دلائی۔ یہ آپﷺ کی سنت ہے۔ آیئے جانتے ہیں کہ موسمی پھل کھانے سے کون کون سے فائدے حاصل ہوتے ہیں؟
ز موسمی پھلوں کی تغذیاتی قدر (نیوٹریشنل ویلیو) زیادہ ہوتی ہے کیونکہ یہ تازہ ہوتے ہیں اور ان کو کاشت کے قریب ہی استعمال کیا جاتا ہے۔ ان میں وٹامن، منرلز اور اینٹی آکسیڈنٹس کی بھرپور مقدار ہوتی ہے جن کی مقدار لمبے عرصے تک رکھنے سے کم ہو جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ان کو لمبے عرصے تک محفوظ رکھنے کیلئے موم، شعاعوں اور گیسوں اور کیمیائی محافظ کا استعمال کیا جاتا ہے جو مضر صحت ہیں۔ پھل ہاضمے پر مثبت اثر انداز ہوتے ہیں اور جسم میں پانی کا تناسب بڑھاتے ہیں اور اعضاء کی دھلائی کا کام انجام دیتے ہیں۔ سرطان سے محفوظ رکھتے ہیں۔
ز موسمی پھل صحیح وقت پر صحیح تغذیہ اور مناسب قوت مدافعت ہمارے جسم کو دیتے ہیں جیسے سردی میں اکثر فلو اور دوسری موسمیاتی بیماریاں ہو جاتی ہیں جس کے تدارک کیلئے ہمارے جسم کو وٹامن سی کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ بیماری کا مقابلہ کرسکے۔ یہی وجہ ہے کہ سردی کے موسم میں آپ کو کھٹے پھلوں کی بہتات ملتی ہے۔ اسی طرح سے موسم گرما میں ہمارے جسم سے پسینے کی شکل میں کثرت سے پانی اور معدنیات خارج ہوتا ہے۔ گرمی کے پھل جیسے تربوز، خربوز، ککڑی، کھیرا وغیرہ، میں پانی کا تناسب ۸۰؍ فیصد سے زیادہ ہوتا ہے۔ یہ فوری طور پر پانی کی کمی کو پورا کر دیتے ہیں اور جسم کو فائبر دیتے ہیں۔
ز موسمی پھل ہماری قدرتی قوت مدافعت کو مضبوط کرتے ہیں اور موسمی بیماریوں کا مقابلہ کرنے کی طاقت دیتے ہیں کیونکہ یہ معدنیات اور حیات کا خزانہ ہوتے ہیں۔ ان پھلوں کے استعمال سے ہم بہت سے وائرل اور بیکٹیریل انفیکشن سے اپنے آپ کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
 پھل اہل زمین کیلئے رب ِ کائناب کی خاص سوغات ہے۔ خواتین موسمی پھلوں کے ذریعے اپنی اور اپنے گھر والوں کی صحت کا خیال رکھ سکتی ہیں۔

Fritus Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK